بالی ووڈ

مرد اسٹارز کو بھاری معاوضے دینا بند کرو، زویا کی کرن جوہر کو تنبیہہ

کرن جوہر بھی مرد اسٹارز کے بھاری معاوضوں سے پریشان

Web Desk

مرد اسٹارز کو بھاری معاوضے دینا بند کرو، زویا کی کرن جوہر کو تنبیہہ

کرن جوہر بھی مرد اسٹارز کے بھاری معاوضوں سے پریشان

زویا اختر نے کرن جوہر کو ڈانٹ پلادی
زویا اختر نے کرن جوہر کو ڈانٹ پلادی

ہندی فلم انڈسٹری میں معروف مرد اداکاروں کے بلند معاوضے تشویش کا باعث بن چکے ہیں، خاص کر ایسے میں کہ جب اکشے کمار اور اجے دیوگن جیسے اے لسٹ اسٹارز کی بڑی ناموں والی فلموں نے بھی 3 اور 4 کروڑ روپے کی کم ترین اوپننگ ریکارڈ کی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہالی وڈ رپورٹر انڈیا کی جانب سے منعقدہ ایک ڈائریکٹرز گول میز کانفرنس میں کرن جوہر نے مرد ستاروں کو اپنے معاوضوں کا ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

جس پر زویا اختر نے بھی اس بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ 'انہیں پتا نہیں چلے گا لیکن کرن، آپ کو صرف ادائیگی بند کرنی ہوگی، آپ کو ادائیگی روکنا ہوگی۔ بس۔۔۔۔جس پر کرن نے جواب دیا کہ انہوں نے اب مرد اسٹارز کو بھاری فیسیں دینا بند کر دی ہیں۔

کرن جوہر نے اپنی حالیہ فلم کے لیے مرد اسٹارز کے مطالبات کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے مزید کہا 'آپ کی آخری دو فلمیں کون سی ہیں؟ ان کی کتنی اوپننگ ہوئی؟ کس حق سے مجھ سے یہ معاوضہ مانگ رہے ہو؟ '۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'میں نے ایک چھوٹی سی فلم بنائی جس کا نام Kill ہے میں نے اس میں پیسے لگائےکیونکہ یہ ایک اعلیٰ تصوراتی فلم تھی جس کے لیے ایک نیا چہرہ لیا گیا، میں نے اب یہ کرنا شروع کر دیا ہے کیوں کہ بڑے اسٹارز نے اس کی پیشکش مسترد کردی تھی'۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت میری یہ کیفیت تھی کہ 'جب فلم کا بجٹ 40 کروڑ روپے ہے تو میں آپ کو کیسے 40 کروڑ روپے ادا کرسکتا ہوں، کیا آپ گارنٹی دے رہے ہیں کہ فلم 120 کروڑ روپے کمائے گی؟ کوئی ضمانت نہیں ہے، ٹھیک ہے؟ تو آخر کار میں نے ایک نیا لڑکا لیا اور وہ ایک 'آؤٹ سائیڈر' تھا، مجھے یہ کہنا پڑے گا'۔

کرن نے مزید کہا کہ جب قابل عمل ہونے کی بات آتی ہے تو صرف 6 مرد اداکار ہوتے ہیں، اور ایک سال میں 200 سے زیادہ فلمیں بنتی ہیں، اس لیے پروڈیوسروں کو نئے، کم عمر اداکاروں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنا حصہ کم کرنا ہوگا۔

زویا نے بھی اس بات پر زور دیا کہ تکنیکی عملے کو اچھی ادائیگی کی جانی چاہیئے کیونکہ مرد اسٹار فی الحال بجٹ کا 70 فیصد لے جاتے ہیں۔

کرن نے کہا کہ کچھ نوجوان مرد ستارے 40 کروڑ روپے وصول کرنا چاہتے ہیں لیکن اپنی اداکاری کے انتخاب کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لیتے۔

خیال رہے کہ کرن جوہر کی فلم کِل جولائی میں سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی، جس کی ہدایت کاری نکھل ناگیش بھٹ نے کی تھی، اور  اسےکرن کے دھرما پروڈکشنز اور گنیت مونگا کی سکھیا انٹرٹینمنٹ نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا تھا۔

فلم میں لکشیا نے اپنی بالی ووڈ ڈیبیو کیا، دیگر کاسٹ میں راگھو جوئیل، تانیا مانیکتالا، اور آشیش ودیارتھی شامل تھے، یہ ایک انتہائی ایکشن فلم ہے جو چلتی ٹرین پر سیٹ کی گئی ہے۔

اس کا پریمیئر ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوا، اس فلم نے بھارتی باکس آفس پر 24.2 کروڑ روپے کمائے۔