فلم / ٹی وی

کہانیوں سے زیادہ سپر ہٹ ہونے والے او ایس ٹیز کونسے؟

یہ وہ گانے ہیں جنہیں بار بار سن کر بھی دل نہیں بھرتا

ایمن ملک

کہانیوں سے زیادہ سپر ہٹ ہونے والے او ایس ٹیز کونسے؟

یہ وہ گانے ہیں جنہیں بار بار سن کر بھی دل نہیں بھرتا

یہ وہ گانے ہیں جنہیں بار بار سن کر بھی دل نہیں بھرتا
یہ وہ گانے ہیں جنہیں بار بار سن کر بھی دل نہیں بھرتا

پاکستانی ڈرامے یوں تو ہماری تفریحی دنیا کی دل و جان ہیں  جو شدید کہانیوں اور جذبات سے بھرے ہوتے ہیں اور ہمیں متاثر کرتے ہیں۔ لیکن کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ایک فلم یا ڈرامے کا او ایس ٹی (اریجنل ساؤنڈ ٹریک) اپنی کہانی سے زیادہ مقبول ہو جاتا ہے۔

 ان گانوں کی دھنیں، بول، اور جذباتی گہرائی مداحوں کے دلوں میں ایسی جگہ بنا لیتی ہیں جو ہر کسی کی زبان اور ذہنوں پر اپنی چھاپ چھوڑ جاتا ہے۔

او ایس ٹی کیا ہوتا ہے؟

او ایس ٹی کا مطلب ہے "Original Soundtrack"، یعنی وہ موسیقی یا گانے جو کسی فلم،ڈرامے، یا شو کی کہانی کے ساتھ مل کر اس کے جذبات، موضوعات اور کرداروں کی عکاسی کرتے ہیں۔

او ایس ٹی کی اہمیت:

ڈرامے کی کہانی جس طرح ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے وہیں انکا گانا جذبات کو لوگوں تک پہچانے اور انہیں حقیقت سے قریب تر لانے کا کام سر انجام دیتا ہے۔

اسکی اہمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کچھ اور ایس ٹی اتنے مشہور ہو جاتے ہیں کہ وہ خود اپنے طور پر ایک ثقافتی علامت بن جاتے ہیں اور  جنہیں سن کر لوگوں کو اس کہانی یا فلم کی یاد دہانی ہوجاتی ہے۔

تو آئیے یہاں ہم تین ایسے او ایس ٹی کے بارے میں بات کرتے ہیں جنہوں نے اپنی کہانیوں سے زیادہ مقبولیت حاصل کی۔

چل دیے تم کہاں:

ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم’ ان دنوں اپنی محبت سے سرشار کہانی اور بے مثال اسٹار کاسٹ کی اداکاری کے سبب دنیا بھر میں مقبولیت کا حامل ہے وہیں ڈرامے کے او ایس ٹی نے بھی محبت کرنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر رکھا ہے۔

میوزک بینڈ ’اور’ کا گانا ’چل دیے تم کہاں’  اتنا دلکش اور جذبات سے بھرپور ہے کہ اس نے نہ صرف ڈرامے کی کہانی کو مکمل کیا بلکہ اپنے منفرد انداز کی وجہ سے خود ایک علیحدہ مقام بھی حاصل کر لیا۔

اس کی روحانی دھن اور دل کو چھو لینے والے بول جیسے کہ "سوال زندگی ہے تم جواب ہو گئے ہو، دیکھتے ہی دیکھتے تم خواب ہوگئے ہو، سوچتا تھا بھول جاؤں گا تمہیں پر بھول بھول کے تم میری یاد ہوگئے ہو" یہ االفاظ شرجینا اور مصطفیٰ کے ساتھ پیش آنے والے اتار چڑھاؤ کی عکاسی کرتے ہیں۔

اس ساؤنڈ ٹریک نے موسیقی سے لگاؤ رکھنے والوں کے دلوں میں ایک الگ دھن بجادی یہاں تک کہ اسکی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ  اس ساؤنڈ ٹریک کی دھنیں اور بول ہر  سننے والوں کے دلوں میں گونجنے  لگا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ ہر کوئی اب اس ٹریک کو بار بار سن کر بھی نہیں تھکتا۔

واضح رہے کہ ’اور’ بینڈ اپنی منفرد آواز کے لیے جانا جاتا ہے اور اس گانے کے دل کو چھو لینے والے بول بھی  احد خان اور اسامہ علی نے لکھے ہیں، جبکہ میوزک کی کمپوزیشن رافع انور نے کی ہے۔

یوٹیوب پر اونچی اڑان:

چل دیے تم کہاں کا یہ ساؤنڈ ٹریک اے ار وائی ڈیجیٹل کے آفیشل یوٹیوب چینل پر 31 اگست کو ریلیز کیا گیا جب سے اب تک اسے 3 ملین سے زائد ویوز اور لائکس حاصل ہوچکے ہیں۔

مجھے پیار ہوا تھا:

ہانیہ عامر ، وہاج علی اور زاویا نعمان کا ڈراما سیریل ’مجھے پیار ہوا تھا’ کی کہانی کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

محبت، عقیدت، عشق اور جنون سے بھرپور اس کہانی نے بھی اپنے وقت میں ناظرین کی خوب داد سمیٹی۔ جبکہ اب یہ ڈراما تو اختتام پزیر ہوچکا ہے تاہم اس کے او ایس ٹی کی گونج آج بھی مداحوں کے دل و دماغ میں رس گھولتی نظر آرہی ہے۔

ڈرامے کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک "مجھے پیار ہوا تھا" اپنی دلکش دھن اور جذباتی بول کی وجہ سے بے حد مشہور ہے، جیسا کہ "ہے تمنا ہمیں تمہیں دلہن بنائیں، تیرے ہاتھوں پہ مہندی اپنے نام کی سجائیں، تیری لے لیں بلائیں ، تیرے صدقے اتاریں، ہے تمنا تمہیں اپنا بنائیں"۔ یہ بول سعد اور ماہیر کے جذباتی اتار چڑھاؤ کی عکاسی کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس ڈرامے کی کہانی دراصل ماہیر، سعد، اور عریب کے درمیان کی رومانوی  داستان پیش کرتی ہے جس میں محبت، دھوکہ، اور انکی قربانیوں کا عنصر شامل تھا۔

جبکہ اس ڈرامے کا گانا میوزک انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے گلوکار کیفی خلیل نے خود تخلیق کیا ہے اور انہوں نے اپنے اصل ٹریک "کہانی سنو" کو اس اور ایس ٹی کے لیے ڈرامے کی کہانی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے ترتیب دیا ہے۔

جبکہ اس ساؤنڈ ٹریک کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس او ایس ٹی کو ایک سال قبل یوٹوب چینل پر جاری کیا گیا جس نے اب تک تقریباً 72 ملین ویوز حاصل کرکے اپنی مقبولیت کا ثبوت دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈراما ’کبھی میں کبھی تم’ کی رباب آخر ہیں کون؟

میرے ہمسفر :

ہانیہ عامر اور فرحان سعید کا رومانس سے بھر پور ڈراما سیریل ’میرے ہمسفر’ کو بھی عوامی سطح پر خوب پزیرائی حاصل ہوئی۔

جبکہ اس کا اریجنل ساؤنڈ ٹریک بھی اپنی دلکش دھن اور منفرد بول کی وجہ سے خاص مقام رکھتا ہے۔ یہ گانا کہانی کے مرکزی کرداروں کی محبت کی شدت اور ان کے ساتھ ہونے والی مشکلات کی عکاسی کرتا ہے

امانت علی اور ظہیر عباس کا شاہکار ’میرے ہمسفر  کے خوبصورت بول جیسے کہ "دل یہ میرا تیرے دل سے جا ملا ہے، رب سے جس کو مانگا، تو وہ صلہ ہے" اس ڈرامے کی مکمل کہانی  جو ہالا اور حمزہ کے گرد گھومتی ہے  مختصراً بیان کرنے کیلئے کافی ہیں۔

جبکہ اس ساونڈ ٹریک کو دو سال قبل یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا تھا جس نے اب تک تقریباً 49 ملین ویوز کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ جب پاکستانی ڈراموں کی بات ہوتی ہے تو انکے آریجنل ساؤنڈ ٹریک اتنی جذباتی طاقت رکھتے ہیں کہ وہ خود ڈراموں سے زیادہ نمایاں ہو جاتے ہیں۔ "چل دیئے تم کہاں"، "مجھے پیار ہوا تھا"، اور "میرے ہمسفر" جیسے دیگر کئی اور گانے اس کی بہترین مثالیں ہیں۔