معاوضے میں کٹوتی کا سن کرگھبرا جاتا ہوں، سیف علی خان
ہم اتنا زیادہ چارج نہیں کرتے، ہم کساد بازاری کا ثبوت ہیں، اداکار
بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے فلمساز کرن جوہر کے اسٹارز کے معاوضوں سے متعلق حالیہ ریمارکس کو تنخواہ میں کٹوتی کی تجویز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سن کر گھبرا جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ چند ہفتے قبل کرن جوہر نے بیان دیا تھا کہ کس طرح بالی وڈ کے بڑے مرد اداکار 40 کروڑ روپے تک معاوضہ طلب کرتے ہیں جبکہ ان کی فلمیں باکس آفس پر 3، 4 کروڑ ہی کما پاتی ہیں۔
بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے سیف علی خان نے فلم انڈسٹری کے مالی معاملات اور اسٹارز کے معاوضوں کی پیچیدگیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنا زیادہ معاوضہ نہیں لیتے۔
کرن جوہر کے تبصرے کے بارے میں سوال کرنے پر سیف علی خان نے طنزیہ کہا کہ وہ تنخواہ کے چیکس میں کٹوتی کرنا چاہتے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ اس پر میری اپنی یونین ہونی چاہیے، مجھے یقین ہے کہ وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں لیکن جب ہم تنخواہ کے چیک میں کٹوتی کے بارے میں سنتے ہیں تو میں تھوڑا گھبرا جاتا ہوں، معاوضے میں کوئی کٹوتی نہیں ہونی چاہیے'۔
اگرچہ سیف علی خان نے تسلیم کیا کہ کئی پروڈیوسرز نے اداکاروں کے مطالبات پورے کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی کہا کہ اداکار ہوش ربا معاوضے طلب کرتے ہیں اور اس کے بدلے ڈیلیور نہ کرنا انڈسٹری میں زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ 'ہماری انڈسٹری کی معاشیات (اس طرح کی ہے)، ایسا ہی ہوتا ہے آپ کسی اسٹار کے پاس جاتے ہیں، کبھی کبھی وہ کہتے ہیں ارے اگر آپ مجھے فلم میں لینا چاہتے ہیں تو یہ وہ قیمت ہے جو ادا کرنی پڑے گی اور اگر لوگ وہ ادا کردیتے ہیں تو بعض اوقات معاشی صورتحال گڑبڑا جاتی ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ بھارتی بزنس مین ہوتے ہیں لہٰذا فلم انڈسٹری بنیادی طور پر اپنے آپ میں ایک کاروباری قسم کا مالیاتی مرکز ہے اور لوگ اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں لیکن کرن جوہر سب سے بہتر جانتے ہیں،میں صرف مذاق کر رہا ہوں'۔
سیف کا کہنا تھا کہ وہ (کرن جوہر) جس کے بارے میں بات کر رہے ہیں وہ لوگ ہیں جو ہوش ربا معاوضے وصول کرتے ہیں اور پھر ڈیلیور نہیں کرتے، جو چل نہیں سکتا۔ ہم اتنا زیادہ چارج نہیں کرتے، ہم کساد بازاری کا ثبوت ہیں'۔
خیال رہے کہ کرن جوہر نے بھی کچھ روز قبل اسی قسم کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'اکشے کمار اور اجے دیوگن جیسے اسٹارز کی فلمیں ان کے بھاری معاوضوں کے باوجود اچھا بزنس نہیں کررہیں، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اب انہوں نے اسٹارز کو بھاری معاوضے دینا چھوڑ دیے ہیں۔
بالی وڈ اداکار سیف علی خان فلم 'دیوارا: پارٹ 1' کے ساتھ تیلگو میں ڈیبیو کرنے والے ہیں، جہاں وہ بھیروا کاکردار ادا کر رہے ہیں, یہ flm 27 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔




