ہندو شوہر کیلئے 'کروا چوتھ' رکھنے والی معروف مسلمان اداکارہ کون؟
نام کی طرح معصوم چہرے سے جلد ہی مداحوں کے دل میں گھر کرلیا
پاکستان کی طرح بھارت میں بھی کئی اداکاروں نے اپنی اداکاری کا سفر ٹی وی سے شروع کیا اور پھر فلم انڈسٹری کا رخ کرلیا جبکہ بعض اداکاروں نے ڈرامہ انڈسٹری سے ہی جڑے رہنے کے باوجود بڑا نام کمایا۔
لیکن کیا آپ بھارت کی ڈرامہ انڈسٹری کی اس معروف اداکارہ کے نام سے واقف ہیں جو پیدا تو مسلمان گھرانے میں ہوئیں لیکن نہ صرف ہندو شوہر سے شادی بلکہ مذہب تبدیل نہ کرنے کے باوجود کروا چوتھ بھی رکھتی ہیں۔
ہم بات کر رہے ہیں اداکارہ آمنہ شریف کی جنہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 2003 کے مشہور ڈرامے 'کہیں تو ہوگا' سے کیا تھا اور اپنی جاندار اداکاری سے خوب داد سمیٹی اور نام کی طرح معصوم چہرے کی بدولت جلد ہی مداحوں کے دل میں گھر کرلیا۔
ٹی وی انڈسٹری میں 6 سال گزارنے کے بعد انہوں نے 'آلو چاٹ' فلم سے بالی وڈ میں بھی قدم رکھا، تاہم انہوں نے غیرمعمولی مقبولیت اُس وقت ملی جب انہوں نے 'کسوٹی زندگی کی 2' میں 'کومولیکا' کا کردار ادا کیا۔
16 جولائی 1982 کو پیدا ہونے والی آمنہ شریف کا تعلق بھارت کے شہر ممبئی سے ہے تاہم انہوں نے اپنی تعلیم باندرہ میں مکمل کی۔
انہوں نے ابتداء میں مختلف برانڈز کیلئے ماڈلنگ کی، بعدازاں وہ متعدد میوزک ویڈیوز کا بھی حصہ بنیں۔
ڈرامہ 'کہیں تو ہوگا' سے انہوں نے ٹیلی ویژن انڈسٹری میں ڈیبیو کیا جس میں انہوں نے اداکار راجیو کھنڈیلوال کے مدمقابل بطور ہیروئن 'کشش سنہا' کا کردار ادا کیا۔
2003 سے 2007 تک آمنہ شریف ڈرامہ 'کہیں تو ہوگا' کا حصہ رہیں، اس دوران انہوں نے 'کسوٹی زندگی کی'، کُم کُم، 'کاوے انجلی' اور 'کرم اپنا اپنا' جیسے ڈرامہ سیریلز میں اسپیشل اپیئرنس بھی دی۔
بعدازاں آمنہ شریف نے بالی وڈ میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا اور 2009 میں 'آلو چاٹ' فلم سے ڈیبیو کیا۔
بعدازاں آمنہ شریف نے مزید کئی فلموں میں کام کیا جن میں سے ایک نمایاں فلم 'ایک ولن' بھی ہے جس میں اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ شردھا کپور نے مرکزی اداکار ادا کیا تھا۔
شادی کے بعد مذہب تبدیل؟
آمنہ شریف کا تعلق ایک مسلم گھرانے سے ہے، اُن کے والد ہندوستانی ہیں جبکہ ان کی والدہ فارسی اور بحرینی نژاد ہیں۔
فلم ڈسٹری بیوٹر و پروڈیوسر امیت کپور کے ساتھ ڈیٹنگ کے بعد آمنہ شریف نے 27 دسمبر 2013 کو شادی کرلی۔
آمنہ شریف نے ہندو شوہر سے شادی کرنے کے باوجود ہندو مذہب اختیار نہیں کیا تاہم کہا جاتا ہے کہ شادی کے بعد انہوں نے ہندو روایات کو ضرور اپنا لیا ہے۔
وہ اپنے شوہر کے لیے کروا چوتھ بھی رکھتی ہیں اور دونوں مل کر ساتھ مسلمانوں کا تہوار عید بھی مناتے ہیں۔