گووندا نے خود کو ہی گولی مار دی
حادثے کے وقت ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کولکتہ میں تھیں۔
بالی وڈ اداکار گووندا اپنی ہی گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔
ممبئی پولیس کے مطابق اپنے لائسنس یافتہ ریوالور سے ایک غلط فائر کے نتیجے میں اداکار خود کو ہی زخمی کر بیٹھے۔
اداکار گووندا کے مینیجر نے بتایا کہ وہ خطرے سے باہر ہیں اور ٹھیک محسوس کر رہے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ شیو سینا کے رہنما اور 60 سالہ اداکار فائر حادثے کے وقت اپنے جوہو کے گھر میں اکیلے تھے۔ ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کولکتہ میں تھیں۔
پولیس نے کہا کہ اداکار کی جانب سے کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔ گووندا کو فوری طور پر ان کے گھر کے قریب کرٹیکیئر اسپتال لے جایا گیا جہاں طبی امداد کے بعد انہیں گھر واپس روانہ کردیا گیا ہے۔
اداکار کے منیجر نے کہا کہ ’ہماری کولکتہ میں ایک شو کے لیے صبح 6 بجے کی فلائٹ تھی اور میں ایئر پورٹ پر پہنچ چکا تھا۔ گووندا اپنی رہائش گاہ سے ائیرپورٹ کے لیے نکلنے والے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔‘
مینیجر شاشی سنہا نے بتایا کہ ’اداکار سے ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گر گیا اور غلط فائر ہوا۔ یہ خدا کی مہربانی ہے کہ گووندا جی کو صرف ایک ٹانگ پر چوٹ آئی اور اب وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ گووندا 90 کی دہائی کے بالی وڈ کے مقبول ترین ستاروں میں سے ایک ہیں، انہوں نے 80 کی دہائی میں ایک ایکشن ہیرو کے طور پر اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز کیا اور 90 کی دہائی کے وسط میں کامیڈی کردار ادا کیے جنہوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔
اداکار نے اپنے پرجوش رقص کی وجہ سے بھی مقبولیت حاصل کی۔ تاہم 2007 کے بعد سے وہ کوئی ہٹ فلم دینے سے قاصر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ گووندا گزشتہ نصف دہائی سے بڑے پردے پر نظر نہیں آئے۔
گووندا سیاست دان بھی ہیں جو ایک بار رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں، وہ فی الحال شیو سینا کی نمائندگی کررہے ہیں، اس جماعت میں وہ رواں سال کے آغاز میں شامل ہوئے تھے۔