دیپیکا پڈوکون کی رنویر کا انتظار کرتی مزاحیہ رِیل
اداکارہ کا اپنے شوہر کا بے صبری سے انتظار کرنا مداحوں کو خوب بھایا۔
بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اپنے شوہر و اداکار رنویر سنگھ کے انتظار میں مزاحیہ ریل سوشل میڈیا کی زینت بنادی۔
اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے سال 2007 فلم ’اوم شانتی اوم’ سے بالی وڈ فلم نگری میں قدم رکھا اور یہی وہ سال تھا جس کے بعد بہت کم عرصے میں ہی دیپیکا کو اے لسٹ اداکاراؤں میں شمار ہوتے دیکھا۔
انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی’، ’چنئی ایکسپریس’، ’گولیوں کی راسلیلا رام-لیلا‘ میں بھی بہترین پرفارمنس سے صارفین کی داد وصول کی جبکہ رواں سال سینما گھروں میں زینت بننے والی فلم ’فائٹر‘ اور ’کالکی 2898 اے ڈی‘ میں بھی انکی اداکاری کو فلمی شائقین خوب سراہتے نظر آئے۔
اب جبکہ وہ جلد ہی اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ آنے والی فلم ’سنگھم اگین‘ میں نظر آئیں گی اور مداح اس فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں وہیں اداکارہ خود بھی کسی کا بے صبری سے انتظار کرتی نظر آرہی ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دیپیکا پڈوکون نے مزاحیہ ریل شیئر کی جس میں انہوں نے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ کس طرح رنویر کا بے صبری سے انتظار کرتی ہیں۔
اس تفریحی ویڈیو میں ایک چھوٹا بچہ دروازے کی طرف دوڑتا ہے اور دوربین کے ساتھ کھڑکی سے باہر جھانکتا ہے، جو کسی عزیز کا انتظار کرنے کی توقع کو بہترین طریقے سے ظاہر کرتا ہے۔
دیپیکا نے اس پوسٹ میں رنویر سنگھ کو ٹیگ کیا اور ایک بڑا مسکراتا ہوا اسٹیکر بھی لگایا۔ رییل کے کیپشن میں لکھا گیا ’جب میرا شوہر کہتا ہے کہ وہ 5:00 بجے گھر آئے گا اور اب 5 بج کے ایک منٹ ہوچکا ہے۔‘
اداکارہ کا مزاحیہ انداز میں اپنے شوہر سے اظہار محبت کرنا اور انکا بے صبری سے انتظار کرنا مداحوں کو خوب پسند آرہا ہے۔
یاد رہے کہ دیپیکا اور رنویر نے نومبر 2018 میں شادی کا اعلان کیا جبکہ اس جوڑے نے شادی کے 6 برس بعد رواں ماہ 8 ستمبر ننھی پری کا دنیا میں استقبال کیا۔