وائرل اسٹوریز

رابی پیرزادہ کو حرم میں بیٹھ کر خطاطی کرنا مہنگا پڑگیا

سعودی حکام نے کیا انتباہ جاری کیا؟

Web Desk

رابی پیرزادہ کو حرم میں بیٹھ کر خطاطی کرنا مہنگا پڑگیا

سعودی حکام نے کیا انتباہ جاری کیا؟

شوبز کی دنیا کو خیرباد کہنے والی سابقہ پاپ گلوکارہ رابی پیرزاد اپنی نئی ویڈیو کی وجہ سے ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئیں۔

چند برس قبل نجی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد رابی پیر زادہ نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ کر دین کی جانب راغب ہونے کا اعلان کردیا تھا، بعدازاں وہ خطاط بن گئیں اور منفرد فن پارے تخلیق کرنے شروع کردیے۔

علاوہ ازیں وہ ’حیا بائے رابی’ کے نام سے آؤٹ لیٹ بھی چلا رہی ہیں جہاں منفرد اورخوبصورت مبلوسات کی فروخت کی جاتی ہے۔

ان دنوں رابی پیرزادہ سعودی عرب میں موجود ہیں، حال ہی میں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایک لائیو ویڈیو شیئر کی جس میں وہ حرم میں بیٹھ کر خطاطی کرتی دیکھی گئیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرم میں کعبے کے اطراف میں طواف جاری ہے، اس دوران راستے میں بیٹھ کر اپنی خطاطی کی نمائش میں مصروف رابی پیرزادہ واضح طور پر زائرین کے طواف میں خلل کا باعث بن رہی ہیں۔

اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رابی پیرازادہ پر شدید تنقید کی جارہی ہے جنکا کہنا ہے کہ 'پاکستانی زائرین کو حرم میں اٹھنے بیٹھنے کے ادب و آداب سیکھنے کی ضرورت ہے، اِن حرکتوں کی وجہ سے بہت جلد پاکستانیوں پر حج و عمرہ کرنے پر بھی پابندی لگ جائے گی'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'اگر رابی پیرزادہ واقعی توبہ تائب ہوگئی ہیں تو انہیں مرکزِ نگاہ بنے رہنے کا کیا شوق ہے؟ خاموشی سے گوشہ نشین ہوجائیں'۔

دیگر صارفین نے بھی شکوہ کیا کہ حرم میں دورانِ طواف تصاویر، ویڈیوز بنانے والے اور بھیک مانگنے والوں کی اکثریت بھی پاکستانیوں کی ہی ہوتی ہے، ان حرکتوں کیوجہ سے تمام پاکستانی زائرین بلاتفریق سخت پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔

سعودی حکام کا انتباہ

یاد رہے کہ محض ایک ہفتہ قبل سعودی عرب نے حج اور عمرے کے ویزے پر آنے والے پاکستانی بھکاریوں کی مملکت میں بڑھتی ہوئی تعداد پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔

سعودی حکام نے خبردار کیا تھا کہ اگر عمرہ اور حج کی آڑ میں آنے والے بھکاریوں پر قابو نہ پایا گیا تو اس کا پاکستانی عمرہ اور حج زائرین پر منفی اثر پڑ ے گا۔

رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت مذہبی امور نے پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو انتباہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان بھکاریوں کو عمرہ ویزے کے تحت خلیجی ملک میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے لازمی کارروائی کرے۔

تازہ ترین