'گرین انٹرٹینمنٹ' نے ISPR سے لاتعلقی کا اظہار کردیا
چینل انتظامیہ نے وضاحت جاری کردی
معروف انٹرٹینمینٹ چینل 'گرین انٹرٹینمینٹ' نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیرِانتظام ہونے کی تردید جاری کردی۔
گرین انٹرٹینمنٹ ایک معروف پاکستانی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن چینل ہے جوکہ 10 جولائی 2023 کو لانچ کیا گیا تھا۔
اس پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینل کا سلوگن 'کیونکہ میں گرین ہوں' ہے جبکہ اس کا لوگو بھی اس کے نام کی طرح سبز ہے۔
لانچنگ سے قبل اس چینل کے لیے ایک گانا 'کیونکہ میں گرین ہوں' کے عنوان سے ریلیز کیا گیا تھا، اِس گانے کی خاص بات یہ تھی اس گانے میں پاکستان کے مایہ ناز گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا جبکہ اس گانے کے کمپوزر معروف موسیقار و گلوکار ساحر علی بگا ہیں۔
محض ایک برس کے عرصے میں اس چینل پر کئی مقبول ڈرامے نشر کیے جا چکے ہیں، قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ یہ چینل آئی ایس پی آر کے زیرِانتظام ہے۔
انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات میں بھی یہی درج ہے کہ یہ چینل آئی ایس پی آر کے زیرِ انتظام وجود میں آیا، تاہم اب چینل انتظامیہ کیجانب سے اس دعوے کی تردید سامنے آچکی ہے۔
اعلامیے میں کیا کہا گیا؟
گرین انٹرٹینمنٹ چینل کیجانب سے آج جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'کچھ غلط اطلاعات زیرِ گردش ہیں جن کے مطابق گرین ٹی وی انٹرٹینمنٹ آئی ایس پی آر کی ملکیت ہے'۔
بیان میں کہا گیا کہ 'ریکارڈ کی درستگی کے لیے واضح کردیں کہ یہ ایک نجی ملکیتی منصوبہ ہے، جوکہ ایک طویل عرصے سے کاروباری پس منظر رکھنے والے خاندان کے زیرِانتظام ہے، جس کا ISPR یا کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے'۔
چینل انتظامیہ کیجانب سے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ 'گرین ٹی وی انٹرٹینمنٹ کو کسی بھی سرکاری ادارے سے جوڑنے کے دعوے یا الزامات سراسر غلط اور محض پروپیگنڈا پر مبنی ہیں، ہماری توجہ اصل (original) اور اعلیٰ معیار کے مواد کی فراہمی سے پاکستان کے تفریحی منظر نامے کو بلند کرنے پر مرکوز ہے'۔
بیان میں نشاندہی کی گئی کہ 'صرف ایک سال میں کابلی پلاؤ، جنٹلمین، اکھاڑا، پاگل خانہ اور دنیا پور سمیت دیگر گراؤنڈ بریکنگ شوز بنانا ایک پیچیدہ کام ہے، لہٰذا اعلیٰ معیار برقرار رکھتے ہوئے اسٹیٹس کو کو چیلنج کرنے کے دوران ہمیں منفی پروپگنڈے کا سامنا ہونا کوئی انوکھی بات نہیں ہے'۔
چینل انتظامیہ نے ناظرین سے التماس کیا کہ 'ہم پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بدل کر رکھ دینے والے غیر معمولی مواد کی فراہمی کے عزم پر قائم ہیں، آپ کی حمایت ہمیں حدود کو پار کرنے اور نئے معیارات وضع کرنے کی ترغیب دیتی ہے، ہمارے ساتھ شامل ہوں کیونکہ ہم پاکستان میں تفریح کے مستقبل کو نئے معنیٰ دے رہے ہیں'۔
-
انفوٹینمنٹ 31 منٹ پہلے
بالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کے ہم شکل اسٹارز
-
کھیل 51 منٹ پہلے
سابق بھارتی ریسلر ونیش پھوگاٹ ڈیبیو الیکشن میں کامیاب
-
ٹیکنالوجی 1 گھنٹے پہلے
کھانسنے اور چھینکنے سے بیماریوں کا پتا لگانے والا اے آئی ٹول تیار
-
اسکینڈلز 1 گھنٹے پہلے
حبا بخاری نے حمل کیلئے شہزاد حکیم سے علاج کروایا؟