'حاملہ ہونا بےغیرتی نہیں'، حبا بخاری کی حمایت میں میرا سیٹھی بول پڑیں
اس کا جسم، اس کا خوبصورت لباس، اس کی اپنی مرضی، میرا سیٹھی
اداکارہ میرا سیٹھی نے حالیہ ایوارڈ شو میں ساتھی اداکارہ حبا بخاری کے 'بےبی بمپ' دکھاتے لُک پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حاملہ ہونا بےغیرتی نہیں ہے۔
میرا سیٹھی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے حبا بخاری کی حمایت کی۔
شیئر کردہ پوسٹ میں حبا بخاری کی لندن ہم ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ کے دوران کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے حبا اور ان کے اہل خانہ پر تنقید کی گئی تھی۔
پوسٹ میں اہل خانہ کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ 'پاکستانی سیلبرٹی بےغیرتی کی انتہا پر ہیں، چند پیسوں کے ٹکڑوں کیلئے اپنی عزتیں سرعام نیلام کررہے ہیں، کم از کم اس حالت میں اپنی ماں، بہن اور بیٹیوں کو باہر ایسے مقامات پر نہ لیکر جائیں، کمائی کے لیے پوری زندگی پڑی ہے'۔
اس پوسٹ پر ردعمل دہتے ہوئے میرا سیٹھی نے حبا بخاری کی حمایت میں لکھا کہ 'حمل کے ساتھ کام کرنا اور پیٹ کا نظر آنا کسی طرح بھی بے غیرتی نہیں ہے'۔
انہوں نے حبا بخاری کے سبز لباس کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے لکھا کہ 'اس کا جسم، اس کا خوبصورت لباس، اس کی اپنی مرضی ہے'۔
اداکارہ نے حبا بخاری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ تمام خواتین خود مختار اور مضبوط ہیں جو ایسی حالت میں بھی کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں اور وہ سب قابل تحسین ہیں۔
میرا سیٹھی نے تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے لکھا کہ 'حمل کے ساتھ کام کرنا اور اس دوران بے بی بمپ کا نظر آنا کہیں سے بھی بے غیرتی نہیں ہے'۔
حبا بخاری کا 'بےبی بمپ' دکھاتا لُک'بیہودہ' قرار
واضح رہے کہ حال ہی میں حبا بخاری نے 28 ستمبر کی رات لندن کے ارینا ویمبلے میں منعقدہ 'ہم اسٹائل ایوراڈز' میں شرکت کی جہاں پاکستان کے شوبز ستاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس رات کو یادگار بنا دیا۔
اس تقریب میں شرکت سے قبل حبا بخاری نے اپنے شوہر و اداکار آریز احمد کے ساتھ مل کر ایک ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی اور اپنے جلد والدین بننے کی خبر کی تصدیق بھی کردی۔
اس اعلان کے بعد رات میں حبا بخاری نے سج دھج کر 'ہم اسٹائل ایوارڈز' میں شرکت کی جو انکی جانب سے جلد والدین بننے کے اعلان کے بعد پہلی پبلک اپیئرنس تھی۔
اگرچہ انکے مداح انکے لُک کو دیکھنے کیلئے بے صبر تھے لیکن حبا بخاری کا لُک تعریف کے بجائے تنقید کا نشانہ بن گیا۔
حبا بخاری نے لندن کے مشہور کلاتھنگ برانڈ 'سیلف پورٹریٹ' کی اولِو گرین شرمی میکسی پہنی جس میں اسکرٹ اور باڈی الگ الگ تھی۔
اگرچہ یہ لباس دکھنے میں دلفریب ہے لیکن ایک حاملہ خاتون کیلئے سوشل میڈیا صارفین کو یہ لباس نامناسب لگا اور مداح یہ نشاندہی بھی کرتے دکھے کہ ویڈیوز میں حبا بخاری خود بھی اس میکسی کو پہن کر انکمفرٹیبل نظر آرہی ہیں۔