انفوٹینمنٹ

لیڈ ووکلسٹ عبدالرحمٰن ساجد آؤٹ، ’اوج‘ بینڈ میں دراڑ

پاکستان میں بننے اور ٹوٹنے والے بینڈز کے بارے میں جانیے

طوبیٰ خضر حیات

لیڈ ووکلسٹ عبدالرحمٰن ساجد آؤٹ، ’اوج‘ بینڈ میں دراڑ

پاکستان میں بننے اور ٹوٹنے والے بینڈز کے بارے میں جانیے

پاکستان میں بننے اور ٹوٹنے والے بینڈز پر ایک نظر
 پاکستان میں بننے اور ٹوٹنے والے بینڈز پر ایک نظر

سال 2019 میں پاکستان کے معروف میوزک رئیلٹی شو ‘پیپسی بیٹل آف دی بینڈز سیزن 4‘ میں مختلف بینڈز کے درمیان دو ماہ تک جاری رہنے والی موسیقی کے مقابلے کے بعد 23 اگست 2019 کو فائنل میں حریف بینڈ آرش کو شکست دے کر ‘اوج بینڈ‘ نے فاتح بینڈ کا سہرا  اپنے سر سجایا۔

پروگرام کی شریک میزبان و اداکارہ  حنا الطاف نے طویل انتظار کے بعد اعلان کیا کہ ‘اوج بینڈ‘ نے 5 ملین روپے، ایک البم کa معاہدہ اور اُن تمام اوریجنل ٹریکس کی لائف لاٹم رائلٹی حاصل کرلی ہے جو انہوں نے سیزن فور کے دوران شائقین کیلئے پیش کیے تھے۔

اس موقع پر رنر اپ کا ٹائٹل حاصل کرنے والے بینڈ ‘آرش‘ نے بھی پورے سیزن میں  اپنے ناقابل یقین سفر اور زبردست سانگز کی میکنگ کے ساتھ پیپسی بیٹل آف دی بینڈز سے  2.5 ملین روپے کیش  اور ایک البم کا معاہدہ سائن کیا تھا۔

پیپسی بیٹل آف دی بینڈز سیزن 4 میں فائنل جتوانے کیلئے پورے پاکستان نے اپنے پسندیدہ بینڈ ‘اوج‘  کو پیپسی کا تاج پہنانے کے لیے ووٹ دیا تھا جہاں  گرینڈ فائنل میں سامعین نے اوج اور آرش کے درمیان حیرت انگیز  پرفارمنسز کو دیکھنےکا ناقابلِ یقین تجربہ کیا تھا۔

اوج کے کارنامے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

کراچی بیسڈ میوزک بینڈ ‘اوج‘ میں ناصر ذکا، عبدالرحمن ساجد، محمد کاشف اور سید حسنین علی کے نام شامل ہیں۔ 

2019 میں پیپسی بیٹل آف دی بینڈز کے چوتھے سیزن کے فاتح ہونے کے بعد ‘اوج‘ کو ان کی موسیقی میں ناقابلِ یقین صلاحیتوں، متحرک آوازوں  اور میوزک کمپوزیشن کے لیے مداحوں کی جانب سے کافی سراہا جاتا رہا ہے۔

میوزیکل بینڈ ‘اوج‘ نے اپنا پہلا سنگل سانگ ‘دہراؤ‘ 8 دسمبر 2019 میں ریلیز کیا، جس کے بعد ان کے بلاک بسٹر ہٹ سانگز  ‘نوازش اور تیرا سُنا‘ یکے بعد دیگرے ریلیز ہوئے جنہیں شائقین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ 

بینڈ نے 2021 میں ‘صفر‘ کے عنوان سے اپنا پہلا البم جاری کیا یہ البم بھی  ان کے باقی ایلبمز کی طرح آڈیئنس کے دلوں پر راج کرنے میں کامیاب ہوا تاہم اب اوج کے مداح شاید بینڈ کا وہ اورا نہ دیکھ پائیں جو پہلے موجود تھا۔

اوج بینڈ کے مداحوں کو بڑا دھچکا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

حال ہی میں کراچی بیسڈ بینڈ ‘اوج‘ کے گلوکار عبدالرحمن ساجد نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ایک اعلان کے ساتھ مداحوں کو افسردہ کردیا۔

اپنی پوسٹ میں گلوکار عبدالرحمن ساجد کا کہنا تھا کہ انہوں نے  ایک نئی فنکارانہ راہ پر گامزن ہونے کے لیے اوج سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہونے والا پوسٹ ‘اوج بینڈ‘ کے مداحوں پر قہر بن کر نازل ہوا جہاں مداح   عبدالرحمن ساجد اور اوج کی علیحدگی سے خوش نظر نہیں آئے۔

انسٹاگرام پر جاری تفصیلی پوسٹ میں اوج بینڈ کے ووکلسٹ عبدالرحمن ساجد نے مداحوں کو بتایا کہ ‘اوج سے الگ ہونا ان کیلئے ایک مشکل ترین فیصلہ تھا تاہم اپنے اس  نئے سفر میں وہ مداحوں سے اُن کی حمایت حا صل کرنے کے متمنی ہیں‘۔

شائقین کو یقین دلاتے ہوئےعبدالرحمن کا کہنا تھاکہ ‘مداح پریشان نہ ہوں میرا فیصلہ اوج بینڈ کی تقسیم کرنا بالکل بھی نہیں ہے کیونکہ  اوج نےمجھے اس وقت پہچان دی جب مجھے کوئی نہیں جانتا تھا‘۔

اپنی پوسٹ میں ‘اوج‘ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے گلوکار عبدالرحمن ساجد کا کہنا تھا کہ ‘میں نے اوج کے ساتھ جو وقت گزارا ہے وہ بہت میموریبل رہا ہے، ناقابل فراموش موسیقی اور بہت ساری یادوں سے بھرا ہوا ہے میں ہر اس کامیابی کا شکر گزار ہوں جو میں نے بطور بینڈ  اوج سے حاصل کی ہے‘۔

پوسٹ کے اختتام پر عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ ‘میں ہمیشہ اوج کے ساتھ ہوں اور ان کے اگلے ریلیز  ہونے والے ٹریکس کا بے صبری سے انتظار کررہا ہوں بس اب میرا راستہ تھوڑا الگ ہوگیا ہے کیونکہ میں خود سے بہت ساری چیزیں ایکسپلور کرنا چاہتا ہوں جو بینڈ کے ساتھ رہ کر ممکن نہیں ہیں‘۔

ماضی میں ٹوٹنے والے بینڈز پر ایک نظر

پاکستان کی میوزک ہسٹری میں ایک اور شاندار بینڈ ٹوٹ گیا، پیپسی بیٹل آف دی بینڈز کے چوتھے سیزن کا فاتح اوج بینڈ اب اپنے اوج پر نہیں رہا کیونکہ لیڈ ووکلسٹ عبدالرحمن بینڈ سے علیحدگی اختیار کرکے اسے خیرباد کہہ دیا ہے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں  ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ ماضی میں بھی کئی پاکستانی بینڈز یونہی ٹوٹتے رہے ہیں یہ سلسلہ پاکستان کے پہلے معروف بینڈ ‘وائٹل سائنز‘  سے شروع ہوا اور آج بھی جاری ہے۔

سال 1987میں ملی نغمے دل دل پاکستان سے مقبول ہونے والے ‘وائٹل سائنز‘ کی ویڈیو میں نصرت حسین تھے لیکن ان کے پہلے البم کی ریلیز کے وقت تک سلمان احمد بینڈ کا حصہ بن چکے تھے بعد میں  سلمان احمد اور نصرت حسین نے علی عظمت کے ساتھ مل کر سال 1991میں  اپنا بینڈ  ‘جنون‘ بنایا۔

جنون کے دوسرے البم کی ریلیز  تک نصرت حسین کی جگہ برائن اوکونیل جنون میں شامل ہوچکے تھے معروف پاکستانی سنگر مرحوم جنید جمشید اور علی عظمت کے سولو کیرئیر کی بدولت پاکستان کے یہ دونوں بینڈز بھی ٹوٹ گئے، اور ایسا ہی کچھ  ‘بینڈ آواز ‘کے ساتھ بھی ہوا۔

آواز بینڈ کےخالق  ہارون، فاخر اور اسد احمد تھے لیکن پہلے اسد احمد نے بینڈ کو خیرباد کہا ، پھر فاخر اور ہارون بھی یکے بعد دیگرے آواز بینڈ سے علیحدہ ہوگئے اور یہ باب بھی بند ہوگیا۔

سال 2000 میں پاکستان کے ایک اور مایہ ناز بینڈ ‘فیوژن‘ کی میوزک انڈسٹری میں شاندار انٹری کے بعد ایسا لگ رہا تھا جیسے یہ بینڈ ایک لمبے عرصے میوزک انڈسٹری پر راج کرے گا تاہم شفقت امانت علی خان کی بالی وڈ میں انٹری نے معروف بینڈ اور اس کے مداحوں کے دل توڑ دئیے۔

کئی سنگرز کو موقع دینے کے باوجود بھی مداحوں پر فیوژن کا جادو نہ چل سکا اور یہ بینڈ بھی تاریخ کے اوراق میں کہیں کھو گیا۔

پاکستانی میوزک کے مداح   آج بھی ‘اسٹرنگز بینڈ‘ کےفنا ہونے کے وقت کو نہیں بھلا سکے ہیں۔ پانچ دہائیوں تک میوزک انڈسٹری  پر راج کرنے والے بینڈ کے آغاز میں چار ممبرز تھے جن کی تعداد کم بیک کے بعد محض دو رہ گئی تھی۔

اور یوں  مارچ 2022 میں بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے ‘اسٹرنگز بینڈ‘ کو ختم کرنے کا اعلان کیا جس پر مداحوں نے انتہائی مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

تاہم ایک لمبے عرصے بعد بھی یہ سلسلہ ختم نہیں ہوا اور اس فہرست میں پیپسی بیٹل آف دی بینڈز کے پہلے ایڈیشن کے ونرز اور رنرز اپ بھی بینڈز کی  ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ نہ رہ سکے۔

پہلے ایڈیشن کے ونر ‘آروہ  بینڈ ‘ نے اپنا ایلبم ریلیز کیا جس کے بعد انہوں نے بالی وڈ میں بھی خوب نام کمایا مگر ان تمام کامیابیوں کے باوجود بھی ‘کامی جی اور نبیل‘  آروہ کو خیرباد کہہ گئے۔

پیپسی بیٹل آف دی بینڈز کے پہلے سیزن کے رنرز اپ ‘ای پی‘ بھی دو بینڈز  ‘اینٹیٹی اور پیراڈائم‘ سے مل کر بنے تھے اور کئی سال میوزک انڈسٹری میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد یہ بینڈ بھی ٹوٹ گیا۔

پاکستان کے ہر دلعزیز سنگر عاطف اسلم نے بھی اپنے کیرئیر کا آغاز ‘جل بینڈ‘ کے ساتھ کیا تھا تاہم جب عاطف اپنے سولو کیرئیر میں مصروف ہوئے تو گلوکار و اداکار فرحان سعید نے ان کی جگہ لے لی تاہم یہ دونوں گلوکار زیادہ تر اداکاری کرتے نظر آتے ہیں۔

اور اب حال ہی میں اوج بینڈ کے گلوکار عبدالرحمٰن ساجد کی جانب سے اوج بینڈ سے علیحدگی نے ایک اور بینڈ کو اس لسٹ میں شامل کردیا ہے۔

 مگر اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا اوج اپنے مین سنگر کے بغیر سروائیو کرپاتا ہے  یا اس کا حال بھی دیگر بینڈز کی طرح ہوگا۔

تازہ ترین