ٹریول

امارات نے پروازوں میں واکی ٹاکی، پیجر لے جانے پر پابندی لگادی

ممنوعہ سامان برآمد ہونے پر دبئی پولیس ضبط کرلے گی۔

Web Desk

امارات نے پروازوں میں واکی ٹاکی، پیجر لے جانے پر پابندی لگادی

ممنوعہ سامان برآمد ہونے پر دبئی پولیس ضبط کرلے گی۔

امارات نے مسافروں کے لیے ہدایات جاری کردیں۔
امارات نے مسافروں کے لیے ہدایات جاری کردیں۔

متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس نے دبئی آنے جانے والی یا اس کے راستے کو استعمال کرنے والی تمام پروازوں میں مسافروں کے پیجر یا واکی ٹاکی لے جانے پر پابندی لگادی ہے۔

ایئر لائن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 'پابندی کا اطلاق چیک ان اور کیبن کے سامان دونوں پر ہوتا ہے، کوئی ممنوعہ آلہ برآمد ہونے کی صورت میں اسے دبئی پولیس ضبط کر لے گی'۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 'دبئی آنے جانے یا اس کے راستے سفر کرنے والی پروازوں میں تمام مسافروں کو چیک ان یا کیبن کے سامان میں پیجر اور واکی ٹاکیز لے جانے سے منع کیا گیا ہے۔ مسافروں کے دستی یا چیک ان والے سامان میں ملنے والی ایسی اشیاء کو دبئی پولیس ضبط کر لے گی'۔

دبئی کی ایئرلائن نے اردن، عراق، ایران اور لبنان آنے اور جانے والی فلائٹ سروسز کے بارے میں تازہ معلومات بھی جاری کی۔

جس کے مطابق ایمریٹس اتوار سے عمان کے لیے دوبارہ آپریشن شروع کردے گی جبکہ عراق اور ایران آنے جانے والی تمام پروازیں پیر تک منسوخ رہیں گی۔

اس کے علاوہ دبئی سے گزرنے یا وہاں سے سفر کرنے والے مسافر جن کی آخری منزل یہ دونوں ممالک ہوں انہیں منگل تک سفر شروع کرنے کے مقام سے نہیں لیا جائے گا۔

دوسری جانب بیروت آنے اور جانے والی پروازیں 15 اکتوبر تک منسوخ رہیں گی، لہٰذا جو مسافر دبئی سے گزرتے ہیں اور ان کی آخری منزل بیروت ہے، انہیں اگلے نوٹس تک ان کے سفر کے مقام سے نہیں لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل لبنان میں الیکٹرانک مواصلاتی ڈیوائسز پیجر اور واکی ٹاکی پھٹنے کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے جس میں اسرائیل نے حزب اللہ کے کارکنان کو نشانہ بنایا تھا۔

ان حملوں کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی بھی ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر فضائی حملے بھی کیے جارہے ہیں جبکہ ایران نے بھی ردِ عمل کے طور پر اسرائیل کی جانب سیکڑوں راکٹ فائر کئے تھے جس کے سبب مشرق وسطیٰ کی صورتحال کشیدہ ہے۔

تازہ ترین