ٹریول

دبئی: پرائیویٹ سیکٹر کے بہترین اساتذہ کو گولڈن ویزا دینے کا اعلان

گولڈن ویزا اچھے اساتذہ کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

Web Desk

دبئی: پرائیویٹ سیکٹر کے بہترین اساتذہ کو گولڈن ویزا دینے کا اعلان

گولڈن ویزا اچھے اساتذہ کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

دبئی: پرائیویٹ سیکٹر کے بہترین اساتذہ کو گولڈن ویزا دینے کا اعلان
دبئی: پرائیویٹ سیکٹر کے بہترین اساتذہ کو گولڈن ویزا دینے کا اعلان

حکومتِ متحدہ عرب امارات نے دبئی کے پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ماہرین تعلیم کو گولڈن ویزا دینے کا اعلان کیا ہے۔

امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پردبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے اس کی منظوری دی۔

دبئی کے ولی عہد نے ایکس پلیٹ فارم پر لکھا کہ ’اساتذہ کے عالمی دن پر ہم نے دبئی میں پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر میں نمایاں کارکردگی اور خدمات انجام دینے والے ممتاز اساتذہ کو گولڈن ویزا دینے کی ہدایت کی گئی ہے‘۔

’ہم ان کے مشن، ذہنوں کی تشکیل،آنے والی نسلوں کی پرورش اور قوموں کی ترقی میں ان کے انمول کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘۔

اسکرین گریب/ایکس
اسکرین گریب/ایکس

گولڈن ویزا، دبئی میں ارلی چائلڈ ہوڈ سینٹرز، اسکولز اور ہائیر ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز میں اساتذہ کو دیا جائے گا۔

یہ اقدام ان افراد کی صلاحیتوں کا اعتراف کرے گا جنہوں نے طلبہ کی تعلیمی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

گولڈن ویزا ہے کیا؟

مئی 2019 میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد نے گولڈن ویزا اسکیم کا اعلان کیا تھا۔

درحقیقت گولڈن ویزا ایک دس سالہ رہائشی کارڈ ہے، جس کا مقصد متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کرنے والوں، بین الاقوامی اہمیت کی حامل بڑی کمپنیوں کے مالکان، اہم شعبوں کے پیشہ ور افراد، سائنس کے میدان میں کام کرنے والوں اور باصلاحیت طلبہ کو متحدہ عرب امارات کی ترقی میں شامل اور متوجہ کرنا ہے۔

گولڈن ویزا رکھنے والوں کو بہت سے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

یو اے ای حکام کے مطابق اس ویزے کے حامل افراد کو اپنے کاروبار کی سو فیصد ملکیت حاصل ہوتی ہے جبکہ اس سے قبل 6 ماہ تک ملک (یو اے ای) سے باہر رہنے والوں کا حق رہائش ختم کر دیا جاتا تھا۔

اس اسکیم کے تحت تارکین وطن کے گھریلو مددگاروں کی تعداد کی حد کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

گولڈن ویزا رکھنے والے اپنے شریک حیات اور کسی بھی عمر کے بچوں کی یو اے ای میں کفالت کر سکتے ہیں۔

اگر گولڈن ویزا ہولڈر کی موت ہو جاتی ہے، تب بھی اس کے خاندان کے افراد ویزے کی مدت ختم ہونے تک وہاں رہ سکتے ہیں۔