کراچی ایئرپورٹ کے نزدیک دھماکے میں 2 چینی شہری ہلاک
دھماکے میں 17 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نزدیک ہونے والے زور دار دھماکے میں غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 چینی شہری سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 17 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز شہر کے دور دراز علاقوں تک سنی گئی جبکہ جائے وقوعہ پر آس پاس موجود گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی۔
اسپتال حکام کا بتانا ہے کہ دھماکے بعد جناح اسپتال میں 2 غیر ملکیوں سمیت3 افرادکی لاشیں لائی گئیں جن میں سے ایک لاش مقامی باشندے کی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصلیٹس جنرل کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ '6 اکتوبر کو رات 11 بجے کے قریب پورٹ قاسم اتھارٹی الیکٹرک پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ سے چینی عملے کو لانے والے ایک قافلے پر کیے گئے حملے میں دو چینی شہری ہلاک، ایک زخمی ہوا ہے'۔
پاکستانی حکام کے مطابق دھماکے سے 7 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، واقعے کے نتیجے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے جس میں ایک خاتون اور پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ایسٹ) کیپٹن (ر) اظفر مہیسر نے تصدیق کی کہ دھماکے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کی اصل نوعیت کا پتہ لگانے میں وقت لگے گا، جب تک فرانزک رپورٹ نہیں آتی، اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ دہشت گردی کی کارروائی تھی یا حادثہ۔
دوسری جانب بلوچ لبریشن آرمی کے کالعدم مجید بریگیڈ نے ایک بیان جاری کیا جس میں حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی تاہم آزادانہ طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
دھماکے کے بعد ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے ایئرپورٹ کے خارجی اور داخلی راستوں کو سیل کردیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ماڈل کالونی قبرستان سے ایئرپورٹ جانے والی سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے تمام اثاثے محفوظ ہیں اور پروازیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
معروف کامیڈین بھارتی سنگھ کے پاس کتنی دولت ہے؟
-
انفوٹینمنٹ 3 گھنٹے پہلے
لاہور کی اسموگ سے صبا قمر بھی شدید پریشان
-
انفوٹینمنٹ 3 گھنٹے پہلے
رباب، عدیل کا عبرتناک انجام کیوں نہیں ہوا؟ رائٹر نے بتادیا
-
اسکینڈلز 3 گھنٹے پہلے
‘جو چاہوں وہ کروں گی‘علیزے شاہ کی ایک کے بعد ایک بولڈ ویڈیوز