اسکینڈلز

کرشمہ کپور کے وہ اہم راز جن سے شاید آپ ہیں انجان

جانیے ایکٹنگ کوئین کے دلچسپ حقائق

ایمن ملک

کرشمہ کپور کے وہ اہم راز جن سے شاید آپ ہیں انجان

جانیے ایکٹنگ کوئین کے دلچسپ حقائق

کرشمہ کپور کے وہ اہم راز جن سے شاید آپ ہیں انجان

کپور خاندان کی نشانی بھارتی اداکارہ کرشمہ کپور ویسے تو بے مثال اداکاری کے سبب اپنی ایک منفرد پہچان رکھتی ہیں لیکن ساتھ ہی وہ اپنی لوو لائف کے سبب  ’ٹاک آف دی ٹاؤن’ میں بنی رہتی ہیں۔

سال 1991 میں فلم 'پریم قیدی' سے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ کرشمہ کپور نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرنے والی متعدد فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا جس میں فلم 'جگر' ، ' اناڑی' ، 'راجا ہندوستانی' ، 'قلی نمبر ون' ، 'بیوی نمبر ون' اور ' دلہن ہم لے جائینگے' شامل ہیں۔

کرشمہ کپور نے بھارتی بزنس مین سنجے کپور سے سال 2003 میں شادی کرلی اور کچھ مدت کے لیے بالی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرلی لیکن شادی کے چند سال بعد ہی دونوں میں تنازعات شروع ہوگئے جس کے نتیجے میں اس جوڑے نے 2015 میں طلاق لے لی۔

کرشمہ کپور کے افیئرز :

اداکارہ کرشمہ کپور کی ڈیٹنگ لائف ہمیشہ سے ہی بالی وڈ اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث رہی ہے۔ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں کرشمہ کپور کا نام فلم ’جگر’ کے شریک اداکار اجے دیوگن کے ساتھ جوڑا جاتا رہا تاہم یہ رشتہ جلد ہی نہ معلوم وجوہات کی بنا پر ختم ہوگیا اور اجے دیوگن نے  اداکارہ کاجول  کو اپنا جیون ساتھی منتخب کرلیا۔

صرف یہی نہیں بلکہ کرشمہ کی لوو ہسٹری میں اکشے کمار اور سلمان خان نام بھی شامل تھا حالانکہ اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیقی تا تردیدی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم کرشمہ ان اسکینڈلز کے سبب موضوع بحث رہیں۔

کرشمہ کی زندگی میں ابھیشیک کی انٹری:

اجے دیوگن سے تعلقات اور اکشے اور سلمان سے مبینہ افیئرز کے بعد کرشمہ کپور کی زندگی میں ابھیشیک بچن کی انٹری ہوئی اور ان کا ابھیشیک بچن کے ساتھ رشتہ 2000 کی دہائی کے آغاز میں کافی زیر بحث رہا۔

یہاں تک کہ ان دونوں نے اس رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے  2002 میں منگنی کرلی جس کا اعلان امیتابھ بچن کی 60ویں سالگرہ کی تقریب میں کیا گیا۔ لیکن بدقسمتی سے  چند ماہ بعد ہی یہ منگنی ایک حیران کن موڑ کے ساتھ ختم ہوگئی۔ کہا جاتا ہے کہ کرشمہ کی والدہ ببیتا کپور اپنی بیٹی کے لئے مالی تحفظ چاہتی تھیں اور انہیں ابھیشیک کے کیریئر کی کامیابی پر یقین نہیں تھا۔

ازدواجی مسائل اور کرشمہ کی طلاق:

ابھیشیک سے چیپٹر کلوز ہونے کے بعد اداکارہ کرشمہ کپور 2003 میں سنجے کپور کیساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں ۔ لیکن شادی کے چند ہی سالوں میں اس جوڑے کے درمیان اختلافات نے جنم لیا جسکا انجام طلاق کی صورت میں سامنے آیا۔

سنجے سے علیحدگی کے بعد اداکارہ کرشمہ کپور نے سنجے پر بے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے  دعویٰ کیا کہ سنجے بے وفا تھے  جس وجہ سے وہ جذباتی مسائل کا شکار تھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنجے کا خاندان ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتا تھا، جس کی وجہ سے ان کی کیریئر اور طرز زندگی کے حوالے سے مسلسل تنازع رہتا تھا۔

 دوسری طرف،سنجے نے  اداکارہ کے الزامات پر مؤقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ محض جھوٹے الزامات ہیں اور کرشمہ نے ان سے صرف دولت کی وجہ سے شادی کی۔

اداکاری کا آغاز:

کرشمہ کپور کی ذاتی زندگی کے بعد کیرئیر کی بات کریں تو انہوں  نے بہت کم عمر میں انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی بلاک بسٹر فلموں میں کامیابی حاصل کی۔

 کہا جاتا ہے کہ انہوں نے چھٹی جماعت میں ہی تعلیم کو خیرباد کہتے ہوئے اسکول چھوڑ دیا تھا تاکہ وہ اداکاری کا کیریئر شروع کر سکیں۔ انہوں نے صرف 16 سال کی عمر میں  فلم ’پریم قیدی’ سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا۔

کپور خاندان کی  روایات:

وہ کپور خاندان جسے اکثر بالی وڈ کا پہلا خاندان کہا جاتا ہے انہوں نے روایتی طور پر اپنی خواتین اراکین کو اداکاری سے دور ہی رکھا اور شاید یہی وجہ تھی کہ کرشمہ کے والد رندھیر کپور، اور دادا، راج کپور کرشمہ کے فلم انڈسٹری میں آنے کے خلاف تھے۔

یہ بھی پڑھیں:سنگل پیرنٹ بچوں کو پالنے والی بھارتی اداکارائیں کون؟

تاہم کرشمہ ان تمام روایات کو توڑتے ہوئے اپنی فنی صلاحیتوں سے اس  وقت کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک بن گئیں۔جبکہ  ان کی بہن کرینہ کپور نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کا ہی  انتخاب کیا۔

کرشمہ کپور اور بالی وڈ کے سخت چیلنجز:

کہا جاتا ہے کہ اداکارہ کرشمہ کیلئے فلم انڈسٹری کا آغاز کافی چیلنجز رہا کیونکہ ابتدائی دنوں میں انہیں اپنی فلموں کے انتخاب پر زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشمہ کپورکی کچھ ابتدائی فلمیں اس وقت کے لحاظ سے بہت بولڈ سمجھی گئیں۔ ابتدا میں، انہیں ایک عام اسٹار کڈ کے طور پر دیکھا گیا، جس میں کوئی خاص ٹیلنٹ نہیں تھا۔ تاہم  انہوں نے بعد میں ’راجہ ہندوستانی’ جیسی فلموں میں متاثر کن پرفارمنس دے کر سب کو غلط ثابت کیا۔

ٹیلی ویژن اور ریڈیو:

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بالی وڈ کی ہٹ فلموں میں کام کرنے کے علاوہ، کرشمہ نے ایک ٹیلی ویژن سیریز میں بھی کام کیا۔ انہوں نے 2003 میں ‘کرشمہ - دی میریکلز آف ڈیسٹنی’ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس کے بعد، انہوں نے 92.7 ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کے لئے ریڈیو جوکی کے طور پرفرائض سرانجام دیے۔

بالی وڈ پھولوں کا بستر نہیں:

اگرچہ کہ کرشمہ کپور نے بہت کم عرصے میں مشکلات کے باوجود اپنے فن کا لوہا منوایا لیکن اس پورے سفر کو انہوں نے مشکل ترین ہی تصور کیا۔

مزید پڑھیں:شادی سے قبل حاملہ ہونے والی بھارتی اداکارائیں کون؟

ایک انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ،’بالی وڈ بہت شاندار ہے، لیکن یہ پھولوں کا بستر نہیں ہے،آپ کو بہت محنت کرنی ہوگی"۔

وہ مشہور کردار جو کرشمہ نے ٹھکرادیے:

کہا جاتا ہے کہ فلم ’عشق’ میں جوہی چاولہ کا کردار، فلم ’گپت’ میں منیشا کوئرالا کا کردار،  فلم ’اشوکا’ اور ’تلاش’ میں کرینہ کپور کا کردار ، فلم ’برائیڈ اینڈ پریجوڈس’ میں اشوریا رائے بچن کا کردار  یہ تمام وہ کردار  ہیں جن کیلئے کرشمہ کپور پہلا انتخاب تھیں۔

کرشمہ سافٹ ڈرنک کی برانڈ ایمبیسڈر:

یہاں آپ کرشمہ کپور کی اداکاری سے متاثر ہونے کے علاوہ انکا شکریہ بھی ادا کرسکتے ہیں کیونکہ انہوں نے  ’کوکا کولا’ کا تعارف کرایا۔

جی ہاں کرشمہ کپور  بالی وڈ کی پہلی مشہور شخصیت تھیں جنہوں نے بھارت میں کوکا کولا کا برانڈ ایمبیسیڈر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ’لکس’ کے لیے بھی پہلی بین الاقوامی اشتہار میں شرکت کی۔