کھیل

سابق بھارتی ریسلر ونیش پھوگاٹ ڈیبیو الیکشن میں کامیاب

سابقہ ریسلر نے کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔

Web Desk

سابق بھارتی ریسلر ونیش پھوگاٹ ڈیبیو الیکشن میں کامیاب

سابقہ ریسلر نے کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔

ونیش پھوگاٹ نے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ لے کر سیاست میں حصہ لیا تھا۔
ونیش پھوگاٹ نے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ لے کر سیاست میں حصہ لیا تھا۔

بھارت میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں کانگریس امیدوار اور  اولمپپیئن ریسلر ونیش پھوگاٹ نے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں جولانہ کی سیٹ جیت لی۔

سابق ریسلر نے اپنے ڈیبیو انتخاب میں بھارتیا جنتا پارٹی کے حریف یوگیش کمار کو 6,015 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

2019 کے انتخابات میں یہ سیٹ جننائک جنتا پارٹی (جے جے پی) کے امرجیت ڈھنڈا نے جیتی تھی، جو بی جے پی کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا حصہ تھی۔ 

حل ہی میں ونیش پھوگاٹ اس وقت چرچوں میں آئی تھیں جب گزشتہ ماہ پیرس اولمپکس کے دوران خواتین کے 50 کلوگرام فری اسٹائل فائنل میں شرکت کے لیےصرف 100 گرام وزن زیادہ ہونے پر انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

جس کے بعد ونیش نے اپنی نااہلی کے خلاف دائر درخواست میں لکھا تھا کہ انہیں فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی بنیاد پر چاندی کا تمغہ دیا جائے، تاہم انٹرنیشل اولمک کمیٹی نے ونیش کی جانب سے چاندی کا تمغہ دینے کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

اولمپک میں اس ناکامی کا سامنا کرنے کے بعد ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی 30 سالہ ریسلر نے دلبرداشتہ ہو کر کھیل کے میدان سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

ونیش پھوگاٹ نے گزشتہ ماہ پیرس اولمپکس سے جذباتی واپسی کے چند ہفتے بعد 6 ستمبر بھارتی سیاسی جماعت کانگریس میں شمولیت اختیار کر کے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے پارٹی ٹکٹ بھی حاصل کرلیا تھا۔

30 سالہ اولمپئن نے گزشتہ برس اس وقت بھی خبروں میں جگہ بنائی تھی جب انہوں نے سابق ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کا الزام لگا کر احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی تھی۔

خاتون ریسلر نے کانگریس میں شمولیت کے بعد کہا تھا کہ ’میں ملک کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرے ریسلنگ کریئر کے دوران میرا ساتھ دیا اور میں امید کرتی ہوں کہ میں ان کی توقعات پر پوری اتروں گی۔ مجھے اس بات پر بہت فخر ہے کہ میں ایک ایسی جماعت سے منسلک ہوں جو خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور ناانصافی کے خلاف کھڑی ہوتی ہے۔‘