تہجد کی نماز نے میری زندگی بدل دی، ریشم
خدا سے تعلق کبھی ختم نہیں کیا تھا، اداکارہ
پاکستانی اداکارہ ریشم نے انکشاف کیا ہے کہ 15 ماہ قبل جب سے انہوں نے تہجد کی نماز پڑھنا شروع کی ہے تو ان کی زندگی بدل گئی، انہیں سکون مل گیا، وہ تہجد کے ذریعے خدا سے باتیں کرتی ہیں۔
حال ہی میں ریشم ایک یوٹیوب چینل پر اداکار نورالحسن کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے کئی گوشوں سے پردہ اٹھایا اور اپنے عقائد اور مذہبی رجحانات سے متعلق کھل کر بات کی۔
دورانِ گفتگو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کبھی خدا سے تعلق ختم نہیں کیا تھا، کبھی وہ پانچ وقت تو کبھی تین وقت کی نماز پڑھتی رہتی ہیں۔
تاہم ان کے مطابق جب سے تہجد کی نماز پڑھنا شروع کی، انہیں بہت سارے سوالوں کے جوابات ملے ہیں، وہ تہجد کے وقت خدا سے ڈھیر ساری باتیں کرتی ہیں۔
ریشم نے اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے بھی ہمیشہ دعا کی ہے۔ لیکن تہجد واقعی زندگی کا ایک نیا مطلب ان کے سامنے لایا ہے۔
ریشم نے بتایا کہ ان کی پیدائش سے پہلے ہی ان کے والد کا انتقال ہو چکا تھا اور ان کی پرورش ان کی والدہ نے کی۔
ریشم کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت چھوٹی عمرمیں اپنے والدین کو کھو دیاتھا اور ان کی والدہ کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ 7 سال کی تھی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے آگے بڑھنے کے لیے اپنے کیریئر میں بہت جدوجہد کی ہے جس میں انہیں بہت قریبی پیاروں کی طرف سے دھوکہ دہی کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے شروع سے ہی تکبر نہیں کیا، کیوں کہ تکبر خدا کو ناپسند ہے، وہ شروع سے ہی خدا کے احکامات کے مطابق عاجزی پسند ہیں۔
اسی پروگرام میں انہوں نے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے پہلا عمرہ 18 سال کی عمر سے پہلے کیا تھا، جس وجہ سے انہیں پاسپورٹ پر اپنی عمر زیادہ لکھوانی پڑی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ان دنوں وہ 'دن' نامی ڈرامے کی شوٹنگ کر رہی تھیں اور پڑوس میں رہنے والی خاتون کے ساتھ عمرہ کرنے گئی تھیں، جنہوں نے انہیں بتایا کہ کم عمری میں پاسپورٹ نہیں بنتےجس وجہ سے انہوں نے اپنی عمر 7 سال زائد لکھوائی۔
ریشم نے شکوہ کیا کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے انہوں نے پاسپورٹ پر 7 سال زائد عمر لکھوائی تو انہیں طعنے دیے جانے لگے اور لوگ اب نہیں 51 سال کی بڑھیا لکھتے ہیں۔
اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جو لوگ انہیں 51 سال کا لکھتے ہیں، وہ بھلے انہیں 70 سال کا لکھیں، انہیں فرق نہیں پڑتا، انہوں نے عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ پر 7 سال زائد عمر لکھوائی تھی۔
خیال رہے کہ ریشم کا شمار پاکستان کی ممتازفلمی ستاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بہت چھوٹی عمر میں پی ٹی وی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اس کے بعد سلور اسکرین میں آگئیں جہاں انہوں نے کچھ بڑے ستاروں کے ساتھ کام کیا۔ فلمی دنیا میں انہوں نے فلم ’جیوا‘ سے شہرت حاصل کی۔
اداکارہ کا روحانیت سے گہرا تعلق ہے اور وہ اکثر اپنے ہاتھوں سے کھانا بنا کر لنگر تقسیم کرتی اور خیرات بانٹتی نظر آتی ہیں۔





