سانولی رنگت پر بیٹے کو چرسی اور نشئی کہا گیا، اسما عباس
دعائے خیر کی تصاویر پر لوگوں نے بیٹے کو ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔
سینیئر اداکارہ اسما عباس نے شکوہ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کی دعائے خیر کی تقریب کی تصاویر پر اسے کالا، نشئی اور چرسی کہہ کر ٹرول کیا گیا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کر کے اسما عباس نے اپنی روزمرہ کی مصروفیات اور دسمبر میں ہونے والی بیٹے کی شادی سے متعلق تیاریوں کے بارے میں گفتگو کی۔
اسی ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے اسما عباس نے کہا کہ وہ بیٹے کی شادی کی کچھ جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کریں گی لیکن تمام نہیں۔
اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں جب ان کے بیٹے کی دعائے خیر کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں تو ان کے بیٹے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جیسا ان کےبیٹے کو کہا گیا، وہ ویسے نہیں، ان کے بیٹے کچھ عرصہ قبل ہی تھائی لینڈ دوستوں کے ساتھ سیر کرنے گئے تھے، جہاں کہ موسم کی وجہ سے ان کی رنگت دھوپ کی وجہ سے جھلس گئی اور وہ سانولے دکھائی دیے۔
اداکارہ کے مطابق دعائے خیر کی تقریب کی تصاویر پر بیٹے کو جس انداز میں ٹرول کیا گیا اس کے بارے میں کیا کہوں۔
انہوں نے کہ بیٹے کی تصاویر پر لوگوں نے کمنٹس کیے کہ اداکارائیں خود تو بڑی خوبصورت ہوتی ہیں لیکن ان کے بیٹے اور شوہر دیکھو کتنے کالے ہوتے ہیں۔
اسما عباس نے کہا کہ ان کےبیٹے کی تصاویر پر بہت کچھ لکھا گیا، کسی نے ان کے بیٹے کو نشئی کہا تو کسی نے ان کے بیٹے کے لیے چرسی کا لفظ استعمال کیا، کسی نے کہا کہ بہو تو دیکھو کتنی پیاری اور بیٹا دیکھو، اسے بھی پارلر لے جاتے۔
انہوں نے بتایا کہ لوگوں کی ٹرولنگ اور تنقید کے بعد بیٹا پریشان ہوگیا اور اس نے نااراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری تصاویر سوشل میڈیا پر کیوں شیئر کیں۔
اسما عباس نے کہا کہ انہوں نے بیٹے کو سمجھایا کہ بعض لوگوں کا کام صرف کہنا ہوتا ہے، اس لیے کچھ لوگوں کو کہنے دیں، ان کا کام ہی یہی ہے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کا بیٹا ایسا نہیں، وہ بہت خوبصورت ہے، وہ تھائی لینڈ جاکر جھلس گیا تھا، ابھی وہ جم جائیں گے، پھر سے خوبصورت ہوجائیں گے۔
ان کے مطابق لوگوں نے یہ کمنٹس بھی کیے کہ اسما عباس کی بہو ان کی طرح ہی خوبصورت لگ رہی ہیں لیکن ان کا بیٹا کیسا لگ رہا ہے؟
سینیئر اداکارہ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں بھی خوبصورت کہا گیا لیکن اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ ان کے بیٹے کو چرسی اور نشئی کہا گیا۔
خیال رہے کہ زارا نور عباس نے حال ہی میں بھائی احمد عباس گل کی دعائے خیر کی تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں اسما عباس، زرا نور عباس اور احمد عباس کی اہلیہ کو بھی دیکھا گیا۔




