عالمی منظر

ٹرمپ کیلئے ایلون مسک پانی کی طرح پیسہ بہانے لگے

ارب پتی کا روزانہ ایک شخص کو 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان۔

Web Desk

ٹرمپ کیلئے ایلون مسک پانی کی طرح پیسہ بہانے لگے

ارب پتی کا روزانہ ایک شخص کو 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان۔

ایلون مسک ڈونلڈ ٹرمپ کے بھرپور حامی ہیں۔
ایلون مسک ڈونلڈ ٹرمپ کے بھرپور حامی ہیں۔

اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں اب پانی کی طرح پیسہ بہانے کا اعلان کردیا۔

ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر میں امریکی انتخابات تک ہر روز 10 لاکھ ڈالر اُس شخص کو دیں گے جو امریکی آئین کی حمایت میں اُن کی آن لائن پٹیشن پر دستخط کرے گا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے یہ اعلان ہفتہ کے روز کیا اور انہوں نے پنسلوانیا میں پروگرام کے شرکاء میں سے ایک کو 10 لاکھ ڈالر کا چیک دے کر اپنا وعدہ پورا بھی کردیا۔

اس پروگرام کا مقصد امریکی صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کو جمع کرنا تھا۔ اس تقریب کے دوران جان ڈریہر نامی شخص نے ٹیسلا کے بانی ایلون مسک سے 10 لاکھ ڈالر کا چیک وصول کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’ویسے جان کو علم نہیں تھا بہرحال، یو آر ویلکم۔‘

ایلون مسک کی پٹیشن دراصل ایک ’سیاسی ایکشن کمیٹی‘ کے حق میں ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کی 2024 کی صدارتی مہم کی حمایت کے لیے ہے۔

یہ تازہ مثال ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایلون مسک ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی حریف کملا ہیرس کے درمیان ہونے والے مقابلے پر اثر انداز ہونے کے لیے دولت کا بے دریخ استعمال کررہے ہیں۔

ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے لیے پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (پی اے سی) قائم کی ہے جس کا مقصد سخت مقابلے والی ریاستوں (سوئنگ اسٹیٹ) میں ووٹرز کو متحرک کرنا ہے۔

تاہم ایسا نظر آ رہا ہے کہ اس کمیٹی کو اپنے اہداف پورا کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ایلون مسک ٹرمپ کی حمایت میں سوشل میڈیا پر بھی بہت متحرک ہیں،  ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر کمالا ہیریس جیت جاتی ہیں تو یہ آخری الیکشن ہوں گے، جس سے پتا چلتا ہے کہ امریکا مزید موجود نہیں رہے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قتل کی دو کوششیں یہ ثابت کرتی ہیں کہ وہ کچھ لوگوں کی نظروں میں کھٹک رہے ہیں اور ’اسٹیٹس کو‘ یعنی جمود کو توڑ رہے ہیں جو کمالا ہیرس نہیں کر سکتیں۔ اسی لیے کوئی بھی انہیں کو مارنے کی کوشش نہیں کر رہا۔‘

ایلون مسک نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’کٹھ پتلی کو قتل کرنا فضول ہے۔‘

وہ جس پٹیشن پر لوگوں کو دستخط کرنے کا کہہ رہے ہیں اُس میں لکھا ہے کہ: ’پہلی اور دوسری ترمیم آزادیٔ اظہار اور ہتھیار اُٹھانے کے حق کی ضمانت دیتی ہے۔ ذیل میں دستخط کرکے، میں پہلی اور دوسری ترمیم کے لیے اپنی حمایت کا وعدہ کر رہا ہوں۔‘