بلاول نے بھانجے کی پیدائش اور 26ویں ترمیم کے درمیان تعلق بتادیا
جس دن 26ویں آئینی ترمیم پاس ہوئی، اسی دن ہمارا ننھا ذوالفقار پیدا ہوا، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری کے ہاں تیسرے بیٹے کی پیدائش اور پارلیمنٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کے درمیان گہرا تعلق سمجھا دیا۔
صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے 20 اکتوبر کو اپنے گھر تیسرے بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری سنائی تھی۔
یہ وہی دن تھا جب سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دیدی تھی، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن کے نمایاں کردار کی بدولت حکومت دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
اس حوالے سے 'ایکس' پر اپنی پوسٹ میں بلاول بھٹو نے لکھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قبر کے کتبے پر درج تحریر ’ایک شاعر اور ایک انقلابی‘ کے الفاظ پر ختم ہوتی ہے، میرے خیال میں یہ اقتباس ان کلمات سے لیا گیا ہے؛
'ذوالفقار علی بھٹو، جس نے شہادت کو گلے لگایا، ایک عوامی لیڈر، غریبوں کا دوست، ایک شاعر اور ایک انقلابی، جو اپنی موت سے قبل ہی ایک مثالی شخصیت بن گیا'۔
بلال بھٹو نے مزید لکھا کہ 'جس دن میں نے 26ویں آئینی ترمیم پاس کروائی تھی، اسی دن ہمارا ننھا ذوالفقار پیدا ہوا تھا، یہ یقیناً قدرت کے انصاف کا استعارہ ہے کہ ننھا ذوالفقار ایک بدلے ہوئے پاکستان میں جوان ہوگا، ایسا پاکستان جہاں نہ تو اسے اور نہ ہی کسی اور پاکستانی کو اُن ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑے جنکا سامنا میرے خاندان کو رہا، بالخصوص اُس ادارے کے ہاتھوں تو بالکل نہیں جو انصاف کی فراہمی کا ذمہ دار ہے'۔
یاد رہے کہ بختاور بھٹو نے تیسرے بیٹے کی پیدائش کے اعلان کے بعد ایک سوشل میڈیا پیغام میں نومولود کے نام سے بھی آگاہ کردیا تھا، انہوں نے نومولود کا نام ’میر ذوالفقار محمود چوہدری‘ رکھا ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بختاور بھٹو زرداری کے نانا اور بے نظیر کے والد کا نام بھی ’ذوالفقار‘ ہی تھا جنہوں نے وزیراعظم، وزیرداخلہ، وزیر خارجہ و دیگر اہم مناصب سنبھالے۔ یہی نہیں بلکہ انہیں قائدِعوام یعنی عوام کا رہبر اور بابائے آئینِ پاکستان بھی کہا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری 27 نومبر 2020 کو دبئی کے بزنس مین محمود چوہدری سے شادی کی بندھن میں بندھ گئی تھیں، 10 اکتوبر 2021 کو اپنے پہلے بیٹے میر حاکم محمود چوہدری کا استقبال کیا۔
بختاور بھٹو اور محمود کے ہاں 5 اکتوبر 2022 کو دوسرے بیٹے کی ولادت ہوئی جس کا نام میر سجاول محمود چوہدری رکھا گیا۔



