انجلینا سے دشمنی میں بریڈ پٹ نے سابقہ اہلیہ کا سہارا لے لیا
بریڈ پٹ نے انجلینا کیخلاف مہم کیلئے جینیفر اینسٹن سے مدد لے لی۔
جیسے جیسے اداکاروں اور سابقہ شریک حیات بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان تنازع بڑھتا جا رہا ہے، ذاتیات اور پروفیشنل ازم کے درمیان کا فرق مٹتا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں سامنے آنے والی ایک نئی رپورٹ میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ بریڈ پٹ نے آسکر 2025 میں انجلینا جولی کی فلم 'ماریہ' کے خلاف مہم چلانے کے لیے اداکارہ کی مخالف اپنی سابقہ بیوی جینیفر اینسٹن کی مدد لی ہے۔
فلم 'ماریہ' گلوکارہ ماریا کیلس کی بایوپک ہے، اس فلم کا حال ہی میں وینس فلم فیسٹیول میں ورلڈ پریمیئر ہوا اور انجلینا کی خاصہ اداکاری کو سراہا گیا۔
خیال رہے کہ بایوپک ماریہ میں اپنی بہترین پرفارمنس کی وجہ سے انجلینا جولی 2025 کے آسکر میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے کی دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔
یہ فلم اس سال کے آخر میں ریلیز کی جائے گی، کہا جارہا ہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم اس کے لیے ایک بڑی آسکر مہم شروع کر رہا ہے۔
فلم کے خلاف مہم
دوسری جانب ان ٹچ ویکلی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بریڈ پٹ اور جینیفر اینسٹن ہالی وڈ سے ایسے لوگوں کی خدمات حاصل کر رہے ہیں جو انجلینا کو پسند نہیں کرتے تا کہ وہ یہ اہم ایوارڈ حاصل نہ کرسکیں۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ 'انڈسٹری میں انجلینا کے کچھ طاقتور دوست بھی ہیں، لیکن جینیفر کا گروپ ایوارڈ کےلیے نامزدگی کے عمل کو آگے بڑھانے کے قابل ثابت ہوا ہے اور ٹھیک یہی کام انہوں نے دو سال پہلے بھی کیا تھا'۔
رپورٹ میں ایک ذریعہ کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ 'ان لوگوں کے ساتھ صلح کا کوئی آپشن نہیں ہے، یہ انجلینا کے لیے خاصی مشکل صورتحال ہے۔'
رپورٹ میں ایک اور ذریعے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اگرچہ انجلینا اپنے سوشل سرکل کے ذریعے فلم کے لیے مہم چلانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن یہ ہاری ہوئی جنگ ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ 'جینیفر کا سوشل نیٹ ورک ناقابل یقین حد تک طاقتور ہے، یہ مضبوطی سے بنا ہوا ہے، اور یہ اے-لسٹرز سے بھرا ہوا ہے'۔
پابلو لارین کی ہدایت کاری میں بننے والی سیریز ماریہ ایک نفسیاتی ڈرامہ ہے، اس فلم میں انجلینا نے اداکاری کی ہے اور 1970 کی دہائی میں اوپیرا گلوکار کی زندگی کے آخری سالوں کو پیش کیا ہے۔
ماریہ میں پیئرفرانسیسکو فاوینو، البا روہرواچر، ہالوک بلجینر، اور کوڈی سمٹ میکفی بھی اداکاری کی، یہ 11 دسمبر کو نیٹ فلکس پر نشر ہونا شروع ہو جائے گی۔




