ہمیشہ خوبصورت نظر آنے کے لیے کیا کریں؟
ہم اکثر ان سیلیبرٹیز سے متعلق بات کرتے ہیں، جو 40یا 50سال کی ہونے کے باوجود نہ صرف خوبصورت اور پُرکشش نظر آتی ہیں بلکہ اپنی عمر سے کہیں زیادہ جوان بھی دکھائی دیتی ہیں، اس کی بنیادی وجہ ان کی روزمرہ کی عادتیں ہیں۔
اس کے برعکس ہم اکثر ایسی خواتین کو دیکھتے ہیں، جو 25سال کی ہونے کے باوجود 30 یا35برس کی محسوس ہوتی ہیں۔
اس کی وجہ وہ عادتیں ہیں، جن سے لاعلمی ہمیں تیزی سے بڑھاپے کی جانب راغب کررہی ہوتی ہیں، جواں عمر نظر آنے کے لیے دنیا بھر میں ارب پتی افراد مختلف جتن کرتے ہیں مگر چند عام عادات کو ترک کردینا بڑھتی عمر کے اثرات کو ظاہر ہونے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، آئیے ان کے بارے میں جانتے ہیں:
کیا آپ بھی کولڈ ڈرنکس یا کسی بھی قسم کے مشروبات کے لیے گلاس کے بجائے اسٹرا (Straw) کا استعمال کرتی ہیں؟ اگر ایسا ہے تو اسٹرا کا استعمال چھوڑدیں کیونکہ اس کا استعمال آپ کے چہرے پر لکیریں اور جھریاں پڑنے کا سبب بنتا ہے۔
بیوٹی ایکسپرٹس کی رائے کے مطابق کسی بھی مشروب کا استعمال گلاس سے ہی کیا جانا چاہیے، یہی حال سگریٹ پینے والوں کا بھی ہے، ایسے افراد کے چہرے کی جِلد وقت سے پہلے ڈھلک جاتی ہے۔
سگریٹ پینے کا انداز جھریوں کا سبب بنتا ہے، بہت زیادہ تناؤ بھی جسمانی خلیات کو نقصان پہنچانے اور عمر کی رفتار بڑھانے کا سبب بنتا ہے، اس لیے کوشش کریں کہ آپ ایک وقت میں ایک ہی کام کریں۔
یہ جاننے کے باوجود کہ چینی ہمارے لیے بہتر نہیں، دنیا میں لوگوں کی اکثریت میٹھے کا شوق رکھتی ہے، یہ وزن میں اضافے کے ساتھ ساتھ آپ کے چہرے کی عمر بڑھانے، آنکھوں کے نیچے حلقے اور جھریوں کا سبب بن جاتا ہے۔
ہم اپنی زندگی کی مصروفیات میں اس قدر مگن ہوجاتے ہیں کہ اکثر دوست احباب بہت پیچھے رہ جاتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دوست روح کیلئے اچھے ہوتے ہیں، درحقیقت ان کے ساتھ گزارا گیا وقت جسم پر عمر کے اثرات کی روک تھام کیلئے مددگار ثابت ہوتا ہے۔
وہ خواتین جو صرف مصروفیات کے سبب ذہنی تناؤ کا شکار رہتی ہیں، ان پر عمر کے اثرات وقت سے پہلے ظاہر ہونا شروع ہوجاتے ہیں، آپ کو اپنی عمر سے بڑا دکھانے والی ایک عادت موئسچرائزنگ کو نظرانداز کرنا بھی ہے۔
موئسچرائزنگ کی صورت میں جِلد کی نمی کو برقرار رکھا جاسکتا ہے، نمی کی کمی جِلد کی سطح کو خشک کر دیتی ہے، جو جِلد پر زائد جھریوں کو نمودار کردیتی ہے لیکن باقاعدگی سے موئسچرائزنگ کرنے سے آپ کی جِلد نرم رہتی ہے اور جھریاں بننے کے عمل کو مؤخر کر دیتی ہے۔
عام طور پر اوندھے منہ سونا اکثر افراد کی عادت ہے لیکن یہ عادت بھی چہرے پر جھریاں پڑنے کا سبب بن سکتی ہے، لہٰذا ہمیشہ خیال رکھیں کہ کبھی اوندھے منہ نہ سوئیں اس کے علاوہ چہرے پر تکیے کا دبائو بھی جھریوں کا باعث بن سکتا ہے۔
ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنا بہت ہی زیادہ عام عادت ہے اور اکثر لوگ بیٹھنے کے دوران اس پر توجہ بھی نہیں دیتے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنے سے ہائی بلڈپریشر، ٹانگوں پر ورم اور دورانِ خون متاثر ہونے جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
روزانہ ایکسرسائز کرنے سے عمر کے بڑھتے اثرات کو بھی بآآسانی چھپایا جاسکتا ہے لیکن ہم میں سے زیادہ تر افراد ایکسرسائز صرف اس وقت کرتے ہیں، جب ان کا وزن بڑھ جائے، 2 ہفتے جِم جوائن کرنے سے آپ صرف چند پاؤنڈ وزن میں کمی لاپاتی ہیں، تاہم روزانہ ایکسرسائز کرنے کا معمول بنالیا جائے تو یہ آپ کا وزن بڑھنے نہیں دے گی۔
دھوپ کی مضر شعاعوں سے بچنے کے لیے سن گلاسز کا استعمال ضروری قرار دیا جاتا ہے، لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ سڑک کے کنارے فروخت کیے جانے والے کم قیمت سن گلاسز آپ کی آنکھوں کو اسٹائل تو دے سکتے ہیں لیکن سورج کی مضر شعاعوں اور اس کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ نہیں رکھ سکتے، اگر آپ بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رہنا چاہتی ہیں تو معیاری سن گلاسز استعمال کیجیے، جو آپ کو سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں سے محفوظ رکھیں گے۔
ہم میں سے اکثر خواتین خوبصورت اور کم عمر نظر آنے کے لیے چہرے کی جِلد کا تو بےحد خیال رکھتی ہیں لیکن گردن کو بھول جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں گردن کا رنگ چہرے سے مختلف لگتا ہے، اس کی جِلد لچکدار ہوجاتی ہے اور جھریاں پڑنے سے آپ پر بڑھاپے کے اثرات نمایاں ہوجاتے ہیں۔
عمر بڑھنے کے ساتھ گردن پر لائنیں زیادہ نمایاں ہونے لگتی ہیں، اسی لیے ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ چہرے کے ساتھ گردن کو بھی اتنی ہی توجہ دی جائے، مثلاً گردن کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، چہرے پر مساج کے وقت گردن کا مساج بھی ہر گز نہ بھولیں، یہی بات ہاتھوں کیلئے بھی ہے، جو خواتین کی شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ لازمی نہیں کہ صرف چہرہ ہی خوبصورت لگے، ہاتھ اور پاؤں پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوتی ہے، لہٰذا مینی کیور اور پیڈی کیور کا بھی خاص خیال رکھا جائے، یہی نہیں، دھوپ میں نکلتے وقت ہاتھ اور پیروں پر بھی سن بلاک لازمی لگائیں۔



