سلمان خان نام ہی نہیں کام کے بھی دبنگ نکلے
اداکار قتل کی دھمکیوں کے باوجود ٹوور کے لیے تیار

بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان صرف نام کے ہی نہیں بلکہ کام کے بھی دبنگ نکلے اور قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کے باوجود کام سے متعلق اپنی کمٹمنٹس نبھانے کے لیے تیار ہیں۔
سیکیورٹی کے بارے میں بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان اداکار 7 دسمبر کو دبئی میں 'دبنگ دی ٹور - ری لوڈڈ' کے ایک حصے کے طور پر پرفارم کرنے کے لیے اسٹیج پر نظر آئیں گے۔
سلمان کے دورے کی خبریں سوشل میڈیا پر جاری کر دی گئی ہیں اور اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی انسٹاگرام پر ایونٹ کا پوسٹر شیئر کیا۔
یہ رنگا رنگ تفریحی گالا جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد سلمان خان کی پہلی بین الاقوامی اپیئرنس ہوگی۔
سلمان اور سوناکشی کے علاوہ جیکولین فرنینڈس، دیشا پٹانی، تمنا بھاٹیہ، پربھو دیوا، منیش پال، سنیل گروور اور آستھا گل بھی اس تقریب میں پرفارم کریں گے۔
پوسٹر کے مطابق، دبئ ہار بر پر منعقد ہونے والا یہ لائیو پروگرام تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہے گا جس میں رقص، موسیقی، تفریح، قہقے اور پارٹی ہو گی۔
کچھ دن پہلے سلمان نے اس ٹوور کے حوالے سے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر اپ ڈیٹ شیئر کی تھی۔
انہوں نے شیئر کیا تھا کہ 'DUBAI DA-BANGG The Tour کے لیے تیار ہو جاؤ - 7 دسمبر 2024 کو ری لوڈ کیا گیا'۔
اس کے علاوہ سلمان نے اضافی حفاظتی اقدامات کے ساتھ سکندر اور بگ باس 18 جیسے اپنے پروجیکٹس کی شوٹنگ بھی جاری رکھی ہے۔
سلمان کو جان سے مارنے کی دھمکی
سلمان خان کو مبینہ طور پر ایک اور جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے جس میں نامعلوم کالر نے اداکار سے 2 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔
اس سے قبل ورلی پولیس نے ممبئی پولیس کے ٹریفک ہیلپ لائن نمبر پر سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کرنے والے مختلف واٹس ایپ پیغامات بھیجنے پر نامعلوم شخص کے خلاف ایک جرم درج کیا تھا۔
تازہ ترین دھمکیاں اس وقت سامنے آئی ہیں جب ممبئی پولیس نے سلمان خان اور این سی پی لیڈر ذیشان صدیق کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں اتر پردیش کے نوئیڈا سے ایک 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا تھا، اس شخص کو پیر کو حراست میں لیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ ذیشان کے والد بابا صدیقی (66) جو تین بار کے ایم ایل اے اور سابق ریاستی وزیر تھے، کو ممبئی کے باندرہ میں ان کے بیٹے کے دفتر کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
لارنس بشنوئی گینگ نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی اور سلمان کے ساتھ سیاست دان کے قریبی تعلقات کو ان کے قتل کی ایک وجہ قرار دیا۔
رواں سال اپریل کے مہینے میں اداکار کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔