فلم / ٹی وی

'کبھی میں کبھی تم' کا اختتام، ہانیہ کی یادوں کی بارات کے چرچے

ہانیہ عامر نے بطور 'شرجینا' فینز سے دل کی بات کہہ دی

Web Desk

'کبھی میں کبھی تم' کا اختتام، ہانیہ کی یادوں کی بارات کے چرچے

ہانیہ عامر نے بطور 'شرجینا' فینز سے دل کی بات کہہ دی

کبھی میں کبھی تم کا اختتام، ہانیہ کی یادوں کی بارات کے چرچے

پاکستانی ہردلعزیز اداکارہ ہانیہ عامر نے مہینوں پر مشتمل اپنے سپر ہٹ ڈرامے 'کبھی میں کبھی تم'  کے سیٹ پر گزارے یادگار سفر کی جھلکیوں کے ساتھ محبت سے بھرا پیغام بھی جاری کردیا۔

'کبھی میں کبھی تم' پاکستانی نجی ٹی وی چینل کا ایک ایسا کامیاب ڈراما ثابت ہوا جس نے ویورز شپ کے تمام ریکارڈز توڑ دیے۔

ناظرین نے فرحت اشتیاق کی اسٹوری کے ساتھ بدر محمود کی ہدایت کاری کو بے انتہا سراہا۔

چار مہینوں تک ٹی وی اسکرینز اور یوٹیوب پر سب سے محبت حاصل کرنے کے بعد یہ ڈراما 5 نومبر کی رات میگا ایپیسوڈ کے ساتھ اپنے چاہنے والوں کو الوداع کہنے والا ہے۔

ہانیہ عامر نے ایک ایسی پوسٹ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں انکی سیٹ پر لی گئی یادگار 20 جھلکیاں شامل ہیں۔

ان جھلکیوں میں شرجینا اور مصطفیٰ کو اپنے کرائے کے گھر میں ایک ساتھ بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک تصویر اس مشہور بارش کے سین کے دوران لی گئی ہے جہاں سے محبت کی پہلی جھلک ڈرامے میں دکھی۔

 اس کے علاوہ پانی میں بھیگنے کے بعد ہانیہ عامر کا آگ کے پاس بیٹھ کر کپکپانے کی ویڈیو بھی شامل ہے۔

ہانیہ عامر نے عدیل یعنی عماد عرفانی، ڈرامے میں بہن کا کردار نبھانے والی اداکارہ زینب اور اپنے والدین اور دیگر فنکاروں کے ساتھ بھی تصاویر شامل کیں۔

ہانیہ عامر نے صرف کاسٹ کے ساتھ ہی نہیں بلکہ ہدایتکار بدر محمود اور دیگر ٹیم ممبرز کے ساتھ بھی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔

ہانیہ عامر نے لکھا کہ 'یہ 20 تصاویر ڈرامے کے سیٹ پر گزارے خوبصورت سفر کو بیان کرنے کیلئے کافی نہیں ہیں، ہر ایک شخص نے اپنے دل و جان سے کام کیا، ان تمام لوگوں سے زیادہ کوئی پرفیشنل ہو ہی نہیں سکتا ہے، کیا حسین سفر تھا یہ'۔

انہوں نے لکھا کہ 'دل کی گہرائیوں سے شکریہ ان تمام لوگوں کا جو اس پراجیکٹ کا حصہ بنے، ایسے بہترین لوگوں کے ساتھ کام کرنا میری خوش قسمتی تھی، کاسٹ میں شامل کچھ اسٹارز کے ساتھ کوئی بھی تصویر مل نہیں سکی لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وہ میرے دل کے قریب نہیں'۔

ہانیہ عامر نے لکھا کہ 'ہمیں اس قدر چاہنے کا شکریہ، وہ تمام لوگ جنہوں نے ڈرامے کو دیکھا، اسکو سراہا، مجھے ان سے محبت ہے، مصروفیات میں سے وقت نکال کر ہمارے کام پر مختلف کانٹینٹ بنانے والوں کے بھی شکر گزار ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'کئی ہفتوں ہمارے ساتھ جڑے رہنے کیلئے شکریہ، آپ سب کی محبت میرے لیے سب کچھ ہے، یہ خوبصورت سفر اپنے اختتام پر آپہنچا ہے اور میں اپنی آؤڈینس کی محبت کا الفاظ میں شکر ادا کر ہی نہیں سکتی، آپ سب ہم پر بہت مہربان رہے، امید ہے کہ آپ سب کو آخری قسط بھی پسند آئیگی، آپ سب کیلئے زبردست انٹرٹینمنٹ کا اہتمام کیا گیا ہے، جلد ملاقات ہوگی، آپکی پیاری شرجینا'۔

تازہ ترین