وائرل اسٹوریز

بریانی فلیور والی آئسکریم دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین سیخ پا

یہاں بریانی کے علاوہ کیچپ، چپس، زیتون کا تیل اور چائے کے فلیور والی آئسکریم بھی موجود ہے

Web Desk

بریانی فلیور والی آئسکریم دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین سیخ پا

یہاں بریانی کے علاوہ کیچپ، چپس، زیتون کا تیل اور چائے کے فلیور والی آئسکریم بھی موجود ہے

(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)
(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)

عجیب اور منفرد ذائقے والی آئس کریم کوئی نئی بات نہیں، سوشل میڈیا پر آئے روز دنیا بھر میں پائے جانے والے نت نئے ٹرینڈز نظر آتے رہتے ہیں۔

دنیا کے مختلف حصوں سے وائرل ہونے والی مختلف ویڈیوز میں بعض اوقات انتہائی لذیذ آئسکریم فلیورز دکھائے جاتے ہیں جنہیں دیکھتے ہیں منہ میں پانی آجاتا ہے لیکن کیا آپ نے کبھی بریانی کے ذائقے والی آئس کریم کے بارے میں سنا ہے؟

حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ریل وائرل ہوئی جس میں آکاش مہتا نامی ولاگر دبئی مال میں موجود ہے جہاں وہ ایک آئسکریم شاپ پر آئسکریم کے نت نئے ذائقے آزما رہا ہے۔

آکاش مہتا نے ویڈیو میں مینو بھی دکھایا جس میں روایتی فلیورز کے بجائے انوکھے فلیورز موجود تھے، آکاش مہتا نے مینیو سے کیچپ، چپس، بریانی، زیتون کا تیل اور چائے کے فلیور والی آئسکریم کا انتخاب کیا۔

کیچپ فلیور والی آئسکریم چکھنے کے بعد آکاش مہتا کا ردعمل مبہم تھا، اس نے اعتراف کیا کہ وہ نہیں جانتا کہ وہ اس آئسکریم کے بارے میں کیسا محسوس کر رہا ہے۔

اس کے بعد اس نے بریانی کے ذائقے والی آئس کریم چکھی اور کہا کہ 'ایسی کوئی چیز ہونی ہی نہیں چاہیے لیکن مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ فلیور واقعی مقبول ہونے والا ہے'۔

آکاش مہتا نے بریانی فلیور والی آئسکریم چکھ کر مزید کہا کہ 'یہ ایک بار چکھنے لائق ضرور ہے لیکن شاید یہ پوری کھا کر ختم کرنے لائق نہیں ہے'۔

اس کے بعد اُس نے زیتون کے تیل کے فلیور والی آئسکریم آزمائی اور اسکے ذائقے کو 'حیرت انگیز' قرار دیا، تاہم اسے سب سے زیادہ 'چائے فلیور' والی آئس کریم پسند آئی۔

اس ویڈیو پر انٹرنیٹ صارفین کے کافی دلچسپ ردعمل سامنے آرہے ہیں، آکاش مہتا نے بتایا کہ یہ آئسکریم شاپ دبئی مال میں واقع ہے۔

کمنٹ سیکشن میں کئی سوشل میڈیا صارفین بریانی فلیور والی آئسکریم دیکھ کر سیخ پا نظر آئے اور آکاش مہتا کی اس رائے سے اتفاق کیا کہ ایسی کوئی چیز ہونی ہی نہیں چاہیے۔

ایک صارف نے لکھا کہ 'بریانی کے مداح کی حیثیت سے میں اِس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہوں'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'جس نے بھی بریانی فلیور والی آئسکریم بنانے کی تجویز دی ہے اسے جیل بھیج دینا چاہیے'۔

تاہم بعض صارفین نے ان انوکھے فلیورز کو سراہا اور انہیں آزمانے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

تازہ ترین