کھیل

بھارت کا چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

پی سی بی نے ایسی کسی درخواست کے موصول ہونے کی تردید کردی۔

Web Desk

بھارت کا چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

پی سی بی نے ایسی کسی درخواست کے موصول ہونے کی تردید کردی۔

پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو کئی آپشنز دیے تھے۔
پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو کئی آپشنز دیے تھے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا)  نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے میچز دبئی میں کروانے کی درخواست کی ہے۔

 تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام نے باضابطہ طور پر درخواست موصول ہونے کی تردید کی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی کرکٹ بورٖڈ نے پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے،  وہ میچ ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلنا چاہتے ہیں اور دبئی، بھارت کے میچوں کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار ہے۔‘

بھارتی میڈیا کی سامنے آنے والی ان رپورٹس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ’ہمارا مؤقف صاف ہے کہ اگر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو ہمیں تحریری طور پر دیں لیکن انڈین بورڈ نے ابھی تک ہمیں تحریری طور پر نہیں بتایا، ہمارے ساتھ کسی نے ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں کی اور نہ ہم اس پر بات کرنے کو تیار ہیں۔‘

میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس ابھی تک کوئی خط نہیں پہنچا، اگر کوئی ایسی چیز آتی ہے تو ہمیں اپنی حکومت کے پاس جانا پڑے گا اور حکومت جو فیصلہ کرے گی مجھے اس پر عمل کرنا پڑے گا'۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 'پاکستان گزشتہ کئی برسوں سے اچھا رویہ اپناتا آیا ہے اور ہم امید کریں گے کہ ہر دفعہ ہم سے اچھے رویے کی توقع نہ رکھی جائے۔‘

انہوں نے انڈین ٹیم کے پاکستان میں قیام کے حوالے سے کہا کہ ’ہم ہر ٹیم کو سہولت دیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ باہر کے لوگ بھی آئیں۔‘

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا آپریشنز مینیجر شکیل خان نے غیر ملکی اردو میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو پاکستان نہ آنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بھارتی میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی۔‘

خیال رہے کہ 19 فروری سے نو مارچ 2025 تک ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے میچز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

 اس سے قبل خبریں تھیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان بھیجنے پر رضامند ہوگیا ہے۔

بھارت کے علاوہ دیگر 6 ٹیموں نے ایونٹ میں ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کی تصدیق کردی ہے تاہم بھارت سیکیورٹی کے بہانے بناکر ٹیم بھیجنے سے انکاری ہے اور ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانا چاہتا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا مسودہ پہلے ہی تیار کر لیا تھا اور انڈیا کو اپنے میچ لاہور میں کھیلنا تھے۔

اصل منصوبے کے مطابق آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا مکمل شیڈول پیر کو جاری ہونا تھا لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ عالمی کرکٹ باڈی کو ضروری ترامیم کرنے میں کتنا وقت درکار ہوگا۔

تازہ ترین