دھرمیندر اپنی بیٹیوں کے انڈسٹری جوائن کرنے کے مخالف تھے؟
دھرمیندر اپنی بیٹیوں کے مختصر لباس پہننےکوبھی پسند نہیں کرتے تھے۔
دھرمیندرا اور ہیمامالنی کی جوڑی کو بالی وڈ کی پسندیدہ جوڑیوں میں سے ایک مانا جاتا تھا اور پھر یہ فلمی جوڑا حقیقی رشتے کے بندھن میں بھی بندھ گیا لیکن بہت سی وجوہات کی بنا پر دونوں اکٹھے نہیں رہتے۔
دھرمیندر اور ہیمامالنی کی پہلی ملاقات 1970 میں فلم ‘ تُو حسیں میں جوان’ کے سیٹ پر ہوئی، اس فلم میں ہی دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوگئی لیکن شادی کے بندھن میں وہ 1980 میں بندھے کیونکہ دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے۔
ہندو میرج ایکٹ کے تحت دھرمیندر پہلی بیوی کے ہوتے دوسری شادی نہیں کرسکتے تھے اس لیے اسلام قبول کرکے ہیما مالنی سے شادی کی۔
دھرمیندرا اور ہیما مالنی کے ہاں پہلی بیٹی ایشادیول کی پیدائش 2 نومبر 1981 میں ہوئی، جبکہ دوسری بیٹی آہانہ دیول 28 جولائی 1985 میں اس دنیا میں آئیں۔
ہیما مالنی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ دھرمیندر اپنی دونوں بیٹیوں کے فلم انڈسٹری میں آنے کے خلاف تھے، انہیں اپنی بیٹیوں کے مختصر لباس پہننے پر بھی اعتراض تھا اور وہ دونوں بیٹیوں کو شہر سے باہر بھی جانے نہیں دیتے تھے۔
اداکارہ ہیما مالنی کا شوہر کے بارے میں کہنا تھا کہ جب بھی وہ ممبئی آتے تو اپنی بیٹیوں سے ملنے ضرور گھر آتے اور ان سے ان کی پڑھائی سے متعلق بات چیتے کرتے تھے۔
ہیما مالنی کا مزید کہنا تھا کہ دھرمیندر اپنی بیٹیوں کے لباس سے متعلق بہت حساس تھے، وہ انہیں چھوٹے کپڑوں میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے، اس لیے جب بھی وہ گھر آتے تو دونوں بیٹیاں شلوار قمیض پہن لیا کرتی تھیں۔
جب ایشا اور آہانہ دیول نے فلم انڈسٹری جوائن کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تو ان کے والد نے انہیں منع کردیا، دھرمیندر کا کہنا تھا کہ دونوں بیٹیاں ڈانس اور دیگر چیزیں سیکھ لیں لیکن فلموں میں قدم نہ رکھیں۔
دھرمیندر اپنی بیٹیوں کو زیادہ تر گھر پر رہنے کا کہا کرتے تھے اور آؤٹ آف ٹاؤن جانے کی حمایت نہیں کرتے تھے، ایشا اور آہانہ کو جب بھی کسی دوسرے شہر میں منعقدہ اسپورٹس فیسٹول میں جانا ہوتا تھا تو دھرمیندر اعتراض کیا کرتے تھے۔
اپنے ایک انٹرویو میں ایشا دیول کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے والد ان کی 18 سال کی عمر میں ہی شادی کردینا چاہتے تھے، ان کے والد نہیں چاہتے تھے کہ وہ فلموں میں کام کریں لیکن ہم نے اپنی ماں کے نقش قدم پر چل کر فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔
خیال رہے کہ ایشا دیول نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2002 میں فلم ‘کوئی میرے دل سے پوچھے’ سے کیا، یہ فلم باکس آفس پر ناکام ٹھہری۔
بعدازاں 2003 میں انہوں نے ‘ ایل او سی کارگل ’ میں مختصر کردار نبھایا، 2004 میں وہ ایک کامیاب فلم دھوم میں نظر آئیں۔
‘جسٹ میریڈ’،‘ڈارلنگ’،‘سنڈے’،‘نوانٹری’،‘شادی نمبر ون’ جیسے فلموں میں بھی انہوں نے جلوے بکھیرے۔
انہوں نے کئی فلموں میں کام کیا لیکن ایک کامیاب اداکارہ کے طور پر خود کو منوا نہیں سکیں۔
2012 میں انہوں نے بھارت نامی کاروباری شخص سے شادی کرلی اور رواں سال ہی 12 برس بعد جوڑے نے اپنا رشتہ ختم کردیا۔
دوسری جانب آہانہ دیول نے بھی 2002 میں فلم ‘ نہ تم جانو نہ ہم ’ کے ذریعے بالی وڈ میں قدم رکھا اور ایک ہی فلم کے بعد پردے سے غائب ہوگئیں۔






