انفوٹینمنٹ

لاہور شہر قاتل بن گیا ہے، صبا حمید کی دہائی

اداکارہ نے شہر کی فضا میں چھائی اسموگ پر پریشانی کا اظہار کردیا۔

Web Desk

لاہور شہر قاتل بن گیا ہے، صبا حمید کی دہائی

اداکارہ نے شہر کی فضا میں چھائی اسموگ پر پریشانی کا اظہار کردیا۔


ٹی وی کی سینیئر اداکارہ صبا حمید نے پاکستان کے صوبے پنجاب بالخصوص صوبائی دارالحکومت لاہور میں چھائی فضائی آلودگی پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہر سال کی طرح اس سال بھی پنجاب کے مختلف شہروں کو زہریلی دھند (اسموگ) نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے نہ صرف بہت سے بیماریاں پھیل رہی ہیں بلکہ یہ صورتحال سانس کے مسائل کا شکار افراد کے لیے بھی انتہائی تکلیف دہ ہے۔


لاہور اور اس کے ایک کروڑ 30 لاکھ باشندوں کو ایک ہفتے سے سانس گھنٹے جیسے مسائل کا سامنا ہے کیوں کہ  ہوا کے معیار کا انڈیکس اس ماہ بار بار 1,000 کے مارک کو کراس کرچکا ہے جبکہ 300 سے اوپر کی کوئی بھی چیز خطرناک سمجھی جاتی ہے۔

فضائی آلودگی کے سبب اپنی پریشانی کا اظہار اداکارہ صبا حمید نے بھی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ایک ویڈیو کی صورت میں کیا۔

مذکورہ ویڈیو ایک کار میں سفر کے دوران بنائی گئی جس میں فضا میں ہر سو چھائی اسموگ کو باآسانی دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو کے ساتھ ہی اپنا پیغام شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ اسموگ ہمیں مار رہی ہے اور یہ بھیانک چیز ختم ہوتی بھی نظر نہیں آرہی۔

صباحمید کا کہنا تھا کہ لاہور جو کبھی باغات کے شہر کے نام سے جانا جاتا تھا اب خاموش قاتل بن چکا ہے، ساتھ ہی انہوں نے دل ٹوٹنے کا ایموجی بھی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ اداکارہ صبا حمید پہلی شخصیت نہیں جنہوں نے لاہور کی اسموگ پر تشویش کا اظہار کیا ہو بلکہ ان سے پہلے اداکار بلال قریشی اور اداکارہ صبا قمر بھی اپنی مشکل کا اظہار کرچکے ہیں۔

صبا قمر نے اپنی اسٹوری میں لکھا تھا کہ ’ڈیئر لاہور، میں سانس لینا چاہتی ہوں، اسموگ بہت زیادہ اور دم گھوٹنے والی ہے، میں ہر سانس میں اسے محسوس کرسکتی ہوں۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا تھا کہ ’ہم میں سے جو لوگ دمے کا شکار ہیں ان کے لیے یہ ناصرف غیر آرام دہ ہے بلکہ زندہ رہنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے، براہ کرم آسمان صاف کرو اور جلد اپنی اصلی حالت میں واپس آجاؤ‘۔

عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر اداروں کی مختلف تحقیقات کے مطابق  اسموگ سے امراض قلب، پھیھپھڑوں کی بیماریوں سمیت پھیپھڑوں کا کینسر اور فالج جیسے سنگین امراض بھی ہوتے ہیں اور دنیا بھر میں سالانہ فضائی آلودگی کے باعث لاکھوں افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں اسموگ کی ابتر صورت کے باعث حکومت نے وہاں اسکول بند کردیے تھے جب کہ شہریوں کو زیادہ وقت گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اسموگ کے باعث پیش آنے والی مشکلات کے سبب لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے اور اتوار کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے جبکہ پرائمری اسکول بھی ایک ہفتے کے لیے بند ہیں۔

تازہ ترین