ابھیشیک کی ممکنہ گرل فرینڈ کے نام امیتابھ بچن کا خط وائرل
ابھیشیک کے بعد امیتابھ بھی نمرت کور کے دیوانے؟
بھارتی اداکار ابھیشیک بچن کی ممکنہ گرل فرینڈ نمرت کور کے نام بالی وڈ کے 'شہنشاہ' امیتابھ بچن کا خط منظرِ عام پر آگیا۔
مرتے دم تک ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا وعدہ کرنے والی جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی شادی کی ابتداء میں اگرچہ محبت عروج پر تھی لیکن اب دونوں کا ایک دوسرے کے ساتھ ہنستے مسکراتے نظر آنا بھی مداحوں کیلئے کسی خواب جیسا بن چکا ہے۔
سال 2007 میں شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد اس جوڑے نے سال 2011 میں بیٹی آرادھیا کا دنیا میں استقبال کیا جس کے بعد دونوں کا جوڑا مزید مضبوط ہوگیا لیکن کہتے ہیں نہ کہ ہر عروج کو زوال ہے تو اس محبت کی کہانی کو بھی عروج دیکھنے کے بعد اب زوال کا سامنا ہے۔
گزشتہ ایک سال سے دونوں کے درمیان لڑائی جھگڑوں کی خبر کے بعد طلاق کی افواہیں گردش کررہی ہیں لیکن دونوں ہی منظرِ عام پر آکر ان افواہوں کی تردید کرنے سے بھی گریز کر رہے ہیں جو ان کے مداحوں کو مزید متجسس کرتا جارہا ہے۔
اسٹار جوڑی کے مداح یہ خدشہ ظاہر کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ غالباً دونوں کی طلاق ہوچکی ہے لیکن خبر منظرِ عام پر نہیں آنے دے رہے ہیں پر اس ممکنہ طلاق کی وجہ کوئی بھی نہیں بتا پاتا ہے۔
طلاق کی افواہوں کے ساتھ ساتھ اب سوشل میڈیا پر طوفان برپا کرتی ایک ایسی افواہ زیرِگردش ہے جس نے ابھیشیک کے ساتھ ساتھ ایک بھارتی اداکارہ کو بھی مشکل میں پھنسا دیا ہے۔
دراصل بلاگنگ پلیٹ فارم 'ریڈ اِٹ' پر متعدد صارفین یہ دعویٰ کرتے بھی نظر آرہے ہیں کہ ابھیشیک بچن نے اپنی فلم 'دسوی' کی ساتھی اداکارہ نمرت کور کیلئے ایشوریا کو دھوکا دیا جس کے بعد دونوں کا رشتہ سنبھلے نہ سنبھل سکا۔
اس انکشاف نے سوشل میڈیا پر ایک تہلکہ مچا رکھا ہے اور بالی وڈ متوالے نمرت کور اور ابھیشیک بچن کو شدید تنقید کا نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔
اسی اثناء میں سوشل میڈیا پر ایک ایسا خط وائرل ہوگیا ہے جو امیتابھ بچن نے نمرت کور کے نام لکھا۔
امیتابھ بچن نے گلدستے کے ساتھ ایک خط بھیجا جس میں نمرت کور کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہم بمشکل ہی کبھی ملے یا ایک دوسرے سے بات کی، آخری مرتبہ میں نے یش راج فلمز کے ایک ایونٹ پر میں نے آپ کے کیڈبری کے اشتہار کی وجہ سے تعریف کی تھی لیکن فلم دسوی میں آپ کا کام زبردست ہے'۔
انہوں نے لکھا کہ 'میری طرف سے بہت ساری تعریفیں اور مبارکباد، محبت کے ساتھ امیتابھ بچن'۔
اس خط کی تصویر شیئر کرتے ہوئے نمرت کور نے انسٹاگرام پر ایک نوٹ لکھا کہ 'اس بات کا یقین کرنا کے امیتابھ بچن مجھے میرے نام سے پہچانیں گے، کسی فلم میں کام کرنے پر خط اور گلدستہ بھیجیں گے کسی خواب سے کم نہیں'۔
نمرت نے امیتابھ بچن کی جانب سے ملنے والے اس تحفے پر دلی خوشی کا اظہار رکرتے ہوئے مزید لکھا کہ 'آج الفاظ اور جذبات دونوں کم پڑ رہے ہیں'۔
واضح رہے کہ فلم دسوی 2022 میں ریلیز ہوئی جس میں ابھیشیک بچن، نمرت کور اور یامی گوتم اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے۔




