اسکینڈلز

وہ افواہیں جنہوں نے بالی وڈ کی دنیا میں تہلکہ مچادیا

آخر یہ افواہیں پھیلتی کیسےہیں؟

ایمن ملک

وہ افواہیں جنہوں نے بالی وڈ کی دنیا میں تہلکہ مچادیا

آخر یہ افواہیں پھیلتی کیسےہیں؟

ان افواہوں کی تصدیق تاحال نہ ہوسکی
ان افواہوں کی تصدیق تاحال نہ ہوسکی

افواہیں دراصل ایسی بے بنیاد اور غیر مصدقہ معلومات یا کہانیاں ہوتی ہیں جو لوگوں کے درمیان تیزی سے پھیلتی ہیں لیکن ان کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

عموماً افواہیں سننے والے کو حقیقت لگتی ہیں، مگر ان کی بنیاد محض  سنی سنائی باتوں یا مبالغہ آمیز اطلاعات پر مبنی  ہوتی ہیں۔

لیکن سوال یہ ہے کہ آخر یہ افواہیں پھیلتی کیسےہیں؟ تو اسکا جواب کچھ اسطرح ہے کہ افواہوں کے پھیلنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ لوگ تجسس یا دلچسپی کے باعث بغیر تحقیق کے ایک دوسرے کو باتیں  بتا دیتے ہیں، اور یوں یہ باتیں تیزی سے پھیلتی ہیں۔ 

کبھی کبھار ان افواہوں کا موضوع مختلف ہو سکتا ہے، جیسے کہ مشہور شخصیات کی نجی زندگی، کسی حادثے یا سانحے کی خبریں، یا پھر کسی اہم سیاسی یا سماجی واقعے سے متعلق معلومات۔ زیادہ تر افواہیں مبالغے اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہوتی ہیں اور ان کا مقصد اکثر لوگوں میں سنسنی پیدا کرنا یا غیر ضروری خوف اور پریشانی پھیلانا ہوتا ہے۔

اسی طرح بات کی جائے بالی وڈ کی تو اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ یہاں  افواہوں کا بازار ہمیشہ گرم رہتا ہے۔ کچھ افواہیں تو سچ ثابت ہوتی ہیں، مگر کچھ اتنی عجیب و غریب اور بے تکی ہوتی ہیں کہ سن کر ہنسی آجائے۔

تو آئیے یہاں ہم بات کرتے ہیں بالی وڈ کی دنیا سے ان افواہوں کی جنہوں نے نہ صرف منظر عام پر آتے ہی تہلکہ مچایا بلکہ لوگوں کو ان باتوں پر یقین کرنا بھی مشکل ہوگیا۔

آیوشمان کھرانا کے انتقال کی افواہ:

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

بھارتی فلمی دنیا کا ایک نام اداکار، گلوکار، اور اینکر آیوشمان کھرانا  سے کون واقف نہیں؟ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ اداکار چند سال قبل زندگی کی بازی ہار گئے تھے؟

جی ہاں ایسا ہم نہیں بلکہ سال 2013 میں بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا جس میں ایک افواہ کا ذکر کیا گیا تھا جو آیوشمان کھرانا کی موت سے وابستہ تھی۔

رپورٹ کے مطابق اداکار کی موت سے متعلق ان  افواہوں میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ آیوشمان کھرانا برفانی حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ 

بعدازاں اس خبر کے پھیلتے ہی جب ٹوئٹر پر لوگ اداکار کے لیے تعزیتی پیغامات دینے لگے تو آیوشمان نے خود ایک ٹویٹ کر کے وضاحت کی جس میں انہوں نے بتایا کہ،’میں اپنی موت کی افواہوں کے بارے میں عجیب و غریب باتیں سن رہا ہوں۔ افواہ پھیلانے والوں کا بے حد شکریہ’۔

 دلیپ کمار بھی دو بار موت کا مزہ چکھ چکے؟

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

آیوشمان کھرانا کے بعد ہردلعزیز اداکار دلیپ کمار کے بارے میں بھی انکی حیاتی میں  یہ باتیں سننے کو ملیں کہ دلیپ کمار دنیا فانی سے کوچ کرگئے اور انکا انتقال ایک بار نہیں بلکہ دو بار ہوا۔

جی ہاں یقین نہیں آرہا نا؟ یہ افواہ ہم نہیں بلکہ سال 2011 میں بھارتی میڈیا کی جانب سے رپورٹ کی گئی جس میں دلیپ کمار کے انتقال کی خبر شائع ہوئی لیکن جلد ہی انکی اہلیہ سائرہ بانو نے ان بے بنیاد باتوں کو مسترد کردیا۔

بعدازاں ایک بار پھر  نومبر 2014 میں ٹوئٹر پر دعویٰ کیا گیا کہ دلیپ صاحب کی طویل بیماری کے بعد انتقال ہوگیا۔ اس بار ان کے دوست اور اداکار امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پر وضاحت کی کہ یہ خبر بے بنیاد ہے اور دلیپ صاحب بالکل خیریت سے ہیں۔

ایشوریا رائے کی ایک  درخت سے شادی:

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

شادی کا نام سنتے ہی ذہنوں میں ایک حسین و جمیل دلہن اور انکے شریک سفر دولہا کی تصویر بنتی ہے لیکن اگر یہی شادی دولہا کے بجائے ایک درخت سے کردی جائے تو کیسا لگے گا؟

جی ہاں یہ شادی کسی اور کی نہیں بھارتی فلمی دنیا کی ہردلعزیز اور اے لسٹر اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی ہے جن سے متعلق یہ خبریں سامنے آئیں  کہ انہوں نے شادی کیلئے کسی آدمی کے بجائے درخت کا انتخاب کیا ہے۔

افواہوں کے مطابق ایشوریا اور ابھیشیک کی شادی سے پہلے یہ خبریں گردش کر رہی تھی کہ ایشوریا کو ستاروں کی نحوست کو دور کرنے کے لیے ایک درخت سے شادی کرنی ہوگی ۔جسکے بعد  لوگوں نے اندازے لگانا شروع کر دیے کہ آخر کون سے درخت سے شادی کی جائے گی؟

 بعد میں امیتابھ بچن نے وضاحت دی کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور میڈیا کو چیلنج کیا کہ وہ اس درخت کو ڈھونڈ کر دکھائیں۔ انہوں نے مذاق میں کہا کہ اگر ان کا بیٹا ابھیشیک کوئی درخت ہے تو پھر اس کہانی میں کچھ سچائی ہو سکتی ہے، ورنہ نہیں۔

سلمان خان کی خفیہ شادی:

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

اب بات کریں لاکھوں دلوں کی جان بجرنگی بھائی جان کی تو ایسے تو یہ فنکار ادھیڑ عمر میں داخل ہونے کے باوجود غیر شادی شدہ ہیں اور یہ بات سب ہی جانتے ہیں لیکن ماضی میں ایک اور مضحکہ خیز افواہ  پھیلائی گئی تھی کہ سلمان خان نے نہ صرف جیون ساتھی تلاش کرلیا ہے بلکہ خفیہ شادی بھی کرلی۔

رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلمان خان اور اداکارہ اسین  دونوں نے خفیہ شادی کر لی ہے۔ یہ افواہ جنوبی بھارت میں خوب مقبول ہوئی، مگر دونوں اداکاروں نے اس افواہ کو ہنسی میں ٹال دیا۔ 

تاہم بعد میں ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ اسین نے کہا،’مجھے یہ مذاق کافی پسند آیا ہے۔’

کترینہ کیف کی گمشدگی:

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

افواہوں کی اس فہرست میں اداکاہ کترینہ کیف کا نام بھی شامل ہے جن سے متعلق ماضی میں گمشدگی کی افواہوں نے ہلچل مچاکر رکھ دی تھی۔

ماضی میں کترینہ کیف سے متعلق افواہیں سامنے آئیں کہ وہ گمشدہ ہیں  جس کے بعد سوشل میڈیا پر  ہیش ٹیگ  ’کترینہ مسنگ’ ٹرینڈ کرنے لگا۔

ان ٹرینڈ کے بعد  لوگوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید وہ خفیہ چھٹیوں پر گئی ہیں، اور ان سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

چونکہ اداکارہ سوشل میڈیا پر بھی فعال نہیں تھی اور سونے پر سہاگہ انکے مینیجر کا بھی اداکارہ سے رابطہ نہیں ہو رہا تھا  اسی وجہ سے ان افواہوں کو مزید تقویت ملی۔

تاہم کچھ دن بعد کترینہ ایک ایونٹ میں ممبئی میں نظر آئیں اور ان تمام افواہوں کو ختم کر دیا۔