وہ ہالی وڈ اسٹار جو شاہ رخ خان کے مداح ہیں
شاہ رخ خان کی مقبولیت صرف برصغیر نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہے
بالی وڈ کے کنگ آف رومانس سمجھے جانے والے شاہ رخ خان نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا کے بیشتر ملکوں میں اپنی پہچان رکھتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت میں ان کے کروڑوں مداح موجود ہیں جن میں سے بیشتر ان کی ہر مووی دیکھ چکے ہیں۔
شاہ رخ خان کے چاہنے والوں میں بڑی تعداد میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو ہندی زبان سمجھ نہیں سکتے لیکن شاہ رخ خان کو سمجھنے کے لیے کسی زبان کی شاید ضرورت نہیں کیونکہ ان کے تاثرات اور باڈی لینگویج خود ہی ناظرین کو سب کچھ سمجھا دیتی ہے۔
شاہ رخ خان کی پسندیدگی کا چرچا ہالی وڈ میں بھی خوب ہے، ہالی وڈ کے کئی مایہ ناز اداکار شاہ رخ خان کے بارے میں اپنی پسندیدگی ظاہر کرچکے ہیں، ان کچھ اداکاروں کے بارے میں ہم یہاں ذکر کریں گے۔
ٹام کروز
شاہ رخ خان ٹام کروز کے فین ہیں یا پھر ٹام کروز شاہ رخ خان کے؟ کیونکہ دونوں ہی اداکار ایک دوسرے کو سراہتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔
ماضی میں ایک انٹرویو میں ہالی وڈ کے بادشاہ ٹام کروز نے شاہ رخ خان کے کام کی تعریف کی تھی اور شاہ رخ خان بھی اکثر اپنے انٹرویوز میں ٹام کروز کی تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
براڈ پٹ
براڈ پٹ کا شمار ہالی وڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہر قسم کے کردار نبھا کر عالمی شہرت حاصل کی ہے۔
براڈ پٹ بھی SRK کے مداح ہیں، انہوں نے 2017 میں اپنی فلم ‘ وار مشین’ کی تشہیر کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے شاہ رخ خان کے بارے میں تعریفی کلمات ادا کیے تھے۔
براڈ پٹ نے اس موقع پر یہ کہہ کر سب کو ہنسایا بھی تھا کہ وہ شاہ رخ خان کی طرح ڈانس نہیں کرسکتے، شاہ رخ خان نے براڈ پٹ کی جانب سے تعریف کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
ول اسمتھ
کامیڈی موویز ہوں یا پھر سسپنس سے بھرپور فلمیں، ول اسمتھ کسی پہچان کے محتاج نہیں۔
ایک انٹرویو میں ول اسمتھ شاہ رخ خان کے ساتھ فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان ان کے چند پسندیدہ ہیروز میں سے ایک ہیں۔
میگن فوکس
مشہور اداکارہ میگھن فاکس بھی شاہ رخ خان کو پسند کرنے والوں میں شامل ہیں، ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان ٹیلنٹ سے بھرپور اداکار ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان ایک بڑے برانڈ کے ایڈ میں جلد ہی میگھن فاکس کے ساتھ نظر آئیں گے۔
جولیا رابرٹس
مشہور ہالی وڈ اداکارہ جولیا روبرٹس شاہ رخ خان کو ‘کنگ آف بالی وڈ’ کا خطاب دے چکی ہیں، جولیا کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کے اندر وہ چارم ہیں جو بہت کم اداکاروں میں ہوتا ہے۔
جولیا رابرٹس اکثر و بیشتر ہندوستان کے دورے کرتی رہتی ہیں جہاں ان کا بالی وڈ اسٹارز سے سامنا ہوتا رہتا ہے۔
ریان رینولڈز
ڈیڈپول اور وولورائن فیم ریان بھی بالی وڈ کنگ کے مداحوں میں شامل ہیں، وہ سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کی تعریف کرچکے ہیں۔




