مشہور زمانہ قوالی ’تاجدارِ حرم’ کس نے لکھی؟ تہلکہ خیز انکشاف
یہ قوالی مختلف آواز میں سنی تو سب نے ہوگی لیکن لکھی کس نے ہے یہ کوئی نہیں جانتا
کانوں میں رس گھولنے والی مشہور زمانہ کلام یا قوالی ’تاجدار حرم’ تو ہر کسی نے کبھی نہ کبھی سنی ہی ہوگی لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس مشہور کلام کو کس نے قلم بند کیا؟
قوالی کی تاریخ:
لفظ’قوالی‘عربی کے لفظ ’قول‘سے نکلا ہے۔ قول کا مطلب ہوتا ہے ’بات‘یا ’بیان کرنا‘۔اس طرح قوالی کا مطلب ہوا وہ بات جو بار بار دہرائی جائے۔
حالانکہ لفظ قوالی کو بھارت اور پورے برصغیر میں گانے کی ایک خاص صنف کے نام کے طور پر استعمال کیاجانے جاتا تھا لیکن قوالی ایک مخصوص انداز میں پڑھے جانے والے ان کلام کو کہتے ہیں جن میں اللہ کی حمد وثنا ہوتی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف ہوتی ہے یا صوفیہ اور اللہ والوں کی منقبت بیان کی جاتی ہے۔
قوالی کے گانے اکثر صوفی درگاہوں، محافل اور تقریبات میں سنے جاتے ہیں اور ان کا بیشتر حصہ روحانیت پر مبنی ہوتا ہے۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ قوالی کا فن اس قدر مقبول ہوا کہ وہ خانقاہوں سے نکل کر عوام الناس تک پہنچ گیا اور عوامی محفلوں میں اسے گایا جانے لگا۔اب یہ خانقاہوں اور درگاہوں تک محدود نہیں رہا بلکہ عام لوگوں کی پسند بن چکا تھا۔
گزشتہ کئی عرصے میں کئی قوالیاں لوگوں کی پسند کا محور بنیں جن میں ’میرا کوئی نہیں تیرے سوا’، ’اللہ کے حضور میں سر کو جھکاکر دیکھ’، ’بلغ العلٰی بکمالہ’ ،’بھردو جھولی ’، ’علی کے ساتھ ہے زہرۃ کی شادی’شامل ہیں لیکن جو مقام و مرتبہ ’تاجدار حرم کو ملا’ وہ شاید کسی اور کو حاصل نہیں۔
تاجدار حرم آخر کس نے لکھی؟
مشہور و معروف قوالی تاجدارِ حرم ہم اب تک کئی نامور شخصیات کی آواز میں سن چکے ہیں جن میں مرحوم امجد صابری اور پاکستانی گلوکار عاطف اسلم سمیت بالی وڈ گلوکار کے نام شامل ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ’تاجدار حرم ہو نگاہ کرم’ قوالی کو لکھنے والا شخص پاکستانی نہیں بلکہ ہندوستانی ہے؟
جی ہاں لکھنؤ کے سب سے بڑے صوفی بزرگ حضرت مخدوم شاہ رحمتہ اللہ علیہ کے ایک درباری قوال جناب صدیق صاحب کے صاحبزادے محمد شفیق جنکو ’پیام سیہالوی’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے وہ اس نعت یا قوالی کے خالق ہیں۔
1985 میں انہوں نے اپنی ایک کتاب ’اظہار غم’ میں اس بات کا شکوہ بھی کیا کہ ’تاجدار حرم’ میری لکھی ہوئی قوالی یا نعت شریف مشہور تو پاکستانی قوالی سے ہوئی لیکن ہر کوئی اس بات سے انجان ہے کہ اس مشہور زمانہ قوالی کو لکھنے والا کوئی نہیں بلکہ ایک ہندوستانی پیام سیہالوی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ کئی سال گزرنے کے باوجود آج بھی پیام سیہالوی کے بیٹے حضرت مخدوم شاہ رحمتہ اللہ علیہ کی درگاہ پر تن تنہا بیٹھے یہ قوالی اپنی آواز میں گایا کرتے ہیں۔
تاجدار حرم کو پیش کرنے والے پاکستانی فنکار:
امجد صابری:
معروف قوال امجد صابری کو دنیائے فانی سے بچھڑے 8 برس بیت گئے لیکن ان کی دل لبھانے اور سحر طاری کرنے والی آواز آج بھی مداح نہیں بھولے۔
امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی میں معروف قوال صابری گھرانے میں آنکھ کھولی، ان کے والد غلام فرید صابری بھی قوالی کی دنیا کا مشہور نام تھے۔
امجد صابری نے 1988 میں فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی بہترین آواز اور انفرادیت کی وجہ سے سب کے دلوں میں گھر کرلیا۔
امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت تک میں اپنی آواز کا جادو بکھیرا۔
امجد صابری تین برس قبل 22 جون کو رمضان المبارک کے دوران ایک نجی ٹی وی چینل کی ٹرانسمیشن میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ انہیں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔
امجد صابری کے اپنے دور میں کئی قوالیاں اپنی آواز میں پیش کیں لیکن تاجدار حرم ایسا کلام تھا جو لوگوں کے کانوں اور دلوں میں رس گھول گیا۔
عاطف اسلم:
پاکستانی گلوکار عاطف اسلم بھی اس کلام کو اپنی سحر انگیز آواز میں کئی مرتبہ پڑھ چکے ہیں۔
انہوں نے یہ کلام کوک اسٹوڈیو کے سیزن 8 میں اپنی سحر انگیز آواز سے اس انداز میں پیش کیا کہ پیام سیہالوی کا یہ شاہکار تمام کوک اسٹوڈیو کے تمام گانوں کی مقبولیت میں سب پر سبقت لے گیا۔
یاد رہے کہ عاطف اسلم نے سال 2020 میں ازان دیتے بھی ایک ویڈیو اپنی یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی تھی جسے صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔
جبکہ گلوکار عاطف اسلم نہ صرف گلوکاری بلکہ خوبصورت آواز میں اللہ کی حمد و ثناء ، نعتِ رسولﷺ اور قوالی کے ساتھ ’تاجدار حرم‘ گاکر مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
آیت عارف:
نعتیہ کلام سے راتوں رات شہرت حاصل کرنے والی ننھی نعت خواں آیت عارف بھی اس کلام کو اپنی معصومانہ انداز میں پیش کرچکی ہیں۔
بطور نعت خواں سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کے بعد آیت عارف نے خود کو بحیثیت چائلڈ اسٹار شوبز انڈسٹری میں بھی متعارف کروایا اور قدم رکھتے ہی فن کا لوہا منوالیا۔
آیت عارف کی ایک ویڈیو تین سال قبل سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس میں انہیں مشہورزمانہ کلام’ تاجدار حرم’ پڑھتے سنا گیا۔
اس ننھی فنکارہ اور نعت خواں کی یہ نعت ویڈیو اتنی وائرل ہوئی کہ اسے اب تک یوٹیوب پر تقریباً 13 ملین سے زائد بار لوگ دیکھ چکے ہیں جبکہ یہ ویڈیو مختلف یوٹیوب چینلز پر بھی اپلوڈ کی گئی تھی۔
علاوہ ازیں دیگر پاکستانی نعت خواں بھی اس کلام کو پڑھ کر روحانی سکون حاصل کرچکے ہیں۔






