’3ایڈیٹس‘ کے چتُر کی عامر خان کے بارے میں رائے کیا ہے ؟
فلم میں سائیلنسر کے کردار میں اومی نے بہترین اداکاری کی تھی
سال 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’3 ایڈیٹس‘ کو بھلا کون بھول سکتا ہے، آج بھی اس فلم کے مناظر ، ڈائیلاگز دماغ کے کسی نہ کسی گوشے میں محفوظ ہیں جو فلم سامنے آتے ہی فوراً یاد آجاتے ہیں ۔
فلم میں رنچھوڑ داس چھاچڑ، راجو اور فرحان کا کردار توسب کو ہی یاد ہے لیکن چتر رام لیانگام عرف سائلنسر کا کردار ان تینوں پر فلم میں بھاری پڑتا نظر آیا۔
چتر کا اصلی نام اومی ویدیا ہے جن کی ’3 ایڈیٹس‘ پہلی فلم تھی اور پہلی فلم میں ہی ایسی شاندار کارکردگی دکھائی کہ وہ اب بھی اسی فلم کی وجہ سے جانے جاتے ہیں حالانکہ اومی نے ’3ایڈیٹس‘ کے بعد کئی اور فلموں میں بھی کام کیا۔
حال ہی میں اومی نے ’3 ایڈیٹس‘ میں کام کرنے کے حوالے سے اپنے تجربات شیئر کیے، ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے عامر خان کے ساتھ کام کیا، تو یہ صرف ان باتوں کے بارے میں نہیں تھا جو انہوں نے کہی، بلکہ یہ ان کے کام کرنے کے طریقے کے بارے میں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے بالی ووڈ کیریئر کے دوران میں نے بہت سے مشہور اداکاروں کے ساتھ کام کیا اور اےلسٹ اداکاروں کے ساتھ ایک درجن سے زیادہ کمرشلز میں حصہ لیا، اس لیے میں نے مختلف کام کرنے کے انداز دیکھے ہیں، بہت سے اداکار شاندار ہیں، وہ اپنے کام سے لطف اندوز ہوتے ہیں، اس لیے اداکاری ان کے لیے ایک تفریحی تجربہ محسوس ہوتی ہے۔
اومی ویدیا نے مزید کہا کہ عامر خان اپنے کام کو بہتر بنانے کے نئے طریقے ڈھونڈنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کام کو بے حد سنجیدگی سے لیتے ہیں، لوگ اکثر انہیں پرفیکشنسٹ کہتے ہیں، لیکن یہ اس سے زیادہ ہیں، وہ مسلسل اپنے کردار، منظر اور یہاں تک کہ دوسرے اداکاروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے طریقے تلاش کرتے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہم '3 ایڈیٹس' کی شوٹنگ کر رہے تھے، تو وہ ڈائریکٹر نہیں تھے، لیکن وہ ہمیشہ مگن رہتے تھے،ریہرسل کے دوران، شوٹنگ کے دوران، اور یہاں تک کہ کیمرے کے سامنے نہ ہونے کے باوجود بھی وہ فلم سے تعلق بنائے رکھتے تھے۔
"3 ایڈیٹس" کے بارے میں بات کرتے ہوئے اومی ویدیا نے کہا کہ یہ فلم میرے لیے صرف کیریئر کو فروغ دینے والی نہیں تھی بلکہ اس نے مجھے مزاح اور کہانی سنانے کی طاقت کے بارے میں بھی بہت کچھ سکھایا، سیٹ پر ٹیم ورک اور جو توانائی تھی وہ بے مثال تھی۔،اتنے باصلاحیت اداکاروں کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک خواب کی تعبیر جیسا تھا، ہم سب نے بہت مزہ کیا، لیکن فلم کے اثرات وہ تھے جن کی ہم نے کبھی توقع نہیں کی تھی۔
دریں اثنا، اومی ویدیا کی آنے والی فلم "امریکن وارئیر" کی ریلیز اپریل 2025 میں متوقع ہے۔




