اسٹیڈیم میں کھلاڑی میچ کے دوران حرکتِ قلب بند ہونے سے چل بسا
میچ کی لائیو سٹریمنگ جاری تھی، تمام منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا
بھارتی شہر پونے کے گروارے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کرکٹ میچ کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے ایک 35 سالہ کرکٹر کی موت واقع ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران پٹیل نامی یہ کھلاڑی اوپنر کے طور پر بیٹنگ کرنے آیا تھا، تاہم پچ پر کچھ وقت گزارنے کے بعد اسے اچانک سینے اور بازو میں تکلیف محسوس ہونے لگی۔
اس نے آن فیلڈ امپائرز کو اپنی کیفیت سے آگاہ کیا اور میدان سے جانے کی اجازت مانگی، تاہم پویلین واپس جاتے ہوئے عمران راستے میں ہی گر پڑا۔
میچ کی لائیو سٹریمنگ جاری تھی اور یہ تمام منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا۔
عمران کے گرتے ہی میدان میں موجود دیگر کھلاڑی اُس کی جانب لپکے اور اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اہلخانہ اور ساتھی کھلاڑیوں نے عمران کی اچانک موت پر حیرت کا اظہار کیا ہے جن کے بقول اس کی اچھی بھلی صحت تھی اور وہ جسمانی طور پر بالکل تندرست تھا، اسکے باوجود اس کو اچانک دل کا دورہ پڑگیا۔
بحیثیت آل راؤنڈر عمران ایک متحرک کھلاڑی تھا جسے پورے میچ میں فعال کردار ادا کرنا پڑتا تھا، لہٰذا اس کی اچانک موت نے بہت سے لوگوں کو حیرت اور صدمے میں مبتلا کردیا ہے۔
میچ کا حصہ بننے والے ایک اور کرکٹر نصیر خان نے عمران کی اچانک موت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'عمران کسی بھی قسم کے طبی عارضے میں مبتلا نہیں تھا، اس کی جسمانی صحت اچھی تھی، وہ تو ایک آل راؤنڈر تھا جو کھیل کو پسند کرتا تھا، اس کی اچانک موت پر ہم سب ابھی تک صدمے میں ہیں۔
سوگواران میں عمران کی اہلیہ اور 3 بیٹیاں بھی شامل ہیں جن میں سے سب سے چھوٹی بیٹی صرف 4 ماہ کی ہے۔
پٹیل اپنے علاقے کی ایک مشہور شخصیت سمجھا جاتا تھا، وہ ایک کرکٹ ٹیم کا مالک تھا، اس کا رئیل اسٹیٹ کا کاروبار بھی تھا اور وہ جوس کی دکان بھی چلاتا تھا۔
قبل ازیں رواں سال ستمبر میں پونے میں ہی حبیب شیخ نام کا ایک اور کرکٹر میچ کھیلتے ہوئے اسی طرح انتقال کر گیا تھا۔
تاہم حبیب ذیابیطس کا مریض تھا، جبکہ عمران کی اچانک موت اس لیے حیران کُن ہے کیونکہ وہ دل کے عارضے سمیت کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں تھا۔
-
انفوٹینمنٹ 3 گھنٹے پہلے
صرف 51 روپےفیس لینے والا بالی وڈ اداکار کون ؟
-
فلم / ٹی وی 3 گھنٹے پہلے
’پشپا‘ کیلئے پہلی چوائس اللو ارجن نہیں تو پھر کون؟
-
دلچسپ و خاص 4 گھنٹے پہلے
کرسمس پر خوشیاں بانٹنے والے سانتا کلاز اصل میں کیسا دکھتا ہے؟
-
انفوٹینمنٹ 4 گھنٹے پہلے
شویتا بچن کی پہلی کمائی انٹرنیٹ صارفین کے ہوش اڑاگئی