کھیل

مودی بریانی کھانے پاکستان جاسکتے ہیں تو ٹیم کھیلنے کیوں نہیں؟

بھارتی سیاستدان تیجاشوی یادو کا حکومت سے کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھنے کا مطالبہ

Web Desk

مودی بریانی کھانے پاکستان جاسکتے ہیں تو ٹیم کھیلنے کیوں نہیں؟

بھارتی سیاستدان تیجاشوی یادو کا حکومت سے کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھنے کا مطالبہ

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بھارت چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کرکٹ ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کی ضد پر سختی سے اڑا ہوا ہے، جبکہ پاکستان بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ٹورنامنٹ کے انعقاد کیخلاف مؤقف پر سختی سے ڈٹا ہوا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان برقرار اِس ڈیڈلاک کے پیشِ نظر بھارتی جماعت راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجاشوی یادو نے بھارتی حکومت سے کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھنے کا مطالبہ کردیا۔

تیجاشوی یادو، جو خود بھی ایک سابق کرکٹر ہیں، نے سوال اٹھایا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں، تو بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے سرحد پار کیوں نہیں جا سکتی؟

انہوں نے کہا کہ 'کھیل میں سیاست نہیں آنی چاہیے، پاکستانی ٹیم کو ہمارے ملک آنا چاہیے، اور ہمارے کھلاڑیوں کو بھی وہاں جانا چاہیے، کھیلوں میں کیا مسئلہ ہے؟ ایسا تو نہیں ہے کہ کھیل میں کوئی جنگ ہو رہی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 'بھارتی ٹیم کو کیوں پاکستان نہیں جانا چاہیے؟ اگر وزیراعظم نریندر مودی پاکستان جا کر بریانی کھا سکتے ہیں تو اس عمل کو سراہا جاتا ہے، لیکن اگر بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے کی بات کی جائے تو اس غلط کہا جاتا ہے'۔

تیجاشوی یادو کا اشارہ دراصل نریندر مودی کا 2015 میں اچانک دورہِ پاکستان کیلئے لاہور آمد کی جانب تھا جب وہ اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دینے لاہور پہنچے تھے جہاں انہوں نے نواز شریف کی نواسی کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ 'آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025' کے انعقاد کے حوالے سے غیریقینی تاحال برقرار ہے۔

بھارت ٹیم پاکستان بھیجنے سے مسلسل انکاری ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل کے تحت منعقد نہ کروانے کے مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔

ٹورنامنٹ کے آغاز میں 100 سے بھی کم دن باقی رہ گئے ہیں لیکن اس ڈیڈلاک کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کے شیڈول کا تاحال اعلان نہیں کر سکا ہے۔

اس حوالے سے آج آئی سی بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیاجائے گا اور چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے بارے میں بھی گفتگو کی جائے گی۔