انفوٹینمنٹ

بھارت کے 10 سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار

سب سے زیادہ معاوضہ لینے والوں میں ساؤتھ کے اداکار سرفہرست ہیں

Web Desk

بھارت کے 10 سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار

سب سے زیادہ معاوضہ لینے والوں میں ساؤتھ کے اداکار سرفہرست ہیں

بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار
بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار

بھارت میں کبھی بالی وڈ فلموں کا راج چلتا تھا لیکن پھر ان کچھ برسوں میں پلڑا جنوبی بھارت کی فلموں کی جانب چلاگیا جہاں کی فلمیں بالی وڈ فلموں سے بھی زیادہ بزنس کرنے لگیں اور وہاں کے اداکار بھی ساؤتھ کے ساتھ ساتھ پورے بھارت میں مقبول ہونے لگے۔

ایک زمانہ تھا جب ساؤتھ کا سپر اسٹار رجنی کانت بالی وڈ میں سائیڈ رولز میں آتا تھا، اب ساؤتھ کے بڑے بڑے اداکار بالی وڈ کو گھاس تک ڈالنے کو تیار نہیں، کچھ تو یہ بھی کہتے نظر آتے ہیں کہ بالی وڈ انہیں افورڈ ہی نہیں کرسکتا۔

ذیل میں ہم ان بھارتی اداکاروں کا ذکر کریں گے جو فلموں میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والوں میں شامل ہیں، حیران کن طور پر ان میں ساؤتھ سے تعلق رکھنے والے اداکار زیادہ ہیں۔

اللو ارجن

فلم ’پشپا‘ کے اداکار اللو ارجن بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں، ان کی تازہ ترین فلم "پشپا 2" 5 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔

 اللو ارجن جن کی کل دولت 350 کروڑ روپے ہے، انہوں نے اس فلم کے لیے مبینہ طور پر 300 کروڑ وصول کیے، جس کی وجہ سے وہ ہندوستان کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئے ہیں۔

تھلاپتی وجے

تامل فلموں کے اداکار، جنہیں ’لیو‘ ، ’بیجل‘ ، ’بیسٹ‘ جیسی فلموں کے لیے جانا جاتا ہے، بھارت کے دوسرے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں، جن کی کل دولت 474 کروڑ روپے ہے۔

وجے نے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز 10 سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ فلم ’ویٹری‘ سے کیا، دو دہائیوں پر مشتمل کیریئر کے ساتھ وجے نے اپنی فلم "GOAT" کے لیے مبینہ طور پر 200 کروڑ روپےوصول کیے، جو 2024 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تامل فلم ہے۔

شاہ رخ خان

کنگ خان تیسرے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں، جن کی کل دولت 6,300 کروڑ بھارتی روپے ہے،شاہ رخ کی حالیہ ہٹ فلمیں جیسے ’جوان‘ اور ’پٹھان‘ نے عالمی سطح پر 2000 کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کی۔

شاہ رخ نے اپنے کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی میں ایک ٹی وی سیریز سے کیا تھا۔ انہوں نے فلم ’ڈنکی‘ کے لیے 150-250 کروڑ وصول کیے۔

رجنی کانتھ

جنوبی بھارت کے سپر اسٹار رجنی کانتھ ملک کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شامل ہیں۔ بے شمار لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے والے اداکار کو جنوبی بھارت میں ایک دیوتا کا درجہ حاصل ہے۔

 رجنی کانتھ نے اپنی حالیہ فلم ’وٹائیان‘ کے لیے مبینہ طور پر 125 کروڑ روپےوصول کیے۔ ان کی کل دولت 430 کروڑروپے ہے۔

عامر خان

اپنی منفرد فلموں کے انتخاب کے لیے مشہور عامر خان کو اپنے کام کی وجہ سے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ان کی مشہور فلموں میں ’دنگل‘ ، ’پی کے‘،’تارے زمین پر‘ شامل ہیں۔

 تاہم ان کی حالیہ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کو زیادہ کامیابی نہیں ملی۔ ان کی کل دولت 1862 کروڑ ہے اور انہوں نے ’لال سنگھ چڈھا‘ کے لیے275 کروڑ وصول کیے۔

پربھاس

’باہوبلی‘ کے اداکار پربھاس ایس ایس راجامولی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچے، ’باہوبلی‘ فلم نے گزشتہ آٹھ برسوں میں پربھاس کی دولت میں 94 فیصد اضافہ کیا۔ ان کی موجودہ دولت 241 کروڑ روپے ہے۔

ان کی فلم 'سالار' نے 369 کروڑ کمائے، جو رجنی کانتھ کی فلم ’جیلر‘ کی 348 کروڑ کی کمائی سے زیادہ ہے، پربھاس نے فلم 'کالکی 2898 اے ڈی' کے لیے 200 کروڑ وصول کیے۔

اجیت کمار

جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اجیت کمار بھی بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شامل ہیں۔ 

ان کی حالیہ فلم ’تھونوو‘ کو شائقین نے بہت پسند کیا، اور اس نے بھارت میں 130 کروڑ روپےکمائےانہوں نے ’تھونوو‘ کے لیے 105-165 کروڑ روپےوصول کیے۔

سلمان خان

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شامل ہیں، انہوں نے 1990 کی دہائی میں ایک رومانوی ہیرو کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 

سلمان کی کل دولت 2900 کروڑ بتائی جاتی ہے۔ ان کی فلم "ٹائیگر 3" نے عالمی سطح پر 466روپےکروڑ کمائے۔ انہوں نے ’ٹائیگر 3‘ کے لیے 100-150 کروڑ روپے وصول کیے۔

کمل ہاسن

کمل ہاسن نے تمام فلمی صنعتوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور تامل، تیلگو، کنڑ، ملیالم اور ہندی میں 220 فلموں میں اداکاری کی ہے، ان کی موجودہ کل دولت 150 کروڑ روپےہے۔ انہوں نے فلم ’انڈین 2‘ کے لیے 100-150 کروڑ وصول کیے۔

اکشے کمار

’ہیرا پھیری‘،’بھول بھولیا‘،’ہاؤس فل‘ جیسی مزاحیہ فلموں کے لیے مشہور اکشے کمار حالیہ دنوں میں ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘،’پیڈمین‘ جیسی سماجی پیغام دینے والی فلموں کا انتخاب کر رہے ہیں،انہوں نے فلم ’کھیل کھیل میں‘ کے لیے 145 کروڑ وصول کیے۔

تازہ ترین