اسکینڈلز

کینسر کے علاج کا متنازع دعویٰ، سدھو کی اہلیہ کو اربوں روپے کا نوٹس

لیگل نوٹس سدھو کے کینسر کے علاج سے متعلق دعوے پر بھیجا گیا۔

Web Desk

کینسر کے علاج کا متنازع دعویٰ، سدھو کی اہلیہ کو اربوں روپے کا نوٹس

لیگل نوٹس سدھو کے کینسر کے علاج سے متعلق دعوے پر بھیجا گیا۔

کینسر کے علاج کا متنازع دعویٰ، سدھو کی اہلیہ کو اربوں روپے کا نوٹس

بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے حال ہی میں اپنی اہلیہ کی کینسر سے صحتیابی کو صرف غذائی تبدیلی سے منسلک کر کے تہلکہ مچا دیا تھا جس پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

سدھو اب ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں کیونکہ ان کی اہلیہ نوجوت کور سدھو کو چھتیس گڑھ سول سوسائٹی (CCS) کی جانب سے 8 ارب 50 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے۔

یہ نوٹس کانگریس لیڈر اور سابق کرکٹر کی جانب سے اپنی اہلیہ کی اسٹیج 4 کے کینسر سے جنگ کے حوالے سے کیے گئے متنازع دعووں پر بھیجا گیا، اس تنازع پر نوجوت سنگھ سدھو نے ردِ عمل بھی دیا تھا۔

سی سی ایس نے نوجوت سنگھ سدھو پر مبینہ طور پر کینسر کے علاج کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کا الزام لگایا ہے اور سات دنوں کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سی سی ایس نے دھمکی دی کہ اگر متنازع دعووں کی حمایت کرنے والے ثبوت پیش نہیں کیے گئے تو وہ قانونی کارروائی کرے گی۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سدھو نے اپنی بیوی کی صحت یابی کا سہرا قدرتی علاج جیسے کہ نیم، ہلدی، لیموں، پانی اور چقندر پر مشتمل سخت غذا کو دیا تھا، اس بیان نے میڈیکل پروفیشنلز بشمول آنکولوجسٹ کی جانب سے ردِعمل کو جنم دیا، جنہوں نے 'غیر تصدیق شدہ علاج' کو فروغ دینے پر خبردار کیا تھا۔

چھتیس گڑھ سول سوسائٹی کے کنوینر ڈاکٹر کلدیپ سولنکی نے ایسے دعووں کے خطرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کینسر کے مریضوں کو گمراہ کر سکتے ہیں اور ان کی صحت کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

اس ہنگامے کے درمیان نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت جاری کی، انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کے علاج میں سرجری، کیموتھراپی اور ہارمونل تھراپی شامل ہیں اور انہوں نے جس خوراک کا حوالہ دیا وہ صرف ایک اضافی اقدام تھا جس پر ڈاکٹروں کے مشورے سے عمل کیا گیا تھا وہ طبی علاج کا متبادل نہیں۔

سدھو نے کہا کہ 'میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ایک ڈاکٹر میرے لیے خدا کی طرح ہوتا ہے، اور ڈاکٹر ہمیشہ سے میری ترجیح رہے ہیں، ہم نے جو کچھ بھی کیا ہے وہ ڈاکٹروں کے مشورے سے ایک مشترکہ عمل میں کیا گیا ہے، خوراک کا مقصد روایتی علاج کے ساتھ ساتھ اہلیہ کی بحالی میں مدد کرنا تھا' ۔

تاہم سی سی ایس کا استدلال ہے کہ سدھو کے بیانات کینسر کے دوسرے مریضوں کو غیر تصدیق شدہ طریقوں کے حق میں ثابت شدہ علاج ترک کرنے کے لیے گمراہ کر سکتے ہیں۔

 سوسائٹی نے اپنے دعووں کو ثابت کرنے کے لیے معافی اور ثبوت کا مطالبہ کیا ہے، جس میں ناکامی پر قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔

تازہ ترین