دلچسپ و خاص

خاتون کا بغیر ٹکٹ نیویارک سے پیرس تک فضائی سفر

خاتون سیکیورٹی چیک پوائنٹس کو چکمہ دینے میں کامیاب رہی۔

Web Desk

خاتون کا بغیر ٹکٹ نیویارک سے پیرس تک فضائی سفر

خاتون سیکیورٹی چیک پوائنٹس کو چکمہ دینے میں کامیاب رہی۔

خاتون کا بغیر ٹکٹ نیویارک سے پیرس تک فضائی سفر

جدید دور کا فضائی سفر محفوظ بنانے کے لیے ایئرپورٹ پر کئی طرح کے چیک پوائنٹس قائم کیے جاتے ہیں تاہم اس کے باوجود امریکا جیسے ترقی یافتہ ملک میں ایک خاتون تمام تر سیکیورٹی نظام کو چکمہ دینے میں کامیاب رہی۔

نیویارک کے جے ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں اور  چیکنگ کے نظام کو چکمہ دے کر ایک خاتون  بغیر ٹکٹ اور بورڈنگ پاس کے نہ صرف ڈیلٹا ایئرلائن کی پرواز پر سوار ہوئی بلکہ نیویارک سے پیرس تک سفر بھی کیا۔

امریکی اخبار  کے مطابق خاتون نے تعطیلات کے رش کا فائدہ اٹھا کر دو شناختی کاؤنٹرز کو بائی پاس کیا اور اس کے بعد بورڈنگ پاس جاری کرنے والے اسٹیشن سے بھی نکل گئی۔

ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے ایک ترجمان کے مطابق مذکورہ خاتون دو جگہ سیکیورٹی اسکریننگ مکمل کرکے جہاز پر سوار ہوئی جس کا مطلب ہے کہ ان کے پاس کوئی ممنوعہ شے نہیں تھی اور ان سے پرواز کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔

ترجمان نے اخبار کو بتایا کہ ’ہم اس کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ایک خاتون نے اسکریننگ مکمل کی اور ان کے پاس کوئی ممنوعہ شے نہیں تھی'۔

ترجمان کے مطابق خاتون نے شناخت چیک کرنے کے دو ڈیسک اور بورڈنگ پاس والے ڈیسک کو بائی پاس کیا۔

خاتون کے ساتھ سفر کرنے والے ایک مسافر نے بتایا کہ  جب 7 گھنٹوں کا سفر مکمل ہونے والا تھا اس وقت جہاز کے عملے کو پتا چلا کہ مفت سفر کرنے والی خاتون ایک باتھ روم میں موجود ہے۔

شروع میں مفت سفر کرنے والی خاتون کے بارے میں مسافروں کو الرٹ نہیں کیا گیا لیکن جب جہاز پیرس میں اترا تو عملے نے اعلان کیا کہ ایک ’سنگین سیکیورٹی ایشو‘ کے سلسلے میں پیرس پولیس جہاز میں داخل ہو رہی ہے۔

جہاز کے کپتان نے اعلان کیا کہ ’میں کپتان بول رہا ہوں، ہم پولیس کا جہاز پر آنے کا انتظار کر رہے ہیں، انہوں نے حکم دیا ہے کہ سب اس وقت تک جہاز پر ہی رہیں جب تک جہاز میں اضافی مسافر کا معاملہ حل نہیں کیا جاتا۔‘

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خاتون مسافر نے کیسے شناخت کے کاؤنٹرز کو بائی پاس کیا اور یہ بھی معلوم نہیں کہ آیا فرانسیسی پولیس نے خاتون کو گرفتار کیا یا نہیں، ڈیلٹا ایئرلائن نے بھی اس حوالے سے اضافی معلومات شیئر نہیں کی۔

تازہ ترین