جوبائیڈن نے صدارتی اختیار کے تحت بیٹے کو معاف کردیا
امریکی صدر نے بیٹے کے خلاف مقدمات کو سیاسی قرار دیا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے اہلِ خانہ کو فائدہ پہنچانے کے لیے صدارتی اختیار کا استعمال نہ کرنے کے اعلان سے یوٹرن لیتے ہوئے اپنے بیٹے کو معافی دیتے ہوئے فوجداری مقدمات میں ممکنہ سزا سے بچا لیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو اسلحہ رکھنے اور ٹیکس کی عدم ادائیگی کے حوالے سے الزامات کا سامنا تھا۔
ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ ڈیلاویئر اور کیلیفورنیا میں دو مقدمات میں سزا پانے کے بعد اپنے بیٹے کو معاف نہیں کریں گے اور نہ ہی سزا میں کمی کے لیے کوئی اقدام کریں گے۔
موجودہ صدر کی جانب سے بیٹے کو معافی دینے کا اقدام اس وقت سامنے آیا جب نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس پہنچنے میں2 ماہ سے کم وقت رہ گیا ہے۔
اتوار کو جو بائیڈن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ ’آج میں نے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے معافی نامے پر دستخط کیے ہیں۔‘
امریکی صدر نے بیٹے کے خلاف مقدمات کو ’سیاسی مقاصد کے حصول‘ اور ’انصاف کو گمراہ’ کرنے کی کوشش قرار دیا۔
ان کے بیان کے مطابق ’میرے بہت سے سیاسی مخالفین کی جانب سے میرے انتخاب کے بعد یہ الزامات سامنے آئے۔ کوئی بھی باشعور ہنٹر بائیڈن پر لگائے گئے الزامات پر نگاہ ڈالے تو وہ اس کے علاوہ کسی اور نتیجے پر نہیں پہنچ سکتا کہ ہنٹر کو صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کہ وہ میرا بیٹا ہے۔‘
جو بائیڈن نے مزید لکھا کہ ’امید ہے کہ امریکی اس بات کو سمجھیں گے کہ ایک باپ اور صدر اس فیصلے کے ساتھ کیوں سامنے آیا۔‘
خیال رہے کہ ہنٹر بائیڈن کو 2018 میں بندوق رکھنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا جبکہ پراسیکیوٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے منشیات کے استعمال کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا تھا۔
اسی طرح ستمبر میں ان پر ایک 14 لاکھ ڈالر ٹیکس ادا نہ کرنے کا الزام لگا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے مالی معاملات میں بدعنوانی کا اعتراف کر لیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ اعتراف جرم اپنے خاندان کو مزید شرمندگی اور تکلیف سے بچانے کے لیے کر رہے ہیں۔
امریکا کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ منصب پر فائز کسی صدر کے بیٹے کو مجرم ٹھہرایا گیا ہو۔
جو بائیڈن کے اقدام کے ساتھ ہی وہ معاملہ اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے جو دسمبر 2020 میں سامنے آیا تھا جب جو بائیڈن کی فتح کے بعد ایک ماہ بعد ہی بتایا گیا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ ان کے بیٹے سے تفتیش کر رہا ہے۔
انصاف کی موت، ٹرمپ
بائیڈن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے انصاف کا استحصال اور اس کی موت قرار دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ 'کیا جو بائیڈن کی طرف سے ہنٹر کو دی گئی معافی میں J-6 یرغمالی شامل ہیں، جو برسوں سے قید ہیں؟ انصاف کا ایسا استحصال اور موت۔
-
فلم / ٹی وی 9 گھنٹے پہلے
شاہد کپور کی 5 بہترین فلمیں جو آپ کو ضرور دیکھنی چاہئیں
-
عالمی منظر 10 گھنٹے پہلے
ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی ہم جنس پرستوں پر بجلیاں گرادیں
-
انفوٹینمنٹ 10 گھنٹے پہلے
پریانکا چوپڑا نیپوٹزم کے فروغ میں روشن خاندان کے کردار پر بول پڑیں
-
انفوٹینمنٹ 10 گھنٹے پہلے
اداکارہ صرحا اصغر دوسرے بچے کی ماں بن گئیں