کھیل

پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامند

پاکستان بھی آئندہ بھارت کے ساتھ نیوٹرل مقام پر میچ کھیلے گا۔

Web Desk

پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامند

پاکستان بھی آئندہ بھارت کے ساتھ نیوٹرل مقام پر میچ کھیلے گا۔

محسن نقوی نے کہا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل قابل قبول نہیں۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ ہائبرڈ ماڈل قابل قبول نہیں۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اگلے سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے کے لیے تیار ہے اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) 2031 تک ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس کے لیے اسی پالیسی پر عمل درآمد کرے۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں 3 ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے لیکن ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان اب تک نہ ہوسکا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور اس کے چیئرمین کا بدستور یہی مؤقف ہے کہ ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں کیا جائے گا۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے سے انکار کے بعد پی سی بی کسی بھی میچ کو ملک سے باہر منتقل نہ کرنے پر بضد تھا۔

اس کے بعد آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کا خیال پیش کیا، جس پر پاکستان نے جواب دیا کہ یہ آپشن اختیار نہیں کیا جائے گا جبکہ پی سی بی کے سربراہ نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارت کا پاکستان میں کرکٹ نہ کھیلنا ناقابل قبول ہے۔

آئی سی سی بورڈ کا اجلاس جس میں تمام 12 فل ممبران، تین ایسوسی ایٹ ممبران، اور آئی سی سی چیئر کے نمائندوں نے شرکت کی آج بغیر کسی اتفاق رائے کے ختم ہو گیا، تاہم پی سی بی سے متوقع معاہدے نے ممکنہ حل کا اشارہ دیا۔

اس دوران چیئرمین پی سی بی نے دبئی میں ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے سربراہ مبشر عثمانی سے بھی ملاقات کی، عثمانی آئی سی سی کی ایسوسی ایٹ ممبرز کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر کام کرتے ہیں۔

ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں صورتحال مستحکم ہے اور میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کو ریاستی سطح کی سیکیورٹی حاصل ہوگی۔

البتہ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے کے لیے کچھ شرائط طے کی تھیں۔

بھارت دبئی میں کھیلے گا

تمام میچز جن میں بھارتی کرکٹ ٹیم شامل ہے، بشمول گروپ مرحلے کے میچز، سیمی فائنل، اور فائنل (اگر اہل ہو)، دبئی میں منعقد ہوں گے، یہ فیصلہ بھارتی حکومت کے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے خلاف مؤقف کے بعد کیا گیا ہے۔

لاہور میں بیک اپ ہوسٹنگ

اگر بھارتی ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھتی تو پاکستان سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی لاہور میں کرے گا۔

آئی سی سی ٹورنامنٹس کیلئے نیوٹرل مقامات

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تجویز دی ہے کہ اگر بھارت مستقبل میں آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرتا ہے تو پاکستان کے میچز بھی بھارت کے بجائے نیوٹرل مقامات پر کرائے جائیں۔

یہ تجویز دونوں ممالک کے درمیان جاری سیاسی تناؤ کی وجہ سے ہے، جس نے ان کے دوطرفہ کرکٹ کے تعلقات کو متاثر کیا ہے اور ماضی میں دوسرے ٹورنامنٹس کے لیے بھی اسی طرح کے انتظامات کیے گئے تھے۔

چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک ہونے والی ہے، جس کی میزبانی کراچی، لاہور اور راولپنڈی کریں گے۔

اس مقصد کے لیے پاکستان میں گراؤنڈز کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، خیال رہے کہ پاکستان 2017 میں دوبارہ ٹائٹل جیتنے کے بعد سے اب تک دفاعی چیمپئن ہے۔

تازہ ترین