بھارتی فوجی والدین کی بیٹی آج کی بالی وڈ سپر اسٹار، جانیے کون؟
پریانکا نے اپنی صلاحیتوں سے والدین کا سر فخر سے بلند کردیا
بالی وڈ فلمی دنیا میں کئی فنکار ایسے ہیں جنکے والدین تو مختلف پیشے سے وابستہ ہیں لیکن انکے بچوں نے بنا کسی اقرباپروری کا سہارا لیے فلمی دنیا میں قدم رکھتے ہی ترقی کی منزلیں طے کرلیں۔
اور ان اسٹار کڈز کا یہ مقام اور مرتبہ صرف بالی وڈ تک ہی محدود نہ رکھا بلکہ دیگر فلم انڈسٹری میں بھی انہوں نے اپنے فن کے ایسے جوہر دکھائے کہ آج انکا نام بچے بچے کی زبان پر ہے۔
جی ہاں آج ہم بات کرنے جارہے ہیں بالی وڈ اور ہالی وڈ میں یکساں مقبولیت کی حامل اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جنہوں نے یہ ثابت کردیا کہ اپنی محنت کے بل بوتے بھی انڈسٹری میں نام کمایا جاسکتا ہے۔
پریانکا چوپڑا کی ابتدائی زندگی:
اداکارہ پریانکا چوپڑا کی پیدائش 18 جولائی 1982 جمشید پور، بہار (موجودہ جھارکھنڈ) میں رہائش پذیر ایک ایسے گھرانے میں ہوئی جنکا تعلق بھارتی فوج سے تھا۔
پریانکا کے والدین اشوک اور مدھو چوپڑابھارتی فوج میں بطور معالج اپنے فرائض سرانجام دیتے تھے۔ پریانکا کے والد ایک پنجابی ہندو تھے جو امبالہ سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ ان کی والدہ جھارکھنڈ کی بہاری-مگاہی ہندو ہیں۔ علاوہ ازیں اداکارہ کا ایک بھائی سدھارتھ بھی ہے جو ان سے عمر میں تقریباً 7 سال چھوٹا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ پریانکا کے والدین کے فوجی معالج ہونے کی وجہ سے ان کا خاندان بھارت کے کئی شہروں میں تعینات رہا، جن میں دہلی، چندی گڑھ، امبالہ، لداخ، لکھنؤ، بریلی، اور پونے شامل ہیں۔
پریانکا کی تعلیمی مہارت:
فوجی گھرانے میں آنکھ کھولنے والی پریانکا نے ابتدائی تعلیم لکھنؤ کے لا مارٹینیر گرلز اسکول سے حاصل کی بعدازاں انہوں نے اعلیٰ تعلیم کیلئے بریلی کے سینٹ ماریا گوریٹی کالج میں داخلہ لے لیا۔
پھر 13 سال کی عمر میں وہ تعلیم کے لیے امریکہ منتقل ہو گئیں، جہاں انہوں نے اپنی خالہ کے ساتھ رہتے ہوئے نامور اسکولوں میں تعلیم حاصل کی۔ جسکے بعد پریانکا نے کئی تھیٹر پروڈکشنز میں بھی حصہ لیا اور ویسٹرن کلاسیکل موسیقی اور کورل سنگنگ کی تعلیم حاصل کی۔
ایک انٹرویو میں پریانکا بتاتی ہیں کہ ’انہیں اکثر سفر کرنے اور اسکول تبدیل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں تھا، بلکہ وہ اسے ایک نئے تجربے کے طور پر دیکھتی تھیں اور بھارت کے کثیرالثقافتی معاشرے کو دریافت کرنے کا موقع سمجھتی تھیں۔’
پریانکا اپنے بچپن کا احوال سناتے ہوئے مزید بتاتی ہیں کہ،’جب میں چوتھی جماعت میں تھی تو میں لداخ میں تھی تو میرے بھائی کی پیدائش ہوئی اور اس وقت میرے والد فوج میں تعینات تھے۔ ہم لداخ میں ایک سال رہے اسی لیے میری اس جگہ کی یادیں شاندار ہیں’۔
پریانکا کی حفاظت کیلئے گھر میں سلاخیں لگوائیں:
کون جانتا تھا کہ یہی بچی کل کو دنیا بھر میں مشہور ہوجائے گی اور لاکھوں لوگوں کی پسند بن جائے گی؟
ایسا ہی کچھ پریانکا کے ساتھ بھی ہوا جب تین سال بعد پریانکا واپس بھارت آئیں اور بریلی کے آرمی پبلک اسکول سے ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کی تو اسی عرصے کے دوران پریانکا چوپڑا نے مقامی بیوٹی پیجینٹ کا سہرا اپنے سر سجا لیا۔
یہ اعزاز اپنے نام کرنے کی دیر تھی کہ پریانکا کی شہرت میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا اور مداحوں کی فہرست دیکھتے ہی دیکھتے بڑھتی چلی گئی۔
بیٹی کی شہرت نے والدین کو اس قدر خوفزدہ کردیا کہ بعد میں پریانکا کے گھر والوں نے بیٹی کی حفاظت کے لیے گھر میں سلاخیں لگوالیں۔
لیکن شہرت اور نام کمانا بھی تو ضروری تھا، پھر کچھ ایسا ہوا کہ ان کی والدہ نے بیٹی کے شوق کو پورا کرتے ہوئے انہیں 2000 کے ’فیمینا مس انڈیا’ مقابلے میں داخل کروایا جہاں پریانکا دوسرے نمبر پر آئیں اور ’فیمینا مس انڈیا ورلڈ’ کا خطاب بھی اپنے نام کرلیا۔
بس پھر کیا تھا شہرت نے تو جیسے انکا ہاتھ ہی تھام لیا دیکھتے ہی دیکھتے پریانکا نے ’مس ورلڈ’ مقابلہ جیتا، جہاں انہیں 30 نومبر 2000 کو لندن ’ مس ورلڈ ’ اور ’مس ورلڈ کانٹینینٹل کوئین آف بیوٹی - ایشیا اینڈ اوشینیا’ کا تاج پہنایا گیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سال پریانکا چوپڑا ’مس ورلڈ’ کا خطاب جیتنے والی پانچویں بھارتی شہری تھیں اور سات سال کے اندر یہ اعزاز جیتنے والی چوتھی بھارتی خاتون بھی بن گئیں۔
پریانکا چوپڑا کا فلمی کیرئیر:
بات صرف یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ پریانکا چوپڑا جنہوں نے تعلیم کیلئے کالج میں داخلہ لیا تھا لیکن ’مس ورلڈ’ کا مقابلہ جیتنے کے بعد تعلیم کو الوداع کہہ دیا۔ تاہم یہ فیصلہ انکے حق میں بہتر ثابت ہوا کیونکہ پریانکا کو مقابل جیتنے کے بعد فلموں کی آفرز ملنا شروع ہوگئیں۔
’مس ورلڈ انڈیا’ کا خطاب جیتنے کے بعد، پریانکا چوپڑا کو عباس-مستان کی رومانوی تھرلر فلم ’ہمراز’ میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا۔ جو انکی کیرئیر کی پہلی فلم تھی۔ لیکن نامعملوم وجوہات کی بنا پر پریانکا اس فلم کا حصہ نہ بن سکیں اور پھر تامل فلم ’تھامیزھان’ سے اپنا فلمی ڈیبیو کیا۔
بعد ازاں 2003 میں پریانکا نے انیل شرما کی فلم ’دی ہیرو: لو اسٹوری آف آ اسپائی’ سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا جو بھارتی فوج کے پس منظر میں ایک را ایجنٹ کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کہانی بیان کرتی ہے۔
پھر اسی سال پریانکا نے فلم ’انداز’ میں اکشے کمار اور لارا دتا کے ساتھ کام کیا۔ فلم میں انہوں نے ایک پُرجوش اور چلبلی لڑکی کا کردار ادا کیا جو اکشے کمار کے کردار سے محبت کرتی ہے۔
لیکن ہر انسان کے مقدر میں صرف کامیابیاں ہی نہیں ہوتیں بلکہ اسے کبھی نہ کبھی اپنی زندگی میں ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایسا ہی کچھ تجربہ پریانکا نے بھی کیا کیونکہ 2004 کے آغاز میں ریلیز ہونے والی پریانکا کی تین فلمیں، ’پلان’، ’قسمت’، اور ’اسمبَھو’ بری طرح فلاپ ہوگئیں۔
اسی سال ڈیوڈ دھون کی رومانوی کامیڈی ’مجھ سے شادی کروگی’ میں سلمان خان اور اکشے کمار کے ساتھ پریانکا کی فلم نے کامیابی حاصل کی اور یہ سال کی تیسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔
یہی وہ سال تھا جس کے بعد پریانکا نے پھر کبھی پیھچے مڑ کر نہیں دیکھا کیونکہ انہوں نے نہ صرف اپنی صلاحیت سے بالی وڈ میں نام کمایا بلکہ اب وہ ہالی وڈ میں بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑتی نظر آرہی ہیں۔
اور یہی وجہ ہے کہ آج اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کرنے والی بھارتی اداکارہ اور پروڈیوسر پریانکا چوپڑا کا شمار اب بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں انہیں اپنے کیرئیر میں متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے، جن میں دو نیشنل فلم ایوارڈز اور پانچ فلم فیئر ایوارڈز شامل ہیں۔
2016 میں، حکومت ہند نے انہیں پدم شری سے نوازا، اور ٹائم میگزین نے انہیں دنیا کے 100 سب سے زیادہ بااثر افراد کی فہرست میں شامل کیا۔ جبکہ فوربز نے انہیں دنیا کی 100 سب سے طاقتور خواتین میں شامل کیا، اور 2022 میں، وہ بی بی سی کی 100 ویمن کی فہرست میں شامل تھیں۔
علاوہ ازیں پریانکا ماحولیات اور خواتین کے حقوق جیسے سماجی مسائل کو بھی اجاگر کرتی ہیں اور صنفی مساوات، صنفی اجرت کے فرق، اور فیمینزم کے بارے میں کھل کر بات کرتی ہیں۔ وہ 2006 سے ’یونیسف’ کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور انہیں 2010 اور 2016 میں بالترتیب بچوں کے حقوق کے لیے قومی اور عالمی ’یونیسف گڈول ایمبیسیڈر’ کے طور پر نامزد بھی کیا گیا۔
پریانکا چوپڑا کی ازدواجی زندگی:
اپنے کیرئیر میں کئی اعزازات اپنے نام کرنے والی اس حسینہ کی ازدواجی زندگی کی بات کریں تو پریانکا چوپڑا نے امریکہ کا رخ یوں تو اپنے اداکاری اور گلوکاری کے فن کو آزمانے کیلئے کیا تھا لیکن وہ وہاں نک جونس کی محبت میں مبتلا ہوگئیں اور یکم دسمبر 2018 کو اپنی محبت کو شادی جیسے مضبوط بندھن میں باندھ دیا۔
اس اسٹار جوڑی کے ہاں بیٹی کی پیدائش 15 جنوری 2022 ء کو سروگیسی کے ذریعے ہوئی جس کا نام ’مالتی میری‘ رکھا۔







