ٹیکنالوجی

ایلون مسک نے ڈانسنگ روبوٹ متعارف کروادیا

آپٹیمس کو جسم کو دائیں بائیں جھکاتے اور موسیقی کی دھن پر تھرکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

Web Desk

ایلون مسک نے ڈانسنگ روبوٹ متعارف کروادیا

آپٹیمس کو جسم کو دائیں بائیں جھکاتے اور موسیقی کی دھن پر تھرکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

آپٹیمس کو مختلف حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے
 آپٹیمس کو مختلف حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

امریکی ارب پتی اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے حال ہی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کے سامنے اپنی کمپنی کا جدید ہیومنائیڈ روبوٹ آپٹیمس پیش کیا۔

یہ روبوٹ اب صرف چلنے یا چیزیں اٹھانے کی صلاحیت نہیں رکھتا بلکہ اب یہ انسانی انداز میں رقص بھی کرسکتا ہے جس کی جھلک ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سابقہ ٹوئٹر پر شیئر کی۔

ویڈیو میں آپٹیمس کو توازن کے ساتھ قدم بڑھاتے، جسم کو دائیں بائیں جھکاتے اور موسیقی کی دھن پر تھرکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایلون مسک نے کیپشن میں صرف ایک ’ڈانسنگ ایموجی‘ استعمال کیا لیکن بعد میں خود وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو بالکل اصلی ہے اور ریئل ٹائم میں بنائی گئی ہے۔

یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور صارفین نے اس پر حیرت کا اظہار کیا۔

کچھ نے اسے ٹیکنالوجی کا شاندار نمونہ قرار دیا جبکہ بعض نے شبہات ظاہر کیے کہ کہیں یہ ویڈیو مصنوعی نہ ہو۔

اس پر ایکس کا اے آئی چیٹ بوٹ 'گروک' بھی میدان میں آیا اور ویڈیو کو قابل یقین قرار دیا اس بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ آپٹیمس کی یہ صلاحیتیں ماضی میں ہونے والی پریزنٹیشنز اور شوکیسز میں بتائی جا چکی ہیں۔

ٹیسلا کے روبوٹکس انجینئر میلان کوواک نے بھی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ روبوٹ مکمل طور پر 'ریئنفورسمنٹ لرننگ سے ٹرین کیا گیا ہے اور اب اس کی حرکات میں واضح بہتری نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ روبوٹ پر ایک حفاظتی کیبل اس لیے لگی ہوئی ہے تاکہ اگر وہ گر جائے تو اسے نقصان نہ ہو  یہ کیبل اسے سہارا نہیں دے رہی۔

صارفین نے روبوٹ کے رقص کی انسانی رقص سے حیرت انگیز مشابہت کو بھی نوٹ کیا۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ روبوٹ تو مجھ سے بھی بہتر ڈانس کرتا ہےجبکہ دوسرے نے ہنستے ہوئے لکھا کہ لگتا ہے آپٹیمس ٹیپ ڈانس کی پریکٹس کر رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب مسک نے اپنے روبوٹس کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہو بلکہ 2024 کے آخر میں انہوں نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں آپٹیمس کو ناہموار زمین پر چلتے دکھایا گیا تھا۔

اسی طرح 2023 میں آپٹیمس جنرل 2 متعارف کرایا گیا تھا جو یوگا کرنے، رنگوں کے مطابق اشیا کی ترتیب اور ابتدائی رقص جیسی حرکات کرنے کے قابل تھا۔

ایلون مسک نے اپنے بیانات میں روبوٹکس کے مستقبل کے حوالے سے بھی بڑے دعوے کیے ہیں۔

ان کے مطابق اگلے 5 سالوں میں ہیومنائیڈ روبوٹس انسانی سرجنوں سے زیادہ بہتر کام کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

انہوں نے اپنی کمپنی نیورلنک کی ترقی کو اس تناظر میں ایک مثال کے طور پر پیش کیا کہ مشینیں اب انسانی دماغ کی پیچیدگیوں کو بھی درستگی سے سمجھنے لگی ہیں۔

تازہ ترین