عالمی منظر

کھانے کے قریب مسلسل چھینکنے پر روم میٹ قتل

ملزم کو خدشہ تھا کہ روم میٹ کی چھینکیں قریب پکتے کھانے کو آلودہ کر دیں گی

Web Desk

کھانے کے قریب مسلسل چھینکنے پر روم میٹ قتل

ملزم کو خدشہ تھا کہ روم میٹ کی چھینکیں قریب پکتے کھانے کو آلودہ کر دیں گی

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

امریکی ریاست میساچوسٹس میں ایک شخص نے کھانے کے قریب بہت زیادہ چھینکیں مارنے پر مبینہ طور پر بزرگ روم میٹ کو قتل کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزم 'تھینکس گیونگ ٹرکی ڈنر' تیار کر رہا تھا۔

ملزم کی شناخت رچرڈ لومبارڈی کے نام سے ہوئی جس کی عمر 65 برس ہے، اس کی اپنے 80 سالہ روم میٹ فرینک گریسوالڈ سے اس وقت بحث ہوئی جب وہ اسے برتن دھونے سے منع کررہا تھا کیونکہ اسے خدشہ تھا کہ اسکی مسلسل چھینکیں قریب پکتے کھانے کو آلودہ کر دیں گی۔

رچرڈ لومبارڈی کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق جب وہ دوبارہ باورچی خانے میں آیا تو اس نے دیکھا کہ فرینک گریسوالڈ نے اسکی بات نہیں مانی اور وہ وہیں کھانے کے قریب کھڑے ہوکر برتن دھونے میں مصروف تھا۔

غصے میں آکر رچرڈ نے اپنے روم میٹ کو پیچھے سے دبوچ کر ایک طرف دھکیل دیا، اس دوران فرینک کا پاؤں کہیں الجھ گیا تھا، وہ فرش پر آگرا اور اس کے سر پر زوردار چوٹ آئی۔

رچرڈ نے بتایا کہ جب فرینک گر کر بیہوش ہوگیا اور اسکے سر سے خون بہنے لگے تو اس نے فوراً 911 پر کال کی جسکے بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

پراسیکیوٹر جوزف پریسلے نے بتایا کہ جائے وقوع پر فرینک منہ کے بل گرا ہو ملا تھا اور اس کے سر پر لگنے والی چوٹ سے کافی خون بہہ چکا تھا۔

رچرڈ کو گزشتہ ہفتے پلائی ماؤتھ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں اس نے اِس واقعے میں قصوروار نہ ہونے کی استدعا کی۔

رچرڈ لومبارڈی کے وکیل مارشل جانسن نے کہا کہ 'عدالت میں پیش کیے جانے والے شواہد سے یہ واقعہ بظاہر ایک حادثہ لگتا ہے'۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رچرڈ اور فرینک دونوں 1990 کی دہائی کے اوائل سے دوست تھے، جب ان دونوں نے چارلس ریور مینجمنٹ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

وہ دونوں 2001 میں روم میٹ بن گئے، مالک مکان کے مطابق ان دونوں کے درمیان کوئی بحث تکرار یا جھگڑا نہیں ہوتا تھا، رچرڈ فرینک کا کیئر ٹیکر نہیں تھا لیکن وہ رات کے کھانے، بلز کی ادائیگی اور کاغذی معاملات میں فرینک کی کافی مدد کرتا تھا۔

ان تفصیلات کے باوجود رچرڈ لومبارڈی فی الحال زیرحراست ہیں، انہیں بدھ (4 دسمبر) کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین