فلم / ٹی وی

جان وِک کے فینز یہ 7 بالی وڈ فلمیں ضرور دیکھیں

ایسی کئی بالی ووڈ فلمیں بن چکی ہیں جو 'جان وک' کے مداحوں کو ضرور پسند آئیں گی

عمار احمد

جان وِک کے فینز یہ 7 بالی وڈ فلمیں ضرور دیکھیں

ایسی کئی بالی ووڈ فلمیں بن چکی ہیں جو 'جان وک' کے مداحوں کو ضرور پسند آئیں گی

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

ہالی وڈ کی مشہور فلم سیریز 'جان وِک' کو ایکشن، کرائم اور تھرلر کی کیٹیگری میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے، اس نوعیت کی فلموں کے دنیا بھر میں موجود مداحوں میں سے شاید ہی کوئی ایسا ہو جس نے یہ فلم سیریز نہ دیکھی ہو۔

یہ فلم ایک ایسے کرائے کے قاتل کے گرد گھومتی ہے جو اپنی ریٹائرمنٹ ختم کرکے ان گینگسٹرز سے نمٹنے کا فیصلہ کرتا ہے جو اس کا سب کچھ چھین لینا چاہتے ہیں۔

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ معروف ہالی وڈ فلم 'میٹرکس' سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار Keanu Reeves کے کرئیر کو 'جان وک' فلم سیریز سے ایک نئی زندگی ملی ہے۔

بالی وڈ میں بھی ایسی کئی فلمیں بن چکی ہیں جو 'جان وک' کے مداحوں کو ضرور پسند آئیں گی، رنبیر کپور کی 'اینیمل' سے لے کر لکشیا کی 'کِل' تک اس فہرست میں کافی دلچسپ نام شامل ہیں۔

1۔ اینیمل:

'جان وِک' جیسی بالی وڈ فلموں میں سال 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم 'اینیمل' سرفہرست ہے۔

خون خرابے سے بھرپور ایکشن سینز کے علاوہ بولڈ مناظر اور ڈائیلاگز کی وجہ سے کئی تنازعات میں گھرے رہنے کے باوجود سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں بننے والی اِس فلم نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔

فلم کی کاسٹ میں رنبیر کپور، انیل کپور، رشمیکا مندانا، بوبی دیول، ترپتی دمری، پریم چوپڑا اور دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ایک دولت مند اور طاقتور صنعت کار (انیل کپور) کے بیٹے (رنبیر کپور) کے اپنے والد سے تعلق کے گرد گھومتی ہے جو بیرون ملک سے بھارت واپس آتا ہے اور اپنے والد کی جان کے دشمنوں کو سبق سکھانے کیلئے ہر حد پار کر جاتا ہے۔

فلم کے اختتام میں دلچسپ انداز میں اِس کے سیکوئل 'اینیمل پارک' کا عندیہ دیتے ہوئے فلمی شائقین کا تجسس برقرار رکھا گیا ہے۔

2۔ کِل:

سال 2024 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم 'کِل' کے ایکشن سے بھرپور مناظر ایک لمحے کیلئے بھی اسکرین سے نظریں ہٹنے نہیں دیتے۔

ڈائریکٹر نکھل ناگیش بھٹ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کی کاسٹ میں لکشیا لالوانی، راگھو جویال، تانیا مانیکتالا اور دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ایک آرمی کمانڈو امرت (لکشیا) کے گرد گھومتی ہے، جب اسے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس کی محبوبہ تلیکا (تانیا مانیکتالا) کی زبردستی کسی اور سے منگنی کردی گئی ہے، تو وہ اسکی شادی رکوانے کے لیے اسی ٹرین میں سوار ہوجاتا ہے جس میں تلیکا اپنے گھر والوں کے ساتھ سفر کررہی ہوتی ہے۔

اسی ٹرین میں چوروں کے گروہ کا سربراہ فانی (راگھو جوئیل) اپنے ساتھیوں کے ساتھ سوار ہوجاتا ہے اور قتل و غارت شروع کردیتا ہے جسے روکنے کیلئے امرت جی جان لڑا دیتا ہے۔

3۔ کبیر سنگھ:

سال 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم 'کبیر سنگھ' دراصل 2017 میں ریلیز ہونے والی تیلگو فلم 'ارجن ریڈی' کا ہندی ریمیک تھی، ان دونوں فلموں کی ہدایتکاری سندیپ ریڈی وانگا نے ہی کی تھی۔

فلم کی کاسٹ میں شاہد کپور، کیارا اڈوانی، عادل حسین، نکیتا دتا اور دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی میڈیکل کے ایک سینئر طالب علم کبیر سنگھ (شاہد کپور) کے گرد گھومتی ہے جسے اپنے غصے پر قابو نہیں رہتا۔

کبیر اپنی ایک جونیئر پریتی سکّا (کیارا ایڈوانی) کو دل دے بیٹھتا ہے اور اسکی محبت میں بری طرح گرفتار ہو جاتا ہے، تاہم پریتی کے گھر والے کبیر سے اس کی شادی کے خلاف ہوتے ہیں۔

اس بات پر برہم کبیر اپنے بڑے بھائی کی بیچلرز پارٹی میں پریتی اور اس کے گھر والوں سے لڑ پڑتا ہے اور پھر شراب اور نشے میں دھت ہوجاتا ہے، جب اسے ہوش آتا ہے، تو اُسے پتا چلتا ہے کہ پریتی کی کسی اور سے شادی کردی گئی ہے اور کبیر کو اپنے بڑے بھائی کی شادی میں ہنگامہ کرنے پر اس کے گھر والے بےدخل کرچکے ہیں۔

4۔ بدلہ پور:

سال 2015 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ ایکشن فلم 'بدلہ پور' کا شمار اداکار ورون دھون کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں ورون دھون کے علاوہ یامی گوتم، نواز الدین صدیقی، ہما قریشی، رادھیکا آپٹے، دویا دتا، ونے پاٹھک اور مکیش کھنہ شامل ہیں۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ بینک میں ڈکیتی کے بعد 2 ڈاکو (نواز الدین صدیقی اور ونے پاٹھک) فرار ہونے کیلئے راگھو (ورون دھون) کی بیوی (یامی گوتم) سے کار چھیننے کی کوشش کرتے ہیں، اس دوران گولی چلنے سے راگھو کی بیوی اور بیٹا دونوں مارے جاتے ہیں۔

اس ہولناک واقعہ سے راگھو کو شدید صدمہ پہنچتا ہے اور وہ دونوں ڈکیتوں سے اپنے خاندان کے قتل کا بدلہ لینے نکل پڑتا ہے۔

5۔ راکی ہینڈ سم:

سال 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم 'راکی ہینڈسم' میں فلمی شائقین باقاعدہ طور پر جان وِک کے مخصوص انداز کی جھلک دیکھ سکتے ہیں۔

اس فلم میں جان ابراہم کے مد مقابل شروتی ہاسن نے ہیروئن کا کردار ادا کیا ہے جبکہ دیگر کاسٹ میں نتھالیہ کور اور دیا چلود بھی شامل ہیں۔

راکی ہینڈ سم سال 2010 میں ریلیز ہونے والی جنوبی کورین فلم ’دی مین فرام نو وئیر‘کی کہانی سے ماخوذ ہے جس کی کہانی ایک بچی کے گرد گھومتی ہے جسے اغوا کرلیا جاتا ہے اور جان ابراہم اسے بچانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔

6۔ گینگز آف واسع پور:

دو حصوں میں ریلیز ہونے والی مقبول ترین بالی وڈ فلم ’گینگز آف واسع پور‘ کا پہلا پارٹ جون 2012 میں جبکہ دوسرا پارٹ اگلے ہی مہینے اگست 2012 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

ہدایت کار انوراگ کیشپ کی اِس فلم کی کاسٹ میں منوج واجپائی، نواز الدین صدیقی، پنکج تریپاٹھی، ریچا چڈھا اور ہما قریشی جیسے منجھے ہوئے اداکار شامل ہیں۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ سردار خان (منوج باجپائی) اپنے والد کی موت کا بدلہ لینے کے لیے رامدھیر سنگھ کا قتل کر دیتا ہے، جس کے بعد خاندانی جھگڑوں سے لیکر علاقائی دنگے فسادات کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جو کئی زندگیاں کھا جاتا ہے۔

7۔ وانٹیڈ:

سال 2009 میں ریلیز ہونے والی ایکشن فلم 'وانٹیڈ' نے سلمان خان کے کریئر اور مقبولیت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا تھا۔

پرابھو دیوا کی ہدایتکاری میں بننے والے اِس فلم کی کاسٹ میں سلمان خان، عائشہ تاکیہ اور پرکاش راج کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی رادھے (سلمان خان) نامی ایک بے رحم غنڈہ کے گرد گھومتی ہے جو پیسوں کے لیے کسی کی بھی جان لے لیتا ہے، وہ ایک لڑکی (جھانوی) کو دل دے بیٹھتا ہے، جو اس کے کام سے مطمئن نہیں ہوتی اور اسے بدلنا چاہتی ہے، بعد میں حقیقت کھلتی ہے کہ رادھے دراصل ایک پولیس والا ہے جو بدمعاشوں کا قلع قمع کرنے کیلئے غنڈے کا روپ دھار لیتا ہے۔

تازہ ترین