وکرانت کی متنازع ریٹائرمنٹ، وائرل ویڈیو نے سوال کھڑا کردیا
مداحوں نے وکرانت میسی کے ردعمل کو مشکوک قرار دیدیا
فلم حسین دلربا اور 12 فیل میں اپنی شاندار اداکاری کی بدولت شہرت کی اونچائیوں پر براجمان ہونے والے بالی وڈ کے خوبرو اداکار وکرانت میسی نے اپنے کرئر کے عروج پر فلمی دنیا کو خیر باد کہنے کے اعلان سے تہلکہ مچادیا۔
اپنے کریئر کے پیک پوائنٹ پر وکرانت میسی کی ریٹائرمنٹ کا اعلان انڈسٹری کے لیے بھی ایک بڑا جھٹکا ہے خاص طور پر اس لیے کیونکہ 12ویں فیل اداکار اس وقت اپنے کریئر میں ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں۔
ایک جانب جہاں وکرانت میسی نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کی جانے والی پوسٹ سےمداحوں کو صدمے میں ڈالا وہیں دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس اعلان کو سستا پی آر اسٹنٹ بھی قرار دیا جارہا ہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد پہلی پبلک اپیرئنس:
حال ہی میں اداکار وکرانت میسی 2025 میں اداکاری چھوڑنے کا غیر متوقع اعلان کرنے کے چند گھنٹے بعد، اپنی تازہ ترین فلم ‘دی سابرمتی رپورٹ‘ کی نمائش کے لیے بھارتی پارلیمنٹ کے احاطے میں وزیر اعظم نریندر کے ساتھ پہلی بار منظر عام پر آئے۔
وکرانت میسی کی فلم ‘دی سابرمتی رپورٹ‘ کی نمائش بھارتی پارلیمنٹ ہاؤس میں انڈین پی ایم نریندر مودی اور دیگر ارکانِ پارلیمنٹ کی موجودگی میں کی گئی۔
فلم کی اسکریننگ میں وکرانت کے ہمراہ فلم میں موجود ان کی ساتھی اداکارہ، راشی کھنہ نے بھی شرکت کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
اسکریننگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وکرانت نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی فلم دیکھنے کو کریئر کا سب سے اعلیٰ مقام قرار دیا۔
اپنے کریئر کے یادگار لمحے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وکرانت کا کہنا تھا کہ ‘یہ لمحات ان کیلئے کافی خاص تھے جنہیں وہ کبھی نہیں بھولیں گے‘۔
وکرانت کی ریٹائرمنٹ یا پی آر اسٹنٹ؟
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور کئی ممبران پارلیمنٹ کے سامنے اپنی فلم ‘دی سابرمتی رپورٹ‘ کی کامیاب اسکریننگ کے بعد اداکار وکرانت میسی کی ایک ویڈیو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وائرل ہورہی ہے۔
انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بھارتی صحافیوں کی جانب سے اداکار وکرانت میسی سے سوال کیا جارہا ہے کہ ‘کیا وہ واقعی فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ رہے ہیں اور اگر ایسا ہے تو کیوں مداحوں کو اس کی وجہ بتائیں؟‘
تاہم سوال کے بعد اداکار وکرانت میسی کی جانب سے دیے جانے والے ردعمل نے پرستاروں سمیت صحافیوں کو بھی حیران کردیا۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بارے میں کیے جانے والے سوال پر وکرانت نے ساتھی اداکارہ راشی کھنہ کو فلم کے بارے میں سوالات کا جواب دینے کے لیے اکیلا چھوڑ دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جس لمحے میڈیا کی جانب سے اداکار وکرانت میسی سے ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ جواب دیے بنا ہی پریس ٹاک چھوڑ کر وہاں سے چلے گئے۔
وکرانت میسی کے نان پروفیشنل ردعمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے کمنٹ سیکشن میں مداحوں کی جانب سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اداکار نے دیگر بالی وڈ اسٹارز کی طرح اپنی فلم کو لائم لائٹ میں لانے کیلئے سستا پبلسٹی اسٹنٹ سرانجام دیا ہے جوکہ افسوسناک بات ہے‘۔
ہرش وردھن رانے کا وکرانت کے اعلان پر تبصرہ:
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیئے جانے والے ایک انٹرویو میں فلم صنم تیری قسم سے شہرت پانے والے اداکار ہرش وردھن رانے نے فلم حسین دلربا سے اپنے ساتھی اداکار وکرانت میسی کے ریٹائرمنٹ اعلان پر حیران کن تبصرہ کرتے ہوئے مداحوں کو ششدر کردیا۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکار ہرش وردھن کا کہنا تھا کہ 'وکرانت اسٹریٹ فارورڈ اور مرکوز سوچ کے حامل انسان ہیں، میں نے ان کے ساتھ فلم 'حسین دلرُبا' میں کام کیا ہے اسلیے میں انہیں کافی قریب سے جانتا ہوں‘۔
رانے کا مزید کہنا تھا کہ ‘فلم کی شوٹنگ کے دوران میں نے وکرانت کی اداکاری کے ساتھ ساتھ باحیثیت انسان ان کی شخصیت کو بھی کافی قریب سے اوبزَرو کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں ان کے کام کی اخلاقیات کا احترام کرتا ہوں'۔
وکرانت کی ریٹائرمنٹ پر اپنی امید کا اظہار کرتے ہوئے ہرش وردھن رانے کا کہنا تھا کہ ‘مداح پریشان نہ ہوں وکرانت فلموں میں واپس آجائیں گے یاد رہے کہ عامر خان صاحب نے بھی ایسا ہی اعلان کیا تھا، میں دعا کر رہا ہوں کہ یہ محض ایک پبلسٹی اسٹنٹ ہو جو کسی فلم ساز کی جانب سے مجبور کرنے پر وکرانت کی جانب سے کیا گیا ہو'۔
وکرانت میسی کے کیریئر پر ایک نظر
اداکار وکرانت میسی 3 اپریل 1987 کو ممبئی، مہاراشٹر میں پیدا ہوئے۔ وکرانت کا تعلق ایک مڈل کلاس عیسائی خاندان سے ہے۔
وکرانت بچپن سے ہی اداکاری کے بخار میں مبتلا تھے یہی وجہ ہے کہ اسکول کے دنوں سے ہی انہوں نے ڈانس اور اداکاری میں حصہ لینا شروع کیا اور یہیں سے ان کی دلچسپی نے پروفیشنل کیریئر کی شکل اختیار کی۔
اداکار وکرانت میسی نے سن 2007 میں بھارتی شوبز انڈسٹری کے ڈرامہ سیریل ’دھوم مچاؤ دھوم‘ سے اداکاری کی دنیا میں اپنا پہلا قدم رکھا۔
وکرانت کو شہرت سال 2012 میں ریلیز ہونے والے ٹیلی ویژن ڈرامہ سیریل ’قبول ہے‘ سے ملی جہاں وکرانت کی جاندار اداکاری اور دلکش لُکس نے مداحوں کے دل اپنی جانب مبذول کرلیے۔
ٹیلی ویژن اسکرینز پر دھاک بٹھانے کے بعد چکور کی طرح چاند پر نظریں گاڑتے ہوئے وکرانت نے اپنے کیریئر کو ٹی وی کی سرحد سے آزاد کرتے ہوئے فلمی پردے کا مقدر بنانے کو سوچا، جوکہ ایک خوش آئند فیصلہ ثابت ہوا۔
اور یوں وکرانت میسی نے بالی وڈ میں اپنا ڈیبیو سال 2013 میں فلم ’رابر‘ سےکیا اور پھر ’ہاف گرل فرینڈ‘ ،’حسین دلرُبا‘ ،‘پھر آئی حسین دلربا‘، ’لَو ہوسٹل‘، ’ 14 پھیرے‘ اور ’12 فیل‘، ‘مرزا پور‘، سیکٹر 36‘ اور ‘چھپک‘ جیسی سپر ہٹ فلموں کی بدولت فلمی اسکرینز کے ہمراہ او ٹی تی پلیٹ فارمز پر بھی اپنے نام کا سکہ چلانے میں کامیاب ہوگئے۔
-
انفوٹینمنٹ 11 منٹ پہلے
'یار کی شادی'، کبریٰ اور گوہر رشید کی شادی کا ایک اور اشارہ
-
انفوٹینمنٹ 33 منٹ پہلے
کینسر نے حنا خان کے کیرئیر پر کتنا اثر ڈالا؟
-
فلم / ٹی وی 10 گھنٹے پہلے
شاہد کپور کی 5 بہترین فلمیں جو آپ کو ضرور دیکھنی چاہئیں
-
عالمی منظر 10 گھنٹے پہلے
ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی ہم جنس پرستوں پر بجلیاں گرادیں