نرگس فخری کے 'قاتل' بہن سے تعلقات سے متعلق بڑا انکشاف
عالیہ فخری کی گرفتاری کے بعد نرگس کے ردِ عمل کا انتظار کیا جارہا تھا۔
بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری کے دہرے قتل کے مقدمے میں نامزد ان کی بہن سے تعلقات کے بارے میں بڑا انکشاف سامنے آگیا۔
بھارتی فلموں میں کام کرنے والی پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ نے 2011 ء میں امتیاز علی کی فلم ’راک اسٹار‘ سے بالی وڈ میں اپنے کریئر کا آغاز کیا جس میں وہ رنبیر کپور کے مدِمقابل تھیں اور فلم نے انہیں راتوں رات سپر اسٹار بنا دیا تھا۔
اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے مین اسٹریم میڈیا سے غائب ہیں البتہ گزشتہ ہفتے انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کر کے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ فلم 'ہاؤس فل5' کا کام تقریباً مکمل ہوگیا ہے۔
اس پوسٹ میں انہوں نے فلم کی کاسٹ میں شامل اکشے کمار، ابھیشیک بچن، فردین خان، رتیش دیشمکھ، جیکولین فرنینڈس، سنجے دت، جیکی شروف اور دیگر کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ 'ہمارے سینمائی سفر کے آخری شیڈول سے گزرتے ہوئے'۔
تاہم گزشتہ روز اداکارہ کا نام اس وقت چرچوں میں آیا جب یہ خبر سامنے آئی ان کی بہن عالیہ فخری کو امریکا میں دہرے قتل کے کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق عالیہ فخری نے اپنے سابقہ بوائے فرینڈ کے گھر کو آگ لگائی جس کے نتیجے میں اس کی اور اس کے گھر میں موجود دوست کی دم گھٹنے کے باعث موت ہوگئی۔
عالیہ فخری کو اس جرم میں 26 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر فرسٹ ڈگری مرڈر کی 4 دفعات لگائی گئی ہیں اور اگر الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں عمر قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس سنگین صورتحال پر نرگس فخری کی والدہ کا ردِ عمل سامنے آیا جنہوں نے اپنی بیٹی عالیہ فخری کو ایک خیال رکھنے والی شخصیت قرار دیا اور کہا کہ وہ ایسا جرم نہیں کرسکتی۔
البتہ اداکارہ نرگس فخری کی جانب سے کسی قسم کا کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔
تاہم اب اس صورتحال کے تناظر میں نرگس اور ان کی بہن عالیہ کے رشتے کے حوالے سے جو بات سامنے آئی ہے وہ حیرت انگیز ہے۔
بھارتی میڈیا میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ عالیہ فخری کے سابق بوائے فرینڈ کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے معاملے پر نرگس فخری کو کوئی وضاحت نہیں دینی۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نرگس کا اپنی بہن سے گزشتہ 20 برس سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور انہیں اس واقعے کی اطلاع دوسروں کی طرح خبروں کے ذریعے ہی ملی۔