شاہ رخ کو کریڈٹ کیوں؟ دعا لیپا کی پرفارمنس پر ابھیجیت پھٹ پڑے
ابھیجیت بھٹا چاریہ بھارتی عوام سے ناراض
عالمی شہرت یافتہ گلولارہ دعا لیپا نے ممبئی کنسرٹ کے دوران بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے آئیکونک سانگ 'وہ لڑکی' اور اپنے ہٹ ٹریک 'لیویٹیٹنگ' کے میش اپ پر پرفارم کرکے جہاں سب کو حیران کر دیا وہیں دوسری جانب گانے کے سنگر ابھیجیت بھٹاچاریہ نے بھارتی عوام سے ناراضگی کا اظہار کردیا۔
سوشل میڈیا پر دعا لیپا کے کنسرٹ کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اداکار شاہ رخ خان کے مداح پرسکون نہ رہ سکے اور ہر جانب ایس آر کے کی دھوم مچ گئی۔
ابھیجیت بھٹاچاریہ بھارتی عوام سے ناراض:
یہی وجہ ہے کہ بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ کا کہنا تھا کہ ان کی آواز سے وائرل ہونے والی کلپ میں کوئی انہیں کریڈٹ نہیں دے رہا جوکہ افسوسناک ہے۔
ابھیجیت نے استدلال کیا کہ گلوکارہ دعا لیپا کو اپنی پرفارمنس کے دوران گانے کی اصل ٹیم کو کریڈٹ دینا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں ہوا اور تمام سرخیوں کی زینت ‘وہ لڑکی‘ کی خالق ٹیم کے بجائے شاہ رخ خان بن گئے‘۔
گلوکار نے مزید کہا کہ ‘انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ دعا لیپا کون ہے کیونکہ فلم بادشاہ کا یہ گانا دعا لیپا کی پرفارمنس سے پہلے بھی 'مقبول' تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘بہت صاف کہوں تو مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ دعا لیپا کون ہے، وہ میرا نام لے سکتی ہے یا نہیں لیکن جب اس نے اسٹیج پر پرفارم کیا تو میرا فون کالز سے بھر گیا کہ یہ کریڈٹ آپ کا تھا‘۔
ابھیجیت بھٹاچاریہ کا کہنا تھا کہ ‘میں نے تمام لوگوں کو بتایا کہ سب جانتے ہیں کہ گانے کی پذیرائی کا اصل حقدار کون ہے اور یہی کافی ہے'۔
واضح رہے کہ سانگ ‘وہ لڑکی جو سب سے الگ ہے‘ کے بول بالی وڈ کے جانے مانے سانگ رائٹر سمیر نے لکھے تھے ،گانے میں گلوکار ابھیجیت نے اپنے آواز کا جادو جگایا جبکہ اس کی موسیقی مشہور موسیقار انو ملک نے ترتیب دی تھی۔
فلم کی اسٹار کاسٹ میں شاہ رخ خان، ٹوئنکل کھنہ، چائلڈ آرٹسٹ کرشمہ جین، جانی لیور، دیپشیکا، امریش پوری، راکھی گلزار اور دیگر اداکار شامل ہیں۔