سچن ٹنڈولکر نے بیٹی کو بڑی ذمہ داری سونپ دی
سابق کرکٹر نے اس کا اعلان سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا۔
بھارت کے سابق لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنی بیٹی سارہ ٹنڈولکر کو اہم زمہ داری سونپ دی۔
اپنے سوشل میڈیا ہینڈل کے ذریعے ایک خصوصی اعلان کرتے ہوئے سچن نے اپنی بیٹی سارہ ٹنڈولکر کو سچن ٹنڈولکر فاؤنڈیشن میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔
سارہ نے 'سچن ٹنڈولکر فاؤنڈیشن' کی ڈائریکٹر کے طور پر اپنے والد کے منصوبے میں شمولیت اختیار کی ہے۔
سچن نے سارہ کی میڈیکل کا تعلیمی پس منظر رکھنے کے حوالے سے تعریف کی اور کہا کہ اس کے ساتھ وہ معاشرے کو بااختیار بنا سکیں گی۔
خیال رہے کہ 27 سالہ سارہ ٹنڈولکر نے یونیورسٹی کالج آف لندن کے ڈپارٹمنٹ آف میڈیسن سے کلینیکل اور پبلک ہیلتھ نیوٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں سابق بھارتی کرکٹر نے اعلان کیا کہ 'مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ میری بیٹی سارہ ٹنڈولکر نے سچن ٹنڈولکر فاؤنڈیشن میں بطور ڈائریکٹر شمولیت اختیار کی ہے، اس نے یونیورسٹی کالج لندن سے کلینیکل اور پبلک ہیلتھ نیوٹریشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے'۔
سچن کا مزید کہنا تھا کہ 'اب جب وہ تعلیم، کھیل، ہیلتھ کیئر کے ذریعے بھارت کو بااختیار بنانے کے اس سفر کا آغاز کر رہی ہے، یہ اس بات کی یاددہانی ہے کہ کس طرح عالمی سطح پر سیکھنے کا عمل مکمل ہوسکتا ہے'۔
حال ہی میں سارہ نے اپنی اور والدہ انجلی ٹنڈولکر کے ادے پور کے ایک دور دراز گاؤں کے دورے کی جھلکیوں کو بھی شیئر کیا تھا اور پسماندہ برادریوں سے ملنے کے معنی خیز تجربے کے بارے میں بات کی تھی۔
سارہ نے اپنی اور ایک اور این جی او کو ٹیگ کر کے کہا تھا کہ ادے پور کے قریب ایک دور دراز گاؤں میں وقت گزارنا ایک ناقابل یقین حد تک بامعنی تجربہ تھا، انہوں نے پسماندہ کمیونٹیز کو سستی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے کلینک قائم کیے اور پھولواریاں بنائی ہیں، یہ وہ محفوظ جگہیں ہیں جو چھوٹے بچوں کی پرورش کرتی ہیں اور انہیں ان کی علمی نشوونما میں مدد کے لیے غذائیت سے بھرپور سرگرمیاں فراہم کرتی ہیں تاکہ ہو ترقی کرسکیں جبکہ ان کے والدین کام پر ہوتے ہیں۔
سارہ نے کہا تھا کہ گاؤں کی خوبصورت اور متاثر کن خواتین سے ملنے کے علاوہ جو چیز واقعی میرے لیے نمایاں تھی، وہ نرسوں اور سماجی کارکنوں کے طور پر اپنی برادریوں کی خدمت اور ترقی کے لیے تربیت دینے کا ان کا عزم تھا، اس نے مجھے اس بات پر غور کرنے پر مجبور کیا کہ کس طرح چھوٹی سے چھوٹی تبدیلی بھی ایک لہر پیدا کر سکتی ہے اور پورے گاؤں کو مضبوط بنا سکتی ہے۔'
دوسری جانب حال ہی میں سچن ٹنڈولکر اپنے بچپن کے دوست ونود کامبلی کے ساتھ 3 دسمبر بروز منگل ممبئی میں لیجنڈ کرکٹ کوچ رماکانت اچریکر کی یادگار کی نقاب کشائی کی تقریب میں دوبارہ ملے تھے۔