سال 2025 میں بالی وڈ ڈیبیو کرنے والے 7 'اسٹار کڈز' کون؟
شدید تنقید کے باوجود سیلبریٹیز کی اگلی نسل انڈسٹری پر چھا جانے کیلئے تیار ۔
سال 2024 اسٹار کڈز کے فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے لے حوالے سے ایک قابل ذکر سال رہا اور اب بالی وڈ 2025 میں مشہور سیلیبریٹیز کی ایک اور نسل کو خوش آمدید کہنے کی تیاری کر رہا ہے۔
رواں سال عامر خان کے بیٹے جنید خان، شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان، اور سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور کے ڈیبیو پر ملا جلا ردِ عمل آیا۔
حالانکہ انڈسٹری میں نیپو کڈز کے حوالے سے تنقید کا معاملہ بھی کافی گرم رہا لیکن سیلیبریٹیز کے بچوں کا والدین کے نقشِ قدم پر چلنے کا سلسلہ تھمتا نظر نہیں آرہا۔
ایسے میں انڈسٹری ایک بار پھر سیلبریٹیز کے بچوں کو لانچ کروانے کی تیاری کررہی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ ان میں سے کون والدین کے نام سے ہٹ ہو کر کتنا مستحکم کریئر بناپاتا ہے۔
یہاں ہم نے ان 7 بالی وڈ اسٹار کڈز کا ذکر کیا ہے جو 2025 میں فلمی دنیا میں ڈیبیو کریں گے۔
راشا تھدانی:
90 کی دہائی کی مشہور اداکارہ روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھدانی پہلے ہی سوشل میڈیا پر ایک جانا پہچانا چہرہ ہیں جن کے مداحوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
اپنے پراعتماد پوز اور اسٹائلش موجودگی کے لیے پہچانی جانے والی راشا نے ہدایت کار ابھیشیک کپور کے ساتھ ایک فلم 'آزاد'سائن کی ہے جس میں وہ ایک اور اسٹار کڈ کے ساتھ ڈیبیو کریں گی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راشا کی پہلی فلم کو خفیہ رکھا جا رہا ہے لیکن شائقین انہیں اسکرین پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ابراہیم علی خان:
سیف علی خان اور امریتا سنگھ کے بیٹے ابراہیم علی خان کافی عرصے سے میڈیا کی لائم لائٹ میں ہیں۔
اپنی بہن سارہ علی خان کے ساتھ تفریحی ویڈیوز اور دیگر اداکاراؤں سے دوستی کے لیے مشہور ابراہیم اپنی اداکاری کا آغاز کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز کی تیار کردہ فلم 'سرزمین' کے ذریعے کرنے کے لیے تیار ہیں جس میں کاجول بھی اداکاری کریں گی۔
بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق ابراہیم، سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور کے ساتھ ایک رومانوی کامیڈی فلم میں اداکاری کے لیے بھی تیار ہیں۔
امان دیوگن:
اجے دیوگن کے بھتیجے امان دیوگن بالی وڈ کے حلقوں میں کافی ہلچل مچا رہے ہیں۔
امان کے خاندان میں کئی کامیاب اداکار موجود ہیں اور اب وہ بھی اس فہرست کا حصہ بننے کے لیے پر تول رہے ہیں۔
وہ ابھیشیک کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سے اپنا آغاز کریں گے جہاں ان کی جوڑی راشا تھدانی کے ساتھ ہے۔
آہان پانڈے:
بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے کے کزن آہان پانڈے ایک اور اسٹار کڈ ہیں جو اپنے بڑے بریک کے لیے تیار ہیں۔
آہان نامی گرامی پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز بینر کے تحت ڈیبیو کرنے والے ہیں البتہ ان کے پہلے پروجیکٹ کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔
آہان کی میڈیا میں پہلے سے مقبولیت کے علاوہ ان کے خاندانی تعلقات فلم انڈسٹری میں ان کے داخلے کے بارے میں پہلے ہی کافی جوش و خروش پیدا کر چکے ہیں۔
شنایا کپور:
اداکار سنجے کپور اور جیولری ڈیزائنر مہیپ کپور کی بیٹی شنایا کپور اپنی پہلی فلم کی نمائش سے قبل ہی کئی پروجیکٹس حاصل کر چکی ہیں۔
شنایا اپنی پہلی فلم میں لکشے لالوانی اور گرفتح پریزادہ کے ساتھ کام کریں گی، فلم کو کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن پروڈیوس کر رہی ہے۔
اپنے ڈیبیو میں تاخیر کے باوجود شنایا کی اسٹار پاور ناقابل تردید ہے اور وہ سہانا خان اور اننیا پانڈے کی دوست کی حیثیت سے بھی کافی شہرت رکھتی ہیں، انکی لانچ کے انڈسٹری اور مداح دونوں ہی شدت سے منتظر ہیں
ایشوری ٹھاکرے:
ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے بانی بالاصاحب ٹھاکرے کے پوتے ایشوری ٹھاکرے بھی بالی وڈ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشوری نے پہلے ہی رقص میں اپنی متاثر کن مہارت اور اپنے خاندان کے سیاسی پس منظر کے حوالے سے سب کی توجہ حاصل کر رکھی ہے۔
ویر پہاڑیا:
ویر پہاڑیا، سنجے پہاڑیا اور اسمرتی شندے کے بیٹے، سیاسی طور پر ایک ممتاز خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے دادا مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی سشیل کمار شندے ہیں۔
شوبز کی خبروں کے مطابق ویر فلم اسکائی فورس میں اپنی فلمی شروعات کرنے کے لیے بالکل تیار ہیں۔
جس بڑی تعداد میں معروف شخصیات کے بچے فلمی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں اسے دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ آؤٹ سائیڈرز کے لیے انڈسٹری میں مواقع حاصل کرنا مزید مشکل ہوجائے گا۔
اگرچہ ان نوجوان صلاحیتوں کی کامیابی کی پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہے لیکن ایک چیز یقینی ہے اور وہ یہ بالی وڈ ایک دلچسپ دور سے گزر رہا ہے۔



