مشہور ثقافتی ایونٹ ’عالمی اردو کانفرنس ’کا کل سے آغاز
عالمی اردو کانفرنس میں مختلف موضوعات پر60سیشنز ہوں گے
عالمی اردو کانفرنس ایک اہم ادبی اور ثقافتی ایونٹ ہے جس کا مقصد اردو زبان و ادب کو فروغ دینا، مختلف ممالک کے شعرا، ادیبوں، نقادوں اور دانشوروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے تاکہ وہ اردو زبان کے حوالے سے اپنے خیالات، تجربات، اور تحقیق کا تبادلہ کر سکیں۔ یہ کانفرنس اردو زبان کے حوالے سے مختلف موضوعات پر مباحثوں، مکالموں، مشاعروں، اور تقریبات کا احاطہ کرتی ہے، اس سلسلے میں عالمی اردو کانفرنس کا آغاز کل سے ہوگا جو چار دنوں تک جاری رہے گا
کانفرنس کی خصوصیات
1. مشاعرے:
کانفرنس میں دنیا بھر سے معروف شعرا کو مدعو کیا جاتا ہے جو اپنی تازہ تخلیقات پیش کرتے ہیں۔ یہ مشاعرے اردو شاعری کے شائقین کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔
2. ادبی مکالمے:
مختلف موضوعات پر مکالمات منعقد کیے جاتے ہیں، جیسے اردو کا عالمی منظرنامہ، اردو ادب کی نئی جہتیں، اور اردو صحافت۔
3. کتب کی رونمائی:
اردو ادب کی نئی کتب کی رونمائی بھی کانفرنس کا حصہ ہوتی ہے، جس میں مصنفین اور قارئین کے درمیان براہ راست تبادلہ خیال ممکن ہوتا ہے۔
4. ثقافتی تقریبات:
اردو کے ساتھ وابستہ ثقافتی پہلوؤں، جیسے موسیقی، تھیٹر، اور فنونِ لطیفہ، کو نمایاں کیا جاتا ہے۔
5. بین الاقوامی شرکت:
کانفرنس میں بھارت، پاکستان، خلیجی ممالک، یورپ، اور شمالی امریکہ سے تعلق رکھنے والے اردو زبان کے ماہرین شرکت کرتے ہیں، جو اردو کی عالمی حیثیت کو اجاگر کرتے ہیں۔
عالمی اردو کانفرنس عام طور پر مختلف ممالک میں منعقد کی جاتی ہے، لیکن کراچی، پاکستان میں ہونے والی کانفرنس کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ اس کانفرنس کا انعقاد آرٹس کونسل کراچی کے تحت کیا جاتا ہے اور یہ دنیا بھر کے اردو شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔
صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کا کہنا تھا کہ سترھویں عالمی اردو کانفرنس میں اس سال ”جشن کراچی“ منا یا جارہا ہے، عالمی اردو کانفرنس جشن کراچی کا آغاز 5 دسمبر 2024 کو وائی ایم سی اے گراﺅنڈ میں کیا جائے گا جو 8 دسمبر تک جاری رہے گی۔
انھوں نے کہا کانفرنس میں 60 سے زائد سیشن رکھے گئے ہیں جبکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر کیک بھی کاٹا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہماری نئی نسل اپنی زبانوں اور تہذیبوں سے دور ہوتی جا رہی تھی کیونکہ اردو سرکاری زبان نہیں نوکری صرف انگریزی بولنے اور لکھنے والے کو ملتی ہے، کوئی بھی زبان خالی زبان نہیں ہوتی اس کے پیچھے اس کی تہذیب ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بزرگ دنیا سے چلے گئے، مشتاق یوسفی، اسلم فرخی، جالب صاحب ہم نے سب کی جوتیاں سیدھی کی ہیں اور اب بھی کرتے ہیں، تہذیبی تسلسل کو جاری رکھنے کےلیے یہ اردو کانفرنس ہو رہی ہے۔ کانفرنس میں کراچی کی تاریخ، اس کے مصور، موسیقار، گلوکار، ادب، نظم و غزل گو شعرا، نقاد، فکشن رائٹر، چائے خانے، باغات، سنیما سمیت کئی اہم شخصیات اور تاریخی مقامات پر گفتگو کی جائے گی۔
معروف مزاح نگار انور مقصود نے کہاکہ اردو زبان لشکری زبان ہے، اس بار کانفرنس میں بہت سے فنکاروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ فنکاروں کو مدعو کرنے کا مقصد ہے کہ اردو کانفرنس سے کچھ سیکھیں اور تلفظ ٹھیک کریں، احمد شاہ چھ مہینے سے ٹھیک سے سوئے نہیں، کامیاب پروگرامز کا انعقاد صرف احمد شاہ کرسکتے ہیں۔
سترھویں عالمی اردو کانفرنس۔جشن کراچی کے پہلے روز افتتاحی اجلاس کے بعد ”میں ہوں کراچی۔انور مقصود“ پر سیشن ہوگا جس میں تابش ہاشمی اور وسیم بادامی بھی شامل ہوں گے۔
دوسرے روز کا آغاز اردو نظم میں کراچی کا حصہ سے کیا جائے گا جس کے بعد تقدیسی ادب کے روشن چراغ، دنیا بدلتی خواتین، کتابوں کی رونمائی، کے ایم سی 1843سے 2024ء تک، بچوں کا ادب، عارفہ سیدہ زہرا کے ساتھ، سرائیکی ثقافت و ادب، Governance for People`s Empowerment، نئی نسل کی نمائندہ آوازیں,عمیر نجمی،عمران عامی، جاوید صدیقی کے خاکوں کا مجموعہ ”میرے محترم“، پاکستانی میڈیا، بین الاقوامی میڈیا کے تناظر میں، کراچی: کل اور آج، پختون ثقافت و ادب، میں ہوں کراچی ۔عاصم اظہر، ہمایوں سعید، ماہرہ خان اور عالمی مشاعرہ ہوگا۔
تیسرے روز اسلوبِ غزل، اردو تنقید، یارک شائر ادبی فورم، آبادی کی ناقص منصوبہ بندی، پاکستان کے لیے خطرہ، جاپان: اردو کی زرخیز سرزمین، یادِ رفتگاں، ماحولیات اور گلوبل وارمنگ، اردو کی نئی بستیاں، بلوچی ثقافت و ادب، پاکستان اور ترکیہ کے ثقافتی و تجارتی رشتے، کراچی کے نامور مصور، وہ کہیں اور سنا کرے کوئی، پنجابی ادب و ثقافت، میں ہوں کراچی۔لیجنڈ ندیم بیگ، منور سعید، مصطفیٰ قریشی کے ساتھ، مستنصر حسین تارڑ سے ملاقات، عرض کیا ہے۔
یوسف بشیر قریشی، تھیٹر، ریڈیو، ٹی وی اور فلم کی کہانی، پاکستان میں میڈیا کی تاریخ، تقریب رونمائی دستانِ لکھنؤ اور دبستانِ لکھنؤ، سلمان گیلانی کے ساتھ، میں ہوں کراچی۔ لیونگ لیجنڈ شاہد آفریدی پر سیشن اور اختتام عالمی مشاعرے پر ہوگا۔
کانفرنس کے آخری روز اردو فکشن، ترقی پسند تحریک اور کراچی، ولایتی بیٹھک، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی، اردو فارسی کے رنگ، معیشت کی شہ رگ: کراچی، کراچی کے مزاح نگار: پڑھنت نصرت علی، نذر الحسن، Artificial Intelligence & Digital Humanities، تعلیم کی صورتحال، سندھی زبان و ادب، نئی نسل کی نمائندہ آوازیں۔ علی زریون۔ فریحہ نقوی، شہر نامہ، ہم ادب کا نوبل انعام جیت سکتے ہیں، میں ہوں کراچی میں بشریٰ انصاری، فہد مصطفیٰ کے ساتھ سیشن کے بعد اختتامی اجلاس ہوگا، آخر میں قوالی ہوگی جس میں فرید ایاز اور ابو محمد قوال پرفارم کریں گے۔
-
انفوٹینمنٹ 37 منٹ پہلے
'یار کی شادی'، کبریٰ اور گوہر رشید کی شادی کا ایک اور اشارہ
-
انفوٹینمنٹ 59 منٹ پہلے
کینسر نے حنا خان کے کیرئیر پر کتنا اثر ڈالا؟
-
فلم / ٹی وی 10 گھنٹے پہلے
شاہد کپور کی 5 بہترین فلمیں جو آپ کو ضرور دیکھنی چاہئیں
-
عالمی منظر 11 گھنٹے پہلے
ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی ہم جنس پرستوں پر بجلیاں گرادیں