وائرل اسٹوریز

سیف نے سوہا کی خفیہ ’ڈیٹ نائٹ‘ کا بھانڈا پھوڑ دیا

بھائی کی اس حرکت پر سوہا کھسیانی ہنسی ہنستی دکھائی دیں۔

Web Desk

سیف نے سوہا کی خفیہ ’ڈیٹ نائٹ‘ کا بھانڈا پھوڑ دیا

بھائی کی اس حرکت پر سوہا کھسیانی ہنسی ہنستی دکھائی دیں۔

سوہا کی بک لانچ میں ان کے سبھی اہلِ خانہ نے شرکت کی تھی۔
سوہا کی بک لانچ میں ان کے سبھی اہلِ خانہ نے شرکت کی تھی۔

بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان نے اپنی بہن سوہا علی خان کی ڈیٹنگ کا ایک دلچسپ قصہ سنا کر سب کو ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہونے پر مجبور کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ایک بار پھر وائرل ہے۔

مذکورہ ویڈیو سوہا علی خان کی تحریر کردہ کتاب 'پیرلس آف بینگ موڈریٹلی فیمس' کی تقریب رونمائی کی ہے جس میں ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور، بھائی سیف علی خان، شوہر کنال کھیمو اور بھابھی کرینہ کپور نے شرکت کی تھی۔

46 سالہ سوہا علی خان بھی اپنی والدہ، بھائی اور بھابھیوں کی طرح فلموں میں کام کرچکی ہیں، انہوں نے سال 2004 میں ہندی فلم 'دل مانگے مور' سے اپنے کریئر کا آغاز کیا اور ان کی سب سے زیادہ کامیاب فلم 2006 میں ریلیز ہونے والی ’رنگ دے بسنتی‘ تھی۔

سال 2017 میں انہوں نے اپنی آپ بیتی کتاب کی صورت میں شائع کی جس میں ان کی زندگی کے کئی دلچسپ قصے شامل تھے اور 2018 میں اپنی کتاب کے لیے کراس بک ایوارڈ بھی جیتنے میں کامیاب رہیں۔

کتاب کی رونمائی کے موقع پر ان کے سبھی اہلِ خانہ اسٹیج شیئر کرتے اور سوہا علی خان کے بارے میں بات کرتے نظر آئے لیکن جب سیف علی خان بولے تو انہوں نے اپنی بہن کا ایک دلچسپ قصہ سنا کر محفل کو کشتِ زعفران بنادیا۔

سیف نے بتایا کہ موجودہ شوہر کنال کھیمو سے ملنے سے پہلے سوہا ایک بار رات کے کھانے کے لیے باہر گئی تھی یہ ایک ڈیٹ تھی، امید ہے کنال برا نہیں منائے گا'۔

سیف نے بتایا کہ مجھے نہیں معلوم کہ سوہا اس وقت کنال سے مل چکی تھی یا نہیں، جس پر کرینہ نے لقمہ دیا کہ نہیں۔۔۔۔

سیف نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 'وہ واقعی ایک امیر آدمی تھا، ایک بڑا صنعت کار تھا وہ سوہا سے بات کر رہا تھا اور سوہا بور ہی تھی اسی دوران ایک دوست نے اسے میسج کیا کہ یہ (ڈیٹ) کیسی گزر رہی ہے جس پر سوہا نے جواب دیا، 'یہ بورنگ ہے'۔

لیکن سوہا نے وہ میسج اپنی دوست کے بجائے اسی لڑکے کو بھیج دیا جس کے ساتھ وہ اس وقت ڈیٹ پر موجود تھی، سوہا ایسی ہے، اس نے پھر اس لڑکے سے فون مانگا اور اپنا بھیجا ہوا میسج ڈیلیٹ کیا اور اس کے ساتھ بیٹھی بات کرتی رہی۔

سیف علی خان کے سنائے اس قصے نے حاضرین کو قہقے لگانے پر مجبور کردیا وہیں سوہا خود بھی کھسیانی ہنسی ہنستی نظر آئیں۔

خیال رہے کہ سوہا علی خان 2009 سے کنال کھیمو کے ساتھ تعلقات میں تھیں جن سے انہوں نے جولائی 2014 میں منگنی اور جنوری 2015 میں شادی کی اور اس جوڑے کی ایک بیٹی ہے۔

تازہ ترین